یورپ (رپورٹس)

دنیا میں قیام امن کے ليے مذاہب کےکردار کے موضوع پر امن کانفرنس کا انعقادزیر اہتمام اسلام آباد ریجن، یوکے

مسجد مبارک اسلام آباد سے ملحقہ ایوان مسرور میں مورخہ ۲۱؍فروری ۲۰۲۵ءبروز جمعۃ المبارک شام چھ بجے اسلام آباد ریجن کی دو جماعتوں فارنہم اور اسلام آباد نے مل کر ایک امن کا نفرنس کا انعقاد کیا۔ جس میں مختلف مذاہب کے نمائندگان اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین و مقامی کمیونٹیز کے ممبران کے علاوہ کونسلرزو میئرز سمیت ۱۱۶؍مہمانوں نے شرکت کی جبکہ کُل حاضری ۲۵۵؍رہی۔ الحمدللہ

اس کانفرنس کو بھرپور طور پر کامیابی سے ہمکنار کرنے کے ليے کئی ہفتوں پہلے اس کے انتظامات اور مدعو کیے جانے والے مہمانان سے رابطے شروع کردیے گئے تھے۔ اس موقع پر ایوان مسرور میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مبنی دنیا میں قیام امن سے متعلق مختلف بینرز لگائے گئے تھے۔ قرآن کریم کے مختلف تراجم اور دیگر لٹریچر کے ليے بھی ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں شمولیت کے ليے آنے والے حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹس بھی پیش کی گئیں۔
تلاوت قرآن کریم سے اس تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کے بعد مکرم ہبۃ المحسن صاحب نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ کونسلر و میئر فارنہم جناب بروڈی مولوکا صاحب، ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے جناب روہت گورونگ صاحب، عیسائی مذہب کی نمائندگی میں ریورنڈ بین کاہل نکولس صاحب نے اپنی اپنی تقاریر میں ایک دوسرے کی اقدار کا احترام کرتے ہوئے امن و آشتی کے ساتھ مل کر معاشرے میں امن کی کوششیں کرنے پر زور دیا۔ جبکہ مقررین نے اس تقریب کے انعقاد اور اُنہیں مدعو کرنے پرجماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور انتظامات کی بھی تعریف کی۔ یہودی مذہب سے تعلق رکھنے والے ربی جناب یاچسکل منڈیل باؤ صاحب نے اپنے ویڈیو پیغام میں دنیا میں امن کی اہمیت کا ذکر کیا۔

بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورخلافت میں امن کے ليے کی جانے والی کاوشوں کو ایک ویڈیو کے ذریعہ دکھایا گیا۔ اس کے بعد مکرم ابراہیم اخلف صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے نے اپنی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی میں دنیا بھر میں قیام امن کے ليے جماعت احمدیہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو اُجاگر کیا۔ مکرم عطاءالقدوس صاحب ریجنل امیر نے اختتامی تقریر میں مہمانوں اور دیگر شرکاء کااس تقریب میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا جبکہ اس پروگرام کے کامیاب انتظامات کے ليے تمام منتظمین و رضاکاران کی خدمات کو بھی سراہا۔ اس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ آخر میں مہمانوں کو رخصت کرتے ہوئے اُنہیں کتب اور لٹریچر کے تحائف بھی دیے گئے۔
یہاں یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ تقریب سے قبل تمام مہمانوں کو مسجد مبارک اور ملحقہ احاطہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا جس میں مہمانوں کی اکثریت نے خاصی دلچسپی دکھائی اور مسجدمبارک، قصر خلافت و دیگر رہائش گاہیں اور لنگرخانہ مسیح موعود کے بارے میں اُنہوں نے مختلف سوالات بھی کیے۔
بعد ازاں نمائندہ الفضل مکرم جواد قمرصاحب کو ایک انٹر ویو میں صدر جماعت فارنہم مکرم زکریا چودھری صاحب نے بتایا کہ اس کانفرنس کو منعقد کرنے کا سب سے اہم مقصد یہ تھا کہ اسلام آباد اور فارنہم کے مقامی لوگوں کو مسجد مبارک کے بارے میں علم ہو کہ اس کی کیا اہمیت ہے اور جماعت احمدیہ یہاں سے نہ صرف اسلام کا حقیقی پیغام بلکہ دنیا میں قیام امن کے پیغام کو کس طرح پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامل ہونے والے مہمانوں نے انتہائی مثبت تاثرات کا اظہار کیا اور کئی افراد کے ليے یہ سب بہت ہی نیا تھا کیونکہ انہوں نے پہلی مرتبہ اس مسجد کو دیکھا، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے بارے میں جانا اور آپ کے پیغام کو سناجو کہ ان کے ليے نہایت ہی سحر انگیز ہے۔ صدر صاحب نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس کانفرنس کے نیک اثرات پیدا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ ہالینڈ کی مقامی مجالس کے عہدیداران کے لیے ریفریشر کورس کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button