افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن، گیمبیا کی ماہ فروری کی مساعی

مکرم محمد قاسم صاحب ریجنل قائد مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن، گیمبیا تحریر کرتےہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن کو ماہ فروری ۲۰۲۵ء میں مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جن کی تفصیل پیش خدمت ہے۔


سائیکل سفر:مورخہ ۱۶؍فروری بروز اتوار ۹؍خدام اور ایک طفل پر مشتمل دس رکنی قافلہ صبح سات بجے جماعت مانساجنگ سے جماعت ڈامفا کنڈہ کے لیے روانہ ہوا اور ایک گھنٹے کے سفر کے بعد صبح آٹھ بجے اپنی منزل کو پہنچا، جہاں مقامی افراد نے استقبال کیا۔ بعد ازاں قافلے نے اجتماعی دعا کی۔ دعا کے بعد دونوں مجالس کے خدام نے مل کر ناشتہ کیا جو کلوا جمیعًا کے تحت ترتیب دیا گیا تھا اور گروپ فوٹو ہوئی۔ بعد ازاں خدام گاؤں کے الکالو (چیف) سے ملنے گئے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ قافلہ صبح دس بج کر بیس منٹ پر واپسی کے لیے روانہ ہوا اور گیارہ بجے منزل پر پہنچ گیا۔ اس سفر کا مقصد خدام میں جسمانی ورزش کی اہمیت اجاگر کرنا اور باہمی اخوت کو فروغ دینا تھا۔
وقار عمل:مورخہ ۱۸؍فروری کو، جو کہ گیمبیا کا یومِ آزادی ہے، وقار عمل کے ذریعہ بازار کی صفائی کا پروگرام بنایا گیا۔ ۱۴؍ خدام و اطفال نماز عصر کی ادائیگی کے لیے مشن ہاؤس میں جمع ہوئے بعد ازاں وقار عمل کے لیے روانہ ہوئے۔ اس دوران بازار کی صفائی کی گئی جو شام پونے چھ بجے شروع ہوکر مغرب تک جاری رہی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد خدام کو کھانا پیش کیا گیا اور آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ یہ پروگرام رات پونے نو بجے اختتام پذیر ہوا۔


فٹبال میچ و جلسہ یوم مصلح موعودؓ:مورخہ ۲۳؍فروری کو صبح نو بجے جماعت بصے سے جماعت ’’سارے محمود‘‘ کے لیے روانگی ہوئی۔ نو بج کر چالیس منٹ پر ہیلا کنڈا پہنچ کر آخری منزل تک پیدل سفر کیاگیا۔ وہاں پہنچنے پر میزبان جماعت نے ناشتہ پیش کیا اور اس کے بعد فٹ بال میچ منعقد ہوا جوبصے اور سارے محمود کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ مقابلے کے بعد سارے محمود کی ٹیم نے پانچ گولز سے کامیابی حاصل کی۔
بعد ازاں خدام جلسہ یوم مصلح موعود کی تقریب میں شامل ہوئے جس کے مہمانِ خصوصی مکرم سیکو جامع صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ مکرم موسیٰ بلدے صاحب نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کا بچپن‘‘ پر اور مکرم موسیٰ ڈرامے صاحب نے ’’پیشگوئی مصلح موعود‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ آخر میں خاکسار (مربی سلسلہ) نے حضرت مصلح موعودؓ کے جماعت کے لیے عظیم کارناموں پر تقریر کی جس میں یہ وضاحت بھی کی گئی کہ ہم ۲۰؍فروری کا دن پیشگوئی مصلح موعود کی تکمیل کے طور پر مناتے ہیں نہ کہ حضرت مصلح موعودؓ کی سالگرہ کے طور پر۔
صدر صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں بھائی چارے اور دینی خدمات پر زور دیا اور دعا کرائی۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ شام سوا چار بجے واپسی ہوئی۔
اس پروگرام میں ایک غیر احمدی دوست سمیت ۴۰؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ


(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: گیمبیا میں اکیسویں نیشنل ریفریشر کورس برائے معلمین، امام، داعیان الیٰ اللہ اور تربیتی کلاس برائے نومبائعین کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button