جماعت احمدیہ فن لینڈ کے شعبہ تبلیغ کے تحت تیسرا ’بِگ افطار‘ ڈنر کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے شعبہ تبلیغ کے زیر اہتمام مورخہ ۱۵؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ تیسرا سالانہ ’بِگ افطار‘ منعقد کیا گیا۔

اس تقریب کا بنیادی مقصد فن لینڈ کے مقامی افراد تک اسلام کی حقیقی تعلیمات پہنچانا، اسلام سے متعلق غلط تصورات کو دُور کرنا اور رمضان المبارک کی برکتوں و اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔
پروگرام کے لیے ایک سکول کا ہال کرایہ پر لیا گیا جسے احباب جماعت نے وقار عمل کے ذریعے صفائی کرکے تیار کیا۔ مختلف ڈیوٹیز انجام دینے کے لیے احباب جماعت متعین کیے گئے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عطاءالغالب صاحب نیشنل صدر نے استقبالیہ تقریر کی جس کے بعد جماعت احمدیہ کے تعارف پر مبنی ایک ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔ بعد ازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ فن لینڈ مہمانوں سے مخاطب ہوئے۔
امسال ایک خصوصی پریزنٹیشن بھی شامل تھی جس میں رمضان کے روزوں کے مختلف پہلوؤں بشمول طبی فوائد اور دیگر مذاہب میں روزے کے تصور پر روشنی ڈالی گئی۔ افطار کے وقت اذان کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد مہمانوں نے کھجور سے روزہ افطار کیا۔ نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی جس میں غیر از جماعت پاکستانی مہمانوں سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد کھانے سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
الحمدللہ، اس پروگرام میں ۵۰؍معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں مقامی سیاستدان، میڈیا نمائندگان، چرچ کے نمائندے، پروفیسرز اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ ایک بک سٹال بھی لگایا گیا جہاں مہمانوں کو مختلف کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں جن میں فنش اور انگریزی زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم بھی شامل تھے۔ مجموعی طور پر ۲۰؍سے زائد کتب تقسیم کی گئیں، جبکہ ۱۷؍افراد نے قرآن کریم حاصل کیا۔
تقریب کے اختتام پر کئی مہمانوں نے اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی امن و ہم آہنگی کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ اس تقریب کے نیک و بابرکت نتائج مرتب فرمائے۔ نیز ہمیں فن لینڈ میں اسلام احمدیت کے پیغام کو مزید پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: Hanko اور Raasepori فن لینڈ کی لائبریریوں میں پہلی بار قرآن کریم کی نمائشوں کا انعقاد