کینیا کے ویسٹرن ریجن بی (ممیاس) میں ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی خدمات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ کینیا اپنے مختلف اور متنوع پروگراموں کےذریعہ کینیا بھر میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں کوشاں ہے اور اپنی ان بے لوث خدمات کے نتیجے میں خدمت خلق کے میدان میں سرکاری اور عوامی حلقوں میں اپنی ایک پہچان رکھتی ہے۔

مورخہ ۱۹؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز اتوار ہیومینٹی فرسٹ کی ایک ٹیم نے Precious Virginia Homeکا دورہ کیا جہاں فی الوقت Severe Cerebral Palsy میں مبتلا ۳۲؍ بچے زیر علاج ہیں۔ ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نے یہاں کی انتظامیہ سے ملاقات اور تعارف کے بعد یہاں زیر علاج بچوں سے ملاقات کی اور ان کی بیمارپرسی کرنے کے علاوہ ان کی شفا یابی کے لیے دعا بھی کی اور انہیں اشیائے خور و نوش پر مشتمل پیکٹس دیے۔

مورخہ ۲؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نے دوبارہ اسی ادارے کا دورہ کیا اور اس مرتبہ ہیومینٹی فرسٹ کینیا نے اپنے فوڈ سیکورٹی پروگرام کے تحت ضرورت مند کسانوں کو مکئی کے اعلیٰ بیج اور فرٹیلائزر کا عطیہ دیا۔ دیے گئے بیج اور فرٹیلائزر کا ہر تھیلا ایک ایکڑ زمین کی کاشت کے لیے کافی ہے۔ اس کار خیر میں ہیومینٹی فرسٹ کینیا کے شعبہ فوڈ سیکورٹی کے انچارج و رضاکاران کے علاوہ ویسٹرن ریجن بی (ممیاس ) کے مبلغ انچارج مکرم شیخ عدی ابواء صاحب، ممیاس جماعت کے صدر مکرم الحاج مزے قاسم خطیب صاحب اور دیگر احباب جماعت بھی شریک ہوئے۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء
اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی اس خدمت کو قبول فرمائے اور مزید مقبول خدمات دینیہ کی توفیق بخشے۔ آمین
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ تنزانیہ کے وفد کی وزیر خارجہ تنزانیہ سے ملاقات