احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) گیمبیا کے زیر انتظام آٹھویں سالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AMSA) گیمبیا کو نصرت احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول، کومبو میں آٹھواں سالانہ پیس سمپوزیم مورخہ ۲۱؍فروری ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کا مقصد باہمی تفہیم کے ذریعہ امن کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ سے ہوا۔ بعدازاں یونیورسٹی آف گیمبیا کے ایک طالب علم مکرم پاسٹر پال باسٹ صاحب نے ’’تنوع: امن کے قیام کا راستہ‘‘کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ مکرم داؤدا چام صاحب معلم سلسلہ نے طلبہ کو مسائل کے حل کے لیے اپنی مہارتیں بروئے کار لانے کی تلقین کی۔ بعد ازاں سکول کے احمدیہ طلبہ تنظیم کے صدر مکرم محمد ظفراللہ سیسے صاحب نے اس امر پر زور دیا کہ اختلاف رائے کو کمزوری کی بجائے طاقت بنایا جائے اور امن کے قیام کی کوشش کی جائے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے اپنی تقریر میں کہا کہ امن ایک ایسی نعمت ہے جس کی حفاظت ہر معاشرے کی ذمہ داری ہے کیونکہ اس کے بغیر خاندانی، سماجی اور قومی سطح پر کوئی بامعنی ترقی ممکن نہیں۔
تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد شرکاء نے گروپ فوٹو بنوایا۔ اس سمپوزیم میں ۱۱۰؍افراد نے شرکت کی جن میں طلبہ، خدام، واقفینِ زندگی اور غیر از جماعت مہمان شامل تھے۔ اس پروگرام کی کوریج ملک کے نمایاں اخبارات نے کی اور اسے اپنی شہ سرخیوں میں شامل کیا۔
اللہ تعالیٰ اس بابرکت کاوش کے نیک اثرات جاری رکھے۔ آمین۔
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭