ہالینڈ کے مختلف شہروں میں نیو ایئر ریسپشنز کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو مختلف شہروں میں New Year Receptionsمنعقد کرنے کی توفیق ملی جن کا مقصد مختلف مذاہب اور گروہوں کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ان پروگراموں میں معزز مہمانوں نے شرکت کی اور جماعت احمدیہ کے قیام امن کے پیغام کو سراہا۔ ذیل میں منعقدہ تقاریب کی تفصیل درج ہے:
Alkmaar:مورخہ ۲۴؍جنوری کو جماعت احمدیہ المار (Alkmaar)کو نیو ایئر ریسپشن منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کا مرکزی موضوع ’’Unity in Diversity‘‘ تھا۔ پروگرام میں ۷۰؍سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں خصوصی مہمان المار کی میئر جناب Anja Schouten تھیں۔ پروگرام کی صدارت مکرم ہبة النور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم کاشف احمد صاحب مہتمم تبلیغ مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ نے ’’جماعت احمدیہ کی مساعی‘‘ کے موضوع پر پریزنٹیشن دی۔ بعد ازاں مکرم سعید احمد جٹ صاحب مبلغ سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ نے ’’جماعت احمدیہ:امن اور ہم آہنگی کے لیے کوشاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور عالمی امن میں جماعت احمدیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
میئر صاحبہ نے جماعت احمدیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیغام وقت کی اہم ضرورت ہے اور المار میں اس حوالے سے باقاعدہ کام کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے اسلام کے بنیادی عقائد اور توحید الٰہی پر روشنی ڈالی اور امن و محبت کے پیغام کو اجاگر کیا۔
الحمدللہ، یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ اس میں ۷۰؍سے زائد مہمانان نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر اکثر شاملین نے اپنے مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
Groningen:مورخہ ۱۹؍جنوری کو جماعت احمدیہ خروننگن(Groningen) کو بمقام اسٹڈ کنال پہلا نیو ایئر ریسپشن منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ۱۱؍معززین سمیت تقریباً ۴۰؍افراد شریک ہوئے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم عبدالسمیع صاحب صدر جماعت نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور مکرم سفیر احمد صدیقی صاحب مربی سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور بتایا کہ جماعت انصاف اور امن کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ بعدازاں سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس میں مہمانوں کے مختلف سوالات کے جواب دیے گئے۔ اس موقع پر تمام مہمانان خصوصی کو سوونیئرز پیش کیے گئے اور آخر میں کھانے سے ان کی تواضع کی گئی۔
Den Bosch:مورخہ ۲۱؍جنوری کو جماعت احمدیہ ڈین بوش میں ریسپشن منعقد ہوئی جس میں تقریباً ۸۰؍افراد نے شرکت کی جن میں مہمان، انصار، ممبرات لجنہ اماءاللہ، خدام، اطفال اور ناصرات شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور امام مہدی و مسیح موعودؑ کی بعثت کے متعلق قرآن و حدیث پیشگوئیوں کا ذکر کیا۔ مکرم سعید احمد اخلف صاحب اور مکرم امیر صاحب نے اپنی تقاریر میں اسلام کی پُرامن تعلیمات پر روشنی ڈالی اور بعد میں مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ تمام مہمانوں کو تحائف اور جماعتی لٹریچر پیش کیا گیا۔ پروگرام کے دوران معلوماتی سٹال بھی لگائے گئے جس میں جماعتی کتابوں کو رکھا گیا تاکہ مہمان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ آخر میں تمام حاضرین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔
بیت النور، Nunspeet:مورخہ ۲۵؍جنوری کو بیت النور، نن سپیٹ میں ریسپشن منعقد ہوئی۔ مکرم ابراہیم صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور ہالینڈ میں جماعت کی رضاکارانہ خدمات پر روشنی ڈالی۔ لوکل میئر محترمہ Celine Blomنے جماعت احمدیہ کے کاموں کو سراہا اور نئے سال کی مبارکباد دی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے جماعت کے عقائد پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا اور مہمانوں کو مسجد اور ہیومینٹی فرسٹ کے سٹالز کا دورہ کروایا گیا۔ تقریباً ۵۰؍مہمانوں نے شرکت کی۔
بیت العافیت،Almere:مورخہ ۲۵؍جنوری کو مسجد بیت العافیت، المیرے میں نئے سال کی ریسپشن منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم عطاء القیوم عارف صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مکرم سفیر احمد صدیقی صاحب مربی سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد مہمانوں کے مختلف سوالات کے جواب دیے گئے۔ آخر میں مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے اور عشائیہ سے تواضع کی گئی۔
اللہ تعالیٰ ان پروگراموں کے مثبت نتائج پیدا فرمائے اور جماعت احمدیہ کو مزید خدمات دینیہ کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ہالینڈ کے شہر وینرے (Venray) میں تبلیغی بک سٹال کا انعقاد