نیشنل اجتماع واقفین نَو سویڈن
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ وقف نو سویڈن کو مورخہ ۱۵؍فروری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ نیشنل وقف نو اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

اس اجتماع کی خاص اہمیت یہ تھی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے نمائندہ کے طور پر مکرم لقمان احمد کشور صاحب انچارج وقف نو مرکزیہ کو اجتماع میں شمولیت کے لیے بھجوایا تھا۔ ان کی موجودگی واقفین نو، ان کے والدین اور جماعت کے دیگر افراد کے لیے مرکز کی راہنمائی سے استفادہ کرنے اور خلافت سے تعلق مضبوط کرنے کا ایک بہترین موقع تھا۔ علاوہ ازیں مکرم انچارج صاحب وقف نو مرکزیہ نے سویڈن کی چار بڑی جماعتوں (لولیو، سٹاک ہوم، گوتھن برگ اور مالمو) کا بھی دورہ کیا جہاں آپ نے مقامی احباب کو خلافت سے محبت اور واقفین نو اور ان کے والدین کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

اجتماع کی تیاری کئی ماہ قبل شروع کی گئی تھی جس کے لیے ایک مخصوص ٹیم تشکیل دی گئی۔ مکرم یحییٰ مبشر صاحب کو ناظم اعلیٰ اجتماع اور مکرم ظہیر احمد چودھری صاحب کو ناظم اجتماع گاہ مقرر کیا گیا۔
اجتماع کا مرکزی موضوع ‘‘دجال کے فتنوں کا مقابلہ: ایک وقف نو کی ذمہ داریاں’’ رکھا گیا تھا اور اسی کے مطابق تمام موضوعات کا انتخاب کیا گیا۔ اجتماع میں ورکشاپس اور انٹرایکٹو سیشنز بھی منعقد کیے گئے تاکہ شرکاء کی مؤثر شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
اجتماع کا آغاز افتتاحی اجلاس سے ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم وسیم احمد ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن اور مکرم انچارج صاحب وقف نو مرکزیہ نے اپنی تقاریر میں وقف نو کی ذمہ داریوں اور خلافت کی راہنمائی میں روحانی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تمام واقفین نو کو عمر کے لحاظ سے تین گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ان کے لیے درج ذیل موضوعات پر انٹرایکٹو ورکشاپس منعقد ہوئیں:دجال کے خلاف ایمان میں مضبوطی کیسے برقرار رکھی جائے؟،دجال کی حقیقت اور حقیقی وقف کا راستہ، خلافت کی اہمیت، خلافت اور نظام وصیت، خلافت-وقف نو کے لیے روشنی کا مینار اور حضرت مسیح موعودؑ کی پیشگوئیاں اور موجودہ زمانہ۔
ان سیشنز میں مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن، مکرم کاشف محمود ورک صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم مصعب رشید صاحب مبلغ سلسلہ نے لیکچرز دیے۔
اجتماع کے دوران ۱۵؍سال اور اس سے زائد عمر کے واقفین نو کے لیے منتخب کردہ کتاب ‘دیباچہ تفسیر القرآن’پر مبنی ایک علمی مقابلے کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد دینی معلومات میں اضافہ اور اہم مذہبی لٹریچر سے تعلق مضبوط کرنا تھا۔ علاوہ ازیں چھوٹے بچوں کے لیے تفریحی پروگرامز اور بڑ واقفین نو کے لیے Treasure Huntکا بھی اہتمام کیا گیا جس سے اسلامی تاریخ اور احمدیت سے متعلق ان کے علم میں اضافہ ہوا۔
اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم طارق یوسف صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو سویڈن نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاںمبلغ انچارج صاحب نے وَاِبۡرٰہِیۡمَ الَّذِیۡ وَفّٰۤیکی روشنی میں واقفین کو یاد دلایا کہ جب خدمت دین کا عہد کر لیا جائے تو پھر کسی عذر کی گنجائش نہیں ہوتی بلکہ ہر حال میں خود کو خدمت کے لیے پیش کرنا چاہیے۔ بعدہٗ مکرم انچارج صاحب وقف نو مرکزیہ نے اپنی اختتامی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے دی گئی ہدایات پر روشنی ڈالی اور قربانی اور ثابت قدمی پر زور دیا۔ دعا کے ساتھ یہ ایک روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
امسال لولیو جماعت جو کہ گوتھن برگ سے تقریباً ایک ہزار ۵۰۰؍کلومیٹر شمال میں واقع ہے کو خصوصی اجازت کے ساتھ افتتاحی اور اختتامی تقاریب میں آن لائن شمولیت کی اجازت دی گئی جبکہ باقی پروگرام خاکسار (مبلغ سلسلہ لولیو) نے مقامی سطح پر مکرم اطہر شہزاد صاحب لوکل سیکرٹری وقف نو کی مدد سے منعقد کروانے کی توفیق پائی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیشنل وقف نو اجتماع ۲۰۲۵ء کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا جس میں گوتھن برگ میں ۲۶۱؍افراد نے شرکت کی جن میں ۱۳۰؍واقفین نو، ۱۰۰؍والدین اور ۳۱؍دیگر مہمان شامل تھے۔ جبکہ آن لائن لولیو جماعت سے ۶۸؍واقفین نو، والدین اور دیگر احباب جماعت نے اجتماع میں شرکت کی۔ اس طرح کل حاضری ۳۲۹؍رہی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو شاملین کے لیے بابرکت بنائے اور انہیں اپنی زندگیاں دین کے لیے وقف کرنے کی حقیقی روح عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سٹراسبرگ، فرانس کی چند حالیہ تبلیغی سرگرمیاں