افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین برکینافاسومیں مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب یوکے کے ساتھ ایک نشست

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں مجلس ارشاد کے تحت مورخہ ۲۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو ایک نشست منعقد ہوئی جس میں مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے بطور نمائندہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور مکرم حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ و نائب صدر صف دوم مجلس انصار اللہ یوکے نے شرکت کی۔ یہ معزز مہمانان مسرور میڈیکل کمپلیکس، برکینا فاسو کے افتتاح کے موقع پر دورہ پر تشریف لائے ہوئے تھے۔

طلبہ و سٹاف نے صبح گیارہ بجے مہمانان گرامی کا جامعۃ المبشرین میں استقبال کیا۔ جامعہ میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد ہورہا تھا اور اس موقع پر مہمانان کی موجودگی میں میوزیکل چیئرز کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں برکینافاسو میں خدمات سرانجام دینے والے تمام مرکزی مبلغین، جامعہ کا سٹاف اور مہمانان نے شرکت کی۔ مقابلہ بانفورا کے ریجنل مشنری مکرم بشارت علی صاحب نے جیتا اور انہیں مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب نے انعام سے نوازا۔

بعد ازاں معزز وفد نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا جن میں جامعہ دفتر، کلاس رومز، ہوسٹل، کچن، سٹاف کوارٹرز اور مدرسۃ الحفظ شامل تھے۔ اس کے بعد مہمانان ہال میں نشست کے لیے تشریف لائے۔

نشست کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینا فاسو نے معزز مہمانان کا تعارف کرایا۔ بعدازاں مہمانان نے طلبہ کو خلافت سے وفاداری، مربیان کرام کی روحانی ترقی، جماعت احمدیہ کے لیے مفید وجود بننے، وقف کے عہد کو نبھانے اور خلافت کی کامل اطاعت جیسے اہم موضوعات پر نصائح کیں اور متعدد واقعات کے ذریعے ان پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ منعقد ہوا جس میں طلبہ نے مہمانان سے مختلف امور پر راہنمائی حاصل کی۔
نشست کے اختتام پر مکرم پرنسپل صاحب نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے بعد جامعہ کے طلبہ، سٹاف اور مربیان کرام کے ساتھ گروپ فوٹو لیا گیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مہمانان کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مہمانان نے سٹاف کوارٹرز کا دورہ کیا اور جامعہ کے احاطے میں آم کا ایک یادگاری پودا لگایا۔

(رپورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مالی کے سیگو فیسٹیول میں جماعت احمدیہ کا بُک سٹینڈ

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button