مالی کے ریجن کیتا کے دسویں ریجنل جلسہ سالانہ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مالی کے ریجن کیتا کو اپنا دسواں ریجنل جلسہ سالانہ مورخہ ۲۲و۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسے کی تیاری کے سلسلے میں مکرم خالد احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن کیتا کی زیر نگرانی مختلف مشاورتی اجلاسات منعقد کیے گئے جن میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور مقامی انتظامیہ سے ضروری اجازت نامے حاصل کیے گئے۔

ریجنل جلسہ سالانہ کا آغاز مورخہ ۲۲؍فروری کو نماز عشاء کے بعد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے افتتاحی تقریر کی۔ اس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد ہوا۔ پہلے دن کی کارروائی کا اختتام رات بارہ بجے دعا کے ساتھ ہوا۔
دوسرے روز کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور درس کا اہتمام کیا گیا۔ صبح دس بجے جلسے کی کارروائی مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ اس اجلاس میں مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی، مکرم عبدالوہاب دامبلے صاحب لوکل مشنری اور مکرم موسیٰ سگالے صاحب سیکرٹری دعوت الیٰ اللہ نے تقاریر کیں۔ مکرم امیر صاحب کی اختتامی تقریر سے قبل مہمانان نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ جلسے کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسے میں ریجن کیتا کی ۳۹؍ جماعتوں اور ۱۸؍مقامات سے ۴۷۰؍احباب شامل ہوئے۔ جلسے کے دوران ۱۹؍افراد کو بیعت کر کے احمدیت میں شامل ہونے کی سعادت نصیب ہوئی۔ علاوہ ازیں مقامی حکومتی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حضرت مسیح موعودؑ کی مہمان نوازی سے متعلق ہدایات کی روشنی میں شاملین جلسے کی بہترین خدمت کی گئی۔
جلسے کی کارروائی ریڈیو احمدیہ کیتا کے ذریعے براہ راست نشر کی گئی جبکہ مالی کے نیشنل ٹی وی نے اگلے روز جلسے کی رپورٹ نشر کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسے کو حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے اور اس جلسے کے مقاصد کو پورا فرمائے۔ آمین۔
(رپورٹ: احمد بلال مغل۔ مبلغ سلسلہ مالی)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن، گیمبیا کی ماہ فروری کی مساعی