افریقہ (رپورٹس)

ساؤٹومے کے مختلف سیاستدانوں اور وزراء سے جماعت احمدیہ کے وفد کی ملاقاتیں

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ساؤٹومے کے بعض سیاستدانوں سے جماعت احمدیہ کے وفد کو ملاقات کرنے کا موقع ملا جس دوران انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کرایا گیا نیز جماعت کی مساعی اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ ان ملاقاتوں کی تفصیل پیش خدمت ہے۔

ساؤٹومے کےنئے وزیراعظم سے جماعتی وفد کی ملاقات

مورخہ ۱۰؍فروری ۲۰۲۵ء کو ساؤٹومے کے نئے مقرر ہونے والے وزیراعظم جناب امیریکو راموش سے جماعت احمدیہ کے وفد کو ملاقات کا موقع ملا۔ یاد رہے کہ جنوری ۲۰۲۵ء کے اوائل میں صدر ساؤٹومے نے حکومت کو برطرف کر کے نیا وزیراعظم مقرر کیا تھا۔

وزیر اعظم سے ملاقات


وزیراعظم صاحب سے جماعت کا پہلے براہ راست رابطہ نہیں تھا تاہم ان کی کابینہ کے ممبران نے جو جماعت سے بخوبی واقف تھے پہلے ہی انہیں بریفنگ دے دی تھی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم صاحب کو جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا اور ساؤٹومے میں جاری جماعتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا جنہیں انہوں نے سراہا اور مل کر قوم کی خدمت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہیں اس موقع پر قرآن کریم کا پرتگیزی ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا اور جماعت کی سرگرمیوں کی ایک تفصیلی رپورٹ بھی کتابی شکل میں پیش کی گئی۔
جماعتی وفد میں خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت) کے ساتھ مکرم سلیمان یوسف صاحب لوکل مشنری اور مکرم نبیل احمد رفیق صاحب مرکزی مبلغ ساؤٹومے شامل تھے۔

احتساب عدالت کے صدر سے تعارفی نشست

مورخہ ۱۸؍فروری کو خاکسار کو ساؤٹومے کی احتساب عدالت کے صدر جناب ریکاردینو کوشتا سے ایک خصوصی ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ ان سے پہلے بھی مختلف سرکاری پروگراموں میں ملاقات ہوتی رہتی تھی۔ اس بار باضابطہ تعارفی نشست کا اہتمام کیا گیا تاکہ جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا جا سکے۔

احتساب عدالت کے صدر سےملاقات


ملاقات کے دوران صدر عدالت نے اعتراف کیا کہ جماعت احمدیہ کی خدمات کا تذکرہ مختلف حلقوں میں ہوتا رہتا ہے اور ساؤٹومے میں جماعت کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے جماعت کے مالی نظام کے حوالے سے بھی استفسار کیے جس پر انہیں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں جسے سن کر موصوف بے حد متاثر ہوئے۔
یہ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں صدر عدالت کی کابینہ کی سیکرٹری بھی موجود تھیں۔ انہوں نے میٹنگ کے نکات نوٹ کیے اور جماعت احمدیہ سے متعلق مزید سوالات کیے خصوصاً جماعت کے خلاف ہونے والی بعض مخالفتوں کے پس منظر میں دلچسپی لی۔

وزیر دفاع سے ملاقات، جماعت کا تعارف اور بریفنگ

مورخہ ۲۱؍فروری کو نئے مقرر ہونے والے وزیر دفاع جناب اوراسیو سوزا سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر انہیں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کرایا گیا اور جماعت کے مختلف پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیر موصوف نے جماعت کی فلاحی اور سماجی خدمات کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں جماعت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

وزیر دفاع سے ملاقات


انہوں نے جماعتی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی جماعت احمدیہ کے پروگراموں کو ٹی وی اور سوشل میڈیا پر دیکھتے رہتے ہیں تاہم جماعت کے بارے میں تفصیلات کا زیادہ علم نہیں تھا۔ اس ملاقات کے دوران انہیں اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا گیا اور بتایا کہ جماعت احمدیہ حقیقی طور پر اسلام کی نمائندہ جماعت ہے۔

وزیر صحت سے ملاقات اور ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات

مورخہ ۲۵؍فروری کو نئے وزیر صحت جناب سیلسیو ماتوش سے خاکسار کی پہلی دفتری ملاقات ہوئی۔ یہ بھی حال ہی میں وزیر بنے ہیں لیکن پہلے ہی ان کو جماعت کا تعارف حاصل تھا اور مختلف سرکاری و سماجی پروگراموں میں ملاقات ہو چکی تھی۔

وزیر صحت سے ملاقات


اس ملاقات میں خاکسار کے ساتھ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے سوشل ورک ڈائریکٹر مکرم رازق احمد طارق صاحب اور مکرم تلمیذ احمد صاحب آف جرمنی بھی شامل تھے۔ وزیر صحت نے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کے فلاحی کاموں کی بے حد تعریف کی اور کہا کہ ممکن ہے ہمیں خود اس بات کا اندازہ نہ ہو لیکن جماعت احمدیہ کا نام ساؤٹومے میں نہایت عزت اور نیک نامی کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف محافل اور سرکاری اجلاسوں میں بھی جماعت احمدیہ کے کردار کا تذکرہ مثبت انداز میں ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں پہلے سے بڑھ کر خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کو مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین۔

(رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن، گیمبیا کی ماہ فروری کی مساعی

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button