گیمبیا میں اکیسویں نیشنل ریفریشر کورسبرائے معلمین، امام، داعیان الیٰ اللہ اور تربیتی کلاس برائے نومبائعین کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو مورخہ ۶تا۱۳؍فروری ۲۰۲۵ء کو طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول، مانساکونکو میں اکیسویںنیشنل ریفریشر کورس برائے معلمین، امام، داعیان الیٰ اللہ اور تربیتی کلاس برائے نومبائعین منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ یہ پروگرام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد مربیان، معلمین اور داعیان الیٰ اللہ کی علمی و تربیتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور نومبائعین کو دینی و تربیتی راہنمائی فراہم کرنا ہے۔

مورخہ ۶؍فروری بروز جمعرات صبح سے ہی شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ افتتاحی تقریب بعد نماز مغرب و عشاء سکول کے ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم ابوبکر نیابلی صاحب ریجنل صدر و پرنسپل سکول نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا اور اس بابرکت موقع کو جماعت کے لیے باعث سعادت قرار دیا۔ بعد ازاں مبلغ انچارج صاحب نے اس ریفریشر کورس اور تربیتی کلاس کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی اور نومبائعین کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔
جمعۃ المبارک کے دن نماز تہجد اور نماز فجر باجماعت ادا کی گئی جس کے بعد آرام کیا گیا۔ ناشتے کے بعد مسجد اور گرد و پیش کے علاقے کا وقار عمل ہوا۔ بعد ازاں شاملین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ ہفتہ سے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوا جو دو مختلف مقامات پر منعقد ہوئیں۔ معلمین، داعیان الیٰ اللہ اور اماموں کو قرآن کریم، فقہ، کلام، نماز باترجمہ اور نظامِ جماعت کا تعارف جیسے مضامین پڑھائے گئے۔ جبکہ نومبائعین کے لیے یسرنا القرآن، سادہ قرآن کریم، قرآن کریم کی آخری سورتوں کا حفظ، فقہ، کلام، نماز باترجمہ اور نظام جماعت سے آگاہی فراہم کی گئی۔

ہر روز نماز تہجد، درس حدیث بعد نماز فجر، صبح نو بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کلاسز، نماز ظہر و کھانے کے بعد لیکچرز منعقد ہوتے رہے۔ ان لیکچرز کے موضوعات میں خلافت کی برکات، واقعہ معراج و اسراء، نومبائعین کی تربیت کے طریق اور تبلیغ کے ذرائع شامل تھے۔ علاوہ ازیں ایک خصوصی لیکچر ’’زراعت کی اہمیت اور زیادہ پیداوار کے طریقوں‘‘ پر مکرم سوسے کولی صاحب نیشنل سیکرٹری زراعت نے دیا۔ شام کے وقت کھیلوں اور مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد ہوتا رہا جس میں نومبائعین کو خصوصی طور پر سوالات کا موقع دیا جاتا رہا۔
مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے مربیان و معلمین کے ساتھ خصوصی نشست میں تبلیغ اور تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ اسی طرح نومبائعین کے ساتھ خصوصی اجلاس میں ان کے ایمان کو مزید مضبوط کرنے اور علم میں اضافہ کی تلقین کی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کلاس میں شامل ایک غیر از جماعت دوست مکرم سمبا سو صاحب نے اپنے گھر والوں سمیت ۹؍افراد کے ساتھ بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
مورخہ ۱۳؍فروری بروز جمعرات بعد از نماز فجر اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے نومبائعین کو اپنے تاثرات پیش کرنے کی دعوت دی۔ نومبائعین نے اس تربیتی کلاس کو انتہائی مفید قرار دیا اور اس کے جاری رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور پھر مبلغ انچارج صاحب نے مختصر رپورٹ پیش کی۔
امیر صاحب نے نصیحت کی کہ جو کچھ سیکھا ہے اسے دوسروں تک پہنچائیں اور اپنے اعلیٰ اخلاق کے ذریعے احمدیت کا پیغام عام کریں۔ آخر میں اجتماعی دعا ہوئی اور گروپ فوٹو لیا گیا۔ ناشتہ کے بعد تمام احباب بخیریت اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ الحمدللہ(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کینیاکے ساؤتھ کوسٹ ریجنل ہیڈ کوراٹر میں جماعتی لائبریری اور دفتر کا افتتاح