Hanko اور Raasepori فن لینڈ کی لائبریریوں میں پہلی بار قرآن کریم کی نمائشوں کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو فروری اور مارچ ۲۰۲۵ء میں Hanko اور Raasepori کی لائبریریوں میں پہلی بار قرآن کریم کی نمائش کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس کا مقصد مقامی زبانوں میں قرآنی تعلیمات کو عام کرنا اور اسلام احمدیت کے حقیقی پیغام کو فروغ دینا تھا۔

Hanko میں نمائش کا انعقاد
مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۵ء کو Hanko شہر کی مرکزی لائبریری میں پہلی بار قرآن کریم کی نمائش منعقد کی گئی۔ اس کا افتتاح Hankoکی میئر جناب Petra Ståhl صاحبہ نے کیا جنہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مقامی افراد میں مذاہب کی تعلیم کو فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نمائش میں قرآن کریم کے فنش ترجمے سمیت ۳۲؍زبانوں کے تراجم رکھے گئے جن میں سویڈش، ڈینش، نارویجین، ڈچ، اطالوی، یونانی، فرانسیسی، چینی اور روسی شامل تھے۔
مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج نے نمائشوں کی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مکرم عطاءالغالب صاحب صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے قرآن کریم کے فنش ترجمے کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے میئر اور لائبریری انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

Raasepori میں نمائش کا انعقاد
مورخہ ۵؍مارچ ۲۰۲۵ء کو Raasepori شہر کی مرکزی لائبریری میں قرآن کریم کی نمائش منعقد ہوئی جس کا افتتاح Raaseporiکی میئر جناب Petra Theman صاحبہ نے کیا۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی انسانی فلاحی کوششوں کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں ان کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ نمائش میں قرآن کریم کے فنش اور سویڈش ترجمے کے ساتھ ۲۸؍دیگر زبانوں کے نسخے بھی رکھے گئے۔
لائبریری ڈائریکٹر جناب Heidi Enberg صاحبہ نے نشاندہی کی کہ اتنی تعداد میں قرآن کریم کے تراجم کی نمائش رمضان کے مہینے کی مناسبت سے بہت اہم ہے۔ مبلغ انچارج صاحب نے اس موقع پر امن و محبت سے بھر پور اسلام کے پیغام کو اجاگر کیا جبکہ صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے میئر اور لائبریری انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ان تقریبات کا انتظام مکرم عمیر احمد شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت اور خاکسار (نیشنل سیکرٹری تربیت فن لینڈ) نے کیا۔ Hankoکی تین ہفتوں پر محیط نمائش کا تقریباً دو ہزار ۵۰۰؍احباب نے دورہ کیا جبکہ Raaseporiکی نمائش ۲۹؍ مارچ تک جاری رہی۔ اس نمائش میں روزانہ تقریباً ۴۰۰؍زائرین نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ان مساعی کو قبول فرماتے ہوئے انہیں بابرکت ثابت کرے۔ آمین
(رپورٹ: بشارت الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری تربیت فن لینڈ)
مزید پڑھیں: دنیا میں قیام امن کے ليے مذاہب کےکردار کے موضوع پر امن کانفرنس کا انعقادزیر اہتمام اسلام آباد ریجن، یوکے