افریقہ (رپورٹس)

لائبیریا میں مسرور احمدیہ سکول کی ماہ فروری میں بعض سرگرمیاں

مسرور احمدیہ ایلیمنٹری و جونیئر ہائی سکول لائبیریا کے دارالحکومت منروویا سےشمال مغرب کی سمت میں ۱۲۵؍کلومیٹر کی مسافت پرGrand Cape Mount کاؤنٹی میں ایک چھوٹے سے ٹاؤن Tienii میں قائم ہے۔
اس سکول سے قبل نصرت جہاں سکیم کے تحت لائبیریا میں چار سکول کامیابی سے جاری تھے۔ جماعت احمدیہ لائبیریا نے تعلیمی میدان میں اپنی خدمات میں وسعت پیدا کرنے کے ليے مزید ایک نئے سکول کے اجرا کا ارادہ کیا تو یہ سکول ایک بہتر تجویز کے طور پر سامنے آیا۔


اولاً یہ سکول مقامی احباب اپنی مدد آپ کے تحت چلارہے تھےلیکن مالی مشکلات اور اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی۔ چنانچہ ۲۲؍فروری ۲۰۱۹ءکو مقامی افراد کی درخواست پر جماعت احمدیہ لائبیریانے اس سکول کو خریدکر سرکاری طور پر مسرور احمدیہ ایلیمنٹری و جونیئر ہائی سکول کے نام سے رجسٹرڈ کروا لیا۔
سکول کی عمارت آٹھ ایکڑ رقبہ پر موجود ہے۔ سکول میں دس کلاس رومز، ہال، پرنسپل آفس، سٹاف روم، دوکمرے کچن اور دو کمرے سٹور کے ليے مختص ہیں۔ اس کے علاوہ چار واش رومز اور ایک کمرہ سیکیورٹی گارڈکے ليے بھی موجود ہے۔ اس وقت سکول میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد۳۶۲؍ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےوجیہ رانا صاحب واقف زندگی، جرمنی کی بطور پرنسپل سکول ہذا منظوری عنایت فرمائی جو۱۶؍جولائی۲۰۲۳ء سےیہاں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

Windell S. King صاحب شریک چیئرمین
رفاہی تنظیم Four Hunger کا مسرور احمدیہ سکول کا دورہ

۱۷؍فروری۲۰۲۵ء کو ایک امریکی رفاہی تنظیم ’Four Hunger‘ جس کا مشن ہر ایک کے لیے پینے کے صاف پانی اور خوراک کی فراہمی کے ليے کوشش کرنا ہے، کے شریک چیئرمین جناب Windell S. Kingنے اس سکول کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے آنے کا مقصد طلبہ سے ملاقات کرنا، تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور طلبہ کو بلامعاوضہ خدمت انسانیت کرنے پر ایک لیکچر دینا بتایا۔مزید یہ کہ موصوف دیکھنا چاہتے تھے کہ کس طرح جماعت احمدیہ ایک دُور افتادہ مقام پر سکول چلارہی ہے۔ اس روز سکول میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ لیکچر کے بعد مکرم پرنسپل صاحب نے جماعت احمدیہ لائبیریا کی تعلیم و صحت کے میدان میں دیگر ادارہ جات کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ سکول کا نظم و نسق اور دیگر خدمات کوسن کر موصوف بہت متاثر ہوئے اور جلد دوبارہ آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر مسرور احمدیہ سکول کی جانب سے ’Four Hunger‘تنظیم کو ۲۶؍ہزار لائبیرین ڈالرزبھی عطیہ کیے گئے۔

کوئز مقابلہ کا انعقاد

۲۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو مسرور احمدیہ سکول کی طرف سے ایک کوئز مقابلہ کا انعقادکیا گیا جس میں کُل ۵؍سکولوں نے حصہ لیا۔ ہر سکول کی ٹیم چھ طلبہ پر مشتمل تھی۔ قبل ازوقت مقابلہ میں حصہ لینے کے ليے تمام سکولوں کو دعوت نامہ، خصوصی شرٹس اور ایک تیار کردہ نصاب بھجوایا گیا۔
اس مقابلے میں Lahai Kanneh صاحب (District Education Officer) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مقابلے کے آغاز سے قبل موصوف نےمدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اورمختصر وقت میں مسرور احمدیہ سکول کی مقابلے کے انعقاد پر حوصلہ افزائی کی۔
مقابلے میں انگریزی، معاشرتی علوم، سائنس اور حساب کے مضامین کے متعلق سوالات پوچھے گئے۔ اس مقابلہ کا فائنل Kpendekor پبلک سکول اور مسرور احمدیہ سکول Tieniiکے مابین ہوا۔ مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔ Kpendekor پبلک سکول کی ٹیم اوّل رہی جسے ٹرافی کے ساتھ ۱۰؍ہزار لائبیرین ڈالرز جبکہ دوسری ٹیم مسرور احمدیہ سکول Tienii کو ٹرافی کے ساتھ ۵؍ہزار لائبیرین ڈالرز نقد انعام کے طور پر دیے گئے۔
اللہ تعالیٰ مسرور احمدیہ سکول کو تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمت کرنے کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

مزید پڑھیں: سیرالیون کے ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول میں جلسہ یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button