ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(سر کے متعلق نمبر ۵)(قسط ۱۰۹)
(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)
چیلی ڈونیم
Chelidonium
چیلی ڈونیم کے مریض کو گرمی سے سردرد میں اضافہ ہو تا ہے۔ گرم ملکوں میں یہ دوا گرمی کی شدت سے پیدا ہونے والے سردرد میں مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ (صفحہ۲۷۶)
چیلی ڈونیم میں سردرد کے ساتھ غنودگی اور چکر بھی آتے ہیں۔ سر بھاری اور سن ہونے کا احساس بھی ہو تا ہے۔ آگے کی طرف گرنے کا رجحان ہو تا ہے۔ سردرد دائیں طرف کان کے پیچھے کندھے تک پھیل جاتا ہے۔ دائیں کندھے اور سینہ کے دائیں طرف درد ہوتا ہے۔ (صفحہ۲۷۶)
چینینم آرس
Chininum ars
(Arsenite of Quinine)
رات کے وقت سر میں درد ہو تا ہے۔ نزلے سے بھی سردرد شروع ہو جاتا ہے۔ عموماً جب نزلہ دب جائے تو درد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ سر میں ہتھوڑے پڑنے کا احساس ہو تا ہے۔ یہ احساس عموما ًخون کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ علامت نیٹرم میور میں بھی نمایاں ہوتی ہے کیونکہ یہ بھی خون کی کمی کی بہترین دوا ہے۔ اس میں خون میں پانی کی مقدار زیادہ ہو جاتی ہے۔ چینینم آرس میں خون کے سرخ ذرے کم ہونے کی وجہ سے خون کی کمی ہوتی ہے۔ اس لیے اس کی ور میں پھولی ہوئی اور کھوکھلی ہوتی ہیں۔ سر کے باہر بھی عضلات میں درد ہونے لگتا ہے، سردی میں تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں۔(صفحہ۲۸۵)
سیکوٹا وروسا
Cicuta virosa
(Water Hemlock)
سیکو ٹاو روسا اس بیماری میں بہت مفید ہے جس میں سر اور گردن کے عضلات تشنج کی وجہ سے پیچھے کی طرف کھنچ جاتے ہیں۔ سیکوٹا و روسا میں تشنج گردن کے پیچھے ہو تا ہے اور مریض پیچھے کی طرف کمان کی طرح اکڑ جاتا ہے۔(صفحہ۲۹۲)
یہ دوا پرانی چوٹوں سے پیدا شدہ تکالیف میں بھی مفید ہے۔ خصوصا ًسر پر چوٹ کے بد اثرات بعض اوقات فالجی بیماریوں پر منتج ہو جاتے ہیں۔ عام طور پر اس میں نیٹرم سلف اور آرنیکا کام آتے ہیں۔ ان کے بعد اوپیم اور پلمبم کا نمبر آتا ہے۔(صفحہ۲۹۳)
سیکوٹا و روسا میں تمام اعضاء میں لرزہ سا طاری ہو جاتا ہے۔ بازوؤں اور ٹانگوں میں کمزوری کا احساس اچانک جھٹکوں کے بعد شدید کمزوری، ٹانگیں لڑ کھڑاتی ہیں اور جسم کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتیں، چکر آتے ہیں، سوتے ہوئے سر پر پسینہ آتا ہے۔ (صفحہ۲۹۴)
سائنا
Cina
سائنا میں تشنج بھی نمایاں ہوتا ہے۔ اعضاء میں اینٹھن ہوتی ہے اور جھٹکے لگتے ہیں۔ اس کے تشنج میں سیکوٹا کی طرح گردن پیچھے کی طرف اکڑتی ہے۔ہاتھوں کی انگلیاں اندر کی طرف مڑ جاتی ہیں۔ جسم میں کپکپی اور لرزے کا احساس ہو تا ہے۔ اگر ایسے مریض کو کمر پر تھپکی دیں تو اس کے سر میں درد ہونے لگتا ہے۔(صفحہ۲۹۶)
بعض عورتوں کو اگر حمل کے دوران غیر متوقع خوشی یا غم کی خبر پہنچے تو بعض تکلیفیں مثلا سردرد یا پیٹ درد شروع ہو جاتی ہیں اور ایسی خبر کے بعد بھی عرصہ تک جاری رہتی ہیں۔ ایسی تکلیفوں میں سائنا بہت مفید ہے۔(صفحہ۲۹۶-۲۹۷)
سنکونا آفیشی نیلس (چائنا)
Cinchona officinalis
(China)
مریض بے حد چڑچڑا، لاپرواہ، مایوس اور بدمزاج ہوتا ہے۔ خیالات میں یکسوئی نہیں رہتی۔ دوسروں سے بات چیت کرتے ہوئے سلسلہ کلام ٹوٹ جاتا ہے۔ سر میں شدید درد کو جو گردن تک پھیلتا ہے، دبانے سے اور گرم کمرے میں آرام ملتا ہے۔ پیشانی میں دھڑکن محسوس ہوتی ہے۔ مریض ہلکا دباؤ برداشت نہیں کر سکتا جبکہ بھرپور دباؤ سے آرام آتا ہے۔لمس، ہوا کے جھونکوں اور کسی چیز کی دھمک سے درد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔(صفحہ۳۰۰)
عضلات میں مرگی کی طرح کا تشنج اور فالجی کمزوری بھی چائنا کی علامت ہے۔ خون کا دوران سر کی طرف ہوتا ہے، کانوں میں گھنٹیاں بجتی ہیں اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا جاتا ہے۔(صفحہ۳۰۱)
سسٹس کیناڈینسس
Cistus canadensis
(Rock Rose)
سسٹس کی ایک خاص علامت یہ ہے کہ روزہ رکھنے سے پیدا ہونے والے سردرد میں بہت مفید ثابت ہوتی ہے۔ لائیکو پوڈیم برا ئیونیا، نکس وامیکا اور جلسیمیم بھی لمبے فاقہ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے سردرد میں کام آسکتے ہیں۔(صفحہ۳۰۳-۳۰۴)
کلیمٹس ایر یکٹا
Clematis erecta
(Virgin’s Bower)
کلیمٹس کے چھالوں میں عموماً زردی مائل پیپ پیدا ہونے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ داد سے مشابہ بیماریاں اور ایگزیما کی مختلف قسمیں بھی اس دوا کے دائرہ کار میں ہیں۔ جلد پر سرخ دانے بن جاتے ہیں جن میں شدید جلن ہوتی ہے۔ یہ دانے زیادہ تر سر ہاتھوں اور چہرے پر ہوتے ہیں۔ ایگزیما کے علاوہ جلد میں کسی چیز کے رینگنے کا احساس بھی ہو تا ہے۔ عارضی طور پر کھجلانے سے آرام آتا ہے۔ کنپٹیوں میں درد اور سر میں پراگندگی کا احساس ہو تا ہے۔ کھلی ہوا میں اس تکلیف کو افاقہ ہو تا ہے۔(صفحہ۳۰۷)
کاکولس
Cocculus
(Indian Cockle)
کاکولس چکروں کی مشہور دوا ہے۔ کانوں کے درمیانی حصہ میں موجود سیال مادہ کا توازن بگڑ جائے یا وہ اعصاب کمزور پڑ جائیں جو کان سے توازن کے احساس کو دماغ تک پہنچاتے ہیں تو یہ پیغام ذرا سی تاخیر سے پہنچنے لگتا ہے جس کے نتیجہ میں انسان کو چکر آنے لگتے ہیں اور وہ اپنے توازن کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔ اگر مریض اپنا سر ادھر ادھر ہلائے تو دماغ حرکت کے اس پیغام کو ذرا دیر سے محسوس کرتا ہے۔ (صفحہ ۳۰۹)
اگر ذہنی دباؤ کی وجہ سے جسمانی تھکاوٹ ہو یا جسمانی تھکاوٹ کے ساتھ ذہنی دباؤ بھی ہو تو جسم میں بھی کمزوری پیدا ہونے لگتی ہے۔نیند نہیں آتی۔ ہر وقت فکر اور پریشانی لاحق رہتی ہے جس کی وجہ سے سر درد ہو جاتا ہے۔(صفحہ۳۰۹)
کاکولس کا مریض ذہنی دباؤ اور اعصابی کمزوری کی وجہ سے ہر سوال کا جواب آہستگی سے دیتا ہے۔ تصورات کی دنیا میں غرق رہتا ہے۔ اسے شدید افسردگی کے دورے پڑتے ہیں۔ دماغ بو جھل رہتا ہے۔ اس کے علاوہ بیلاڈونا اور گلونائن کی طرح دھوپ میں کام کرنے سے پیدا ہونے والے سردرد میں بھی کاکولس مفید ہے۔(صفحہ۳۱۰-۳۱۱)
کافیا کروڈا
Coffea cruda
(Unroasted Coffee)
کافیا آناً فاناً اثر کرنے والی دوا ہے۔ غیر معمولی ہیجان اور ذہنی تھکاوٹ کی وجہ سے نیند پر اثر پڑجائے تو فوری اثر دکھاتی ہے۔ اسی طرح دوسری بیماریوں میں بھی بہت جلد فائدہ پہنچاتی ہے۔ کافیا کے بعض مریضوں کو ہسٹیریا ہو جاتا ہے۔ جذبات کے غلبہ کے نتیجہ میں بے ہوشی طاری ہوتی ہے۔ جذبات کی تحریک سے دندل پڑ جانا (بتیسی بند ہو جانا)، شدید سردرد چہرے کے اعصابی درد اور اسہال جاری ہو جانا بھی کافیا کی علامتیں ہیں۔(صفحہ۳۱۶)
کافیا کے مریض کا چہرہ عموما ًتمتمایا ہوا نہیں ہوتا لیکن بعض تکلیفوں میں سر کی طرف دوران خون بڑھ بھی جاتا ہے، چہرہ اور سرگرم ہو جاتے ہیں۔ لیکن مریض ہوش مند اور باشعور رہتا ہے۔ بیلاڈونا کی طرح اس پر غنودگی طاری نہیں ہوتی۔(صفحہ۳۱۷)
کافیا کی ایک اور عجیب علامت یہ ہے کہ گدی کے پیچھے کسی چیز کے چٹخنے کا احساس ہوتا ہے۔ کافیا میں ان آوازوں کا مرکز گدی میں ہوتا ہے۔ (صفحہ۳۱۷)
کولوسنتھ
Colocynthis
کولوسنتھ کا سردرد بھی بہت شدید ہوتا ہے اور آنکھ میں حرکت سے تکلیف بڑھتی ہے۔ چہرے کے اعصاب میں سخت درد ہو جسے دبانے اور ٹکور کرنے سے آرام آئے تو اس میں کولوسنتھ غیر معمولی فائدہ مند دوا ہے اور بہت جلد افاقہ ہو تا ہے۔کولوسنتھ میں درد لہردر لہراٹھتے ہیں۔ہر اگلی لہر پہلی لہر سے زیادہ تکلیف دہ ہوتی ہے یہاں تک کہ مریض کی چیخیں نکل جاتی ہیں اور ہسٹیریا کے دورے پڑنے لگتے ہیں۔ (صفحہ۳۲۴)
کو نیم میکولیٹم
Conium maculatum
(Poison Hemlock)
کو نیم کے مریض کے لیے شراب اور الکحل وغیرہ ناقابل برداشت ہو تا ہے۔ نشہ آور چیزوں سے لرزہ، دماغی اور جسمانی کمزوری پیدا ہوتی ہے۔ سر میں سخت درد ہو تا ہے۔(صفحہ ۳۲۷)
کروٹیلس ہری ڈس
Crotalus horridus
(Rattle Snake)
سردرد اور چکر ادلتے بدلتے رہتے ہیں۔ اگر آرام کرے تو سر میں درد ہونے لگتا ہے اور حرکت سے چکر آتے ہیں۔ سونے سے تکلیف میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ خصوصیت سے سردرد میں بہت شدت پیدا ہو جاتی ہے اور بعض اوقات سونے سے پہلے درد نہ بھی ہو تو بھی سونے کے کچھ دیر بعد درد کی وجہ سے مریض کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ سراٹھانے سے تکلیف میں بہت اضافہ ہو جاتا ہے، درد کی لہریں سر کے پچھلے حصہ سے آگے کی طرف آتی ہیں اور بہت کمزوری ہوتی ہے۔ (صفحہ ۳۳۳)
کھلی ہوا میں سر اور معدے کی تکلیفیں آرام پاتی ہیں جبکہ کھانسی بڑھ جاتی ہے۔(صفحہ۳۳۵)
(نوٹ ان مضامین میں ہو میو پیتھی کے حوالے سے عمومی معلومات دی جاتی ہیں۔قارئین اپنے مخصوص حالات کے پیش نظر کوئی دوائی لینے سے قبل اپنے معالج سے ضرورمشورہ کرلیں۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(سر کے متعلق نمبر ۴) (قسط ۱۰۸)