حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

آنحضرتؐ پر درود بھیجنے پر بہت زیادہ توجہ دینی چاہئے

حضر ت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الہامات میں بھی درود کا کثرت سے ذکر ملتاہے۔ اعجازالمسیح میں درج ہے کہ ’’فَصَلُّوْا عَلٰی ھٰذَاالنَّبِیِّ الْمُحْسِنِ الَّذِیْ ھُوَ مَظْہَرُ صِفَاتِ الرَّحْمٰنِ الْمَنَّانِ۔(اے لوگو!) اس محسن نبی پر درود بھیجو جو خداوند رحمٰن ومنّان کی صفات کا مظہر ہے کیونکہ احسان کا بدلہ احسان ہی ہے۔ اور جس دل میں آپ کے احسانات کا ا حساس نہیں اس میں یا تو ایمان ہے ہی نہیں اور یا پھر وہ اپنے ایمان کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔اے اللہ ! اس امّی رسول اور نبی پر درود بھیج جس نے آخرین کو بھی پانی سے سیر کیاہے جس طرح اس نے اوّلین کو سیر کیا۔ اورانہیں اپنے رنگ میں رنگین کیا اور انہیں پاک لوگوں میں داخل کردیا ‘‘۔ (اعجازالمسیح، روحانی خزائن جلد ۱۸ صفحہ ۵۔۶)

ایک یہ الہام ہے: ’’وَاْمُرْ بِالْمَعْرُوْفِ وَاَنْہَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَصَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِ مُحَمَّدٍ۔اَلصَّلٰوۃُ ھُوَالْمُرَبِّی۔ کہ نیک کاموں کی طرف رہنمائی کر اور برے کاموں سے روک۔اور محمد اور آل محمد ﷺ پر درود بھیج۔درود ہی تربیت کا ذریعہ ہے۔ (براہین احمدیہ، روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۲۶۷)

حضرت اقد س مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے کثرت سے اپنے آقا پر درود بھیجنے کو اللہ تعالیٰ نے اس قدر نوازا کہ آپؑ کو الہاماً فرمایا:’’تجھ پر عرب کے صلحاء اور شام کے ابدال درود بھیجیں گے۔ زمین و آسمان تجھ پر درود بھیجتے ہیں اور اللہ تعالیٰ عرش سے تیری تعریف کرتا ہے‘‘۔ (تذکرہ۔ صفحہ ۱۶۲۔ مطبوعہ ۱۹۶۹ء)

پھر الہام ہواایک لمبا عربی الہام ہے، کچھ حصے کا ترجمہ پیش کرتاہوں ۔ کہ خدا عرش پر سے تیری تعریف کررہاہے۔ ہم تیری تعریف کرتے اور تیرے پر درود بھیجتے ہیں ۔لوگ چاہتے ہیں کہ خدا کے نورکو اپنے منہ کی پھونکوں سے بجھا دیں ۔ مگر خدا اس نور کو نہیں چھوڑے گا جب تک پورا نہ کرلے اگرچہ منکر کراہت کریں ۔ ہم عنقریب ان کے دلوں میں رعب ڈالیں گے۔ جب خدا کی مدد اور فتح آئے گی اورزمانہ ہماری طرف رجوع کرلے گا تو کہا جائے گاکہ کیا یہ سچ نہ تھا جیساکہ تم نے سمجھا‘‘۔ (تذکرہ صفحہ ۳۵۵۔ مطبوعہ ۱۹۶۹ ء)

تویہ ہیں برکات اورفیض جو آنحضرت ﷺپر درود بھیجنے سے حاصل ہوتے ہیں ۔ پس ہر احمدی کو آنحضرت ﷺ پر درود بھیجنے پر بہت زیادہ توجہ دینی چاہئے۔یہی وسیلہ ہے جس سے اب ہمارے ذاتی فیض بھی اور جماعتی فیض اور برکات اور ترقیات وابستہ ہیں ۔

(خطبہ جمعہ فرمودہ ۵؍ ستمبر۲۰۰۳ء، مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل۳۱؍اکتوبر۲۰۰۳ء)

مزید پڑھیں: رمضان میں نماز تہجد ادا کرنے کی کوشش کریں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button