ربوہ کا موسم(۴تا۱۰؍اپریل۲۰۲۵ء)
مورخہ ۴؍اپریل جمعۃ المبارک کو سورج خوب چمک رہا تھا ۔ ہوا بند تھی اور گرمی کی شدت میں اضافہ لگ رہا تھا۔ہفتہ ، اتوار اور سوموار کے دنوں میں ایک جیسا موسم رہا۔ آسمان پر دُور دُور تک بادلوں کا نام و نشان نہ تھا۔ ہلکی ہوا بھی چل رہی تھی ۔ جونہی اپریل کا مہینہ آیا ہے تو گرمی نے اپنا زور مارنا اور رنگ دکھانا شروع کردیا ہے۔ منگل کو ہوا درمیانی رفتار سے چل رہی تھی دوپہر کے وقت یہ ہوا گرم ہوکر لُو میں بدل گئی۔ سرِ شام ہی یہ تیز اور ٹھنڈی ہوا میں بدل گئی اور رات گئے تک جاری رہی ، جس سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ بدھ کو دن بھر سورج نے اپنی خوب چمک دکھائی اور گرمی اپنے جوبن پر پہنچ گئی۔ جمعرات کو صبح ہی سے دھوپ کے ساتھ ساتھ ہلکی ہوا بھی رواں دواں تھی ، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی تھی۔ شام کے وقت ہوا درمیانی رفتار سے چلنا شروع ہوئی اور رات ایک بجے ہوا تیز ہوگئی اور پھر تیز آندھی میں بدل گئی ۔ ساتھ مٹی کی وجہ سے طوفان میں بدل گئی۔ یہ طوفانِ گرد رات بھر جاری رہا ، نماز فجر کے وقت کچھ دیر کے لیے بارش بھی ہوئی اور گلیوں ، محلوں میں چھڑکاؤ ہوگیا۔ بارش کے بعد تیز ہوا کا سلسلہ جاری رہا لیکن اب اس میں مٹی کی آمیزش نہ تھی۔درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۲؍اور کم سے کم ۲۰؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)