ریپبلک آف گنی کے گیارھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد
٭… حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
٭… جلسہ میں علاقہ کے صدر اور میئر کی شمولیت اور تہنیتی پیغامات ٭…مختلف علاقوں سے ۵۶؍علمائے کرام کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریپبلک آف گنی کو اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۲۸و۲۹؍دسمبر۲۰۲۴ء کو Forecariah Region کے گاؤں دخابے(Dakhabay) کے مقام پر ’’الایمان باللّٰہ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اسلامی ادارے ’لیگ اسلامک‘ کی طرف سے آخری لمحوں میں جلسہ کے انعقاد میں رکاوٹ ڈالنے کی بھر پور کوشش کی گئی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جلسہ نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال بھی گذشتہ سال کی طرح جلسہ سالانہ گنی کو یہ سعادت نصیب ہوئی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ قادیان سے خطاب کے ساتھ ہمارے جلسہ کی نشریات بھی براہ راست ٹیلی کاسٹ ہوئیں اور حضرت مسیح موعودؑ کی مبارک بستی قادیان کے جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس میں ہم بھی شامل ہونے کی سعادت پا رہے تھے۔ الحمدللہ ثم الحمدللہ
جلسہ میں شمولیت کےليے احباب جماعت مرد و زن تمام ریجنز سے جمعہ کی شام مقام جلسہ پر جمع ہونا شروع ہوئے۔ ہفتہ کے روز نماز تہجد کے ساتھ جلسہ سالانہ کا آغاز ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم سلیمان سو صاحب لوکل مبلغ سلسلہ نے ’’باجماعت نماز کی اہمیت‘‘ پر درس القرآن دیا۔
پہلا اجلاس
ساڑھے دس بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں خاکسار (نیشنل صدر جماعت و مبلغ انچارج) نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم محمد صالح جالو صاحب جنرل سیکرٹری نے قومی پرچم لہرایا اور دعا ہوئی۔ بعد ازاں جلسہ کا باقاعدہ آغاز خاکسار کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم الفا عمر کمارا صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم سلیمان سو صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ بعدہٗ خاکسار (مبلغ انچارج) نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام مقامی زبان سوسو میں ترجمہ کے ساتھ پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاںجلسہ سالانہ کے انعقاد کے مقاصد بیان کیے اور تمام شاملین جلسہ کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں مکرم محمد ماریگا صاحب نے جلسہ میں شامل ہونے والے معزز مہمانوں کا تعارف کرایا۔ امسال جلسہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۵۶؍اماموں نے شرکت کی جن میں مقامی ’اسلامک لیگ‘ کے نمائندہ امام بھی شامل تھے۔ ان کے علاوہ ضلع کے صدر صاحب اور علاقہ کے میئر بھی جلسہ میں شامل ہوئے۔ ضلع کے صدر صاحب نے اپنے پیغام میں کہا کہ جماعت احمدیہ کا جتنا میں نے مطالعہ کیا ہے اس کے مطابق یہ ایک حقیقی اسلامی جماعت ہے اور انسانیت کی بے لوث خدمت جس طرح یہ جماعت کرتی ہے مجھے اور کہیں نظر نہیں آتا۔ اس طرح علاقہ کے میئر صاحب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک سیرالیون میں اگر آج اسلام نظر آتا ہے تو یہ جماعت احمدیہ کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ہمیں بھی چاہيے کہ ہم اس جماعت کو خوش آمدید کہیں اور حقیقی اسلام کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

معزز مہمانوں کے تعارف کے بعد جماعت احمدیہ میں شامل ہونے والے نو مبائع اماموں کی مختصر تقاریر تھیں۔ انہوں نے جماعت احمدیہ میں شامل ہونے کے ایمان افروز واقعات پیش کیے اور اپنے روحانی تجارب سے آگاہ کیا جس کا غیر معمولی طور پر غیر از جماعت شاملین جلسہ پر مثبت اثر ہوا۔
بعد ازاں مکرم محمد صالح جالو صاحب جنرل سیکرٹری نے ’’جماعت احمدیہ عالمگیر کی ترقیات‘‘ اور خاکسار نے جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع ’’الایمان باللّٰہ‘‘ پر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کی کا رروائی اختتام پذیر ہوئی اور نماز ظہر و عصر اور کھانے کا وقفہ ہوا۔
دوسرا اجلاس
جلسہ سالانہ کا دوسرا اجلاس ساڑھے تین بجے زیرصدارت مکرم محمد ماریگا صاحب صدر مجلس انصاراللہ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا جو مکرم ابو بکر باری صاحب نے پیش کی۔ اس کے بعد مکرم محمود سیڈی بے صاحب لوکل مشنری نے چند احباب کے ساتھ گروپ کی صورت میں حضرت مسیح موعودؑ کے عربی قصیدہ ’’يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَالْعِرْفَانٖ‘‘ سے چند اشعار خوش الحانی کے ساتھ پیش کیے اور مقامی زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم امین لوانی صاحب نے ’’اسلام کے چھ ارکان کی اہمیت اور ان پر عمل کرنے کے نتیجے میں روحانی ترقیات‘‘ اور مکرم محمد ماریگا صاحب صدر مجلس انصاراللہ نے ’’پانچ ارکان اسلام اور ان کا آپس میں تعلق‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔
اس طرح پہلے دن کا اختتام ہوا۔ شام کو نماز مغرب اور عشاء کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی جس میں احباب جماعت کے سوالات کے جواب دیے گئے۔
دوسرا روز۲۹؍دسمبر بروز اتوار
جلسے کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر سے پہلے مکرم احمد کبا صاحب نے ’’جماعت کا مالی نظام اور مالی قربانی کی اہمیت‘‘ پر درس القرآن دیا۔
صبح ساڑھے دس بجے اجلاس ایم ٹی اے کے ذریعے براہ راست یوکے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اختتامی خطاب سے شروع ہوا۔ تمام احباب بڑی محبت اور عقیدت سے اس اجلاس میں شامل ہوئے اور گنی کے جلسہ سالانہ کو یہ سعادت اور برکت حاصل ہوئی کہ براہ راست حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ قادیان کی مبارک بستی میں ہونے والے جلسے کی نشریات میں ہم بھی شامل ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ اختتامی دعا کے بعد جلسہ سالانہ گنی کا اختتامی اجلاس خاکسار کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا جو مکرم سلیمان سو صاحب لوکل مشنری نے پیش کی۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’اسلام میں عورت کا مقام اور تربیت اولاد میں عورت کا کردار‘‘ از مکرمہ مریم کونڈے صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ، ’’جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد اور شاملین جلسہ کےليے حضرت مسیح موعودؑ کی دعائیں‘‘ از مکرم شریف کبا صاحب لوکل مشنری، ’’شہدائے اسلام و احمدیت، بالخصوص شہدائے برکینا فاسو‘‘ از مکرم احمد سیڈی بے صاحب اور ’’خلافت احمدیہ، ایک نعمتِ عظمیٰ‘‘ از خاکسار۔ اس کے بعد خاکسار نے اختتامی دعا کروائی۔
حاضری
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسے کی کُل حاضری ایک ہزار ۹۰۰؍رہی۔ دو عیسائیاحباب کو بیعت کرکے اسلام احمدیت میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔عشائیہ کے بعد احباب اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔
اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے یہ جلسہ جماعت کی ترقیات کا پیش خیمہ بنائے اور تمام شاملین کو حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ:طاہر محمود عابد۔نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: گنی کناکری میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد