مجلس انصاراللہ ہالینڈ کی مقامی مجالس کے عہدیداران کے لیے ریفریشر کورس کا انعقاد
مکرم محمود احمد شا ہد صاحب قائد عمومی مجلس انصار اللہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ہالینڈ کے زیر انتظام مورخہ ۹؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار مسجد مبارک، ڈین ہاگ میں جملہ عہدیداران مجالس ہائے مقامی کے لیے ریفریشر کورس کا انعقاد کیا گیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

رجسٹریشن کے بعد ریفریشر کورس کا باقاعدہ آغاز ساڑھے گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم ، ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔مکرم داؤد اکمل صاحب صدر مجلس انصار اللہ ہالینڈ نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا اور بحیثیت عہدیداران مجلس انصار اللہ، ان کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے سالِ رواں کے دوران مرکزی سطح پر مقرر کردہ اہداف کا ذکر کرتے ہوئے مقامی عہدیداران کو ان کے حصول کے حوالے سے اپنا مثالی تعاون پیش کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
ریفریشر کورس کے پہلے اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے قائدین نے اپنے سالانہ پروگرامز اور لائحہ عمل کے حوالے سے پریزنٹیشنز پیش کیں۔ ہر پریزنٹیشن کے بعد حاضرین کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔
اس اجلاس کے اختتام پر مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج ہالینڈ نے حاضرین کو نمازوں، بالخصوص نماز باجماعت کی ادائیگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مجالس میں اس پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز بچوں کی تربیت میں والدین کے عملی نمونے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پہلے اجلاس کے اختتام پر نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد دوپہر کے کھانے اور چائے کا وقفہ ہوا۔
دوسرے اجلاس میں مزید چھ شعبہ جات کے قائدین نے اپنے شعبہ جات کے سالانہ پروگرام اور لائحہ عمل پر پریزنٹیشنز پیش کیں۔ ہر پریزنٹیشن کے بعد حاضرین کے سوالات کے جواب دیے گئے۔
اس اجلاس میں شعبہ عمومی کی جانب سے عَلم انعامی اور ماہانہ رپورٹ کی تیاری پر دو پریزنٹیشنز دی گئیں۔ حاضرین کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔
اختتامی اجلاس میں مکرم عبدالحمید صاحب رکن خصوصی مجلس انصار اللہ ہالینڈ و نائب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے حاضرین کو خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے اور خلیفۂ وقت کی آواز پر فوری لبّیک کہنے کی تلقین کی۔ آخر پر مکرم صدر مجلس نے تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس ریفریشر کورس کی روشنی میں مقامی عہدیداران اپنی مجالس کو مزید فعال بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ دعا کے ساتھ یہ ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا۔
پروگرام کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں جن کے بعد تمام شاملین کی تواضع عشائیہ سے کی گئی۔
اس ریفریشر کورس میں مجلس انصار اللہ ہالینڈ کی تمام ۱۹؍مقامی مجالس کے عہدیداران نے شرکت کی۔ حاضری کی مزید تفصیل کچھ یوں ہے۔ حاضر عہدیداران مجالس مقامی: ۷۵،حاضر اراکین نیشنل مجلس عاملہ: ۲۳،حاضر متفرق کارکنان:۱۲۔ اس طرح کُل حاضری ۱۱۰؍رہی۔ الحمدللہ
تمام پریزنٹیشنز اردو زبان میں پیش کی گئیں جبکہ ان کا ڈچ زبان میں آن لائن ترجمہ بھی کیا گیا۔ مکرم شیراز ہارون صاحب نے مترجم کے فرائض انجام دیے۔
اللہ تعالیٰ اس ریفریشر کورس کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور تمام عہدیداران کو اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کے پہلے آن لائن سہ ماہی یوکرینین رسالہ ’وائس آف اسلام احمدیہ‘ کا اجرا