فن لینڈ کے جزیرہ اُلینڈ (Åland) میں چار روزہ تبلیغی دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سویڈن کے ایک وفد کو مورخہ ۶تا ۹؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء اُلینڈ (Åland) کے جزیرہ نما علاقے میں تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ اُلینڈ بحیرہ بالٹک میں واقع فن لینڈ کا خودمختار جزیرہ نما ہے جہاں تقریباً ۳۲ ہزار افراد بستے ہیں اور یہاں کی زبان سویڈش ہے۔

یہ تبلیغی دورہ مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن کی اجازت اور مکرم عطاء الٰہی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ سویڈن کی مشاورت سے مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے ترتیب دیا جس میں خاکسار (مبلغ سلسلہ) کو بھی شامل ہونے کی سعادت ملی۔
اس دورے کے دوران ’Ask A Muslim‘ مہم کے تحت مختلف تبلیغی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اُلینڈ کے بڑے شہر Mariehamn کے مرکزی علاقے میں سٹال لگانے کی اجازت حاصل کی گئی۔ جماعتی ٹریلر جس پر حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر، ’مسیح آگیا‘ کا سویڈش ترجمہ، جماعتی ویب سائٹ، ماٹو ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ اور ’Ask A Muslim‘ تحریر تھا پولیس کی اجازت سے مرکزی چوک میں کھڑا کیا گیا۔
مورخہ ۶؍اکتوبر کو سٹاک ہوم سے چھ گھنٹے کا سفر طے کرکے ہم اس جزیرے پر پہنچے جہاں مقامی اخبار کے ساتھ پہلے سے طے شدہ انٹرویو ہوا۔ نمائندہ اخبار نے تفصیلی گفتگو کی جو آن لائن اشاعت کے ساتھ اگلے روز کے اخبار میں بھی شائع ہوئی۔ اس اشاعت کے نتیجہ میں متعدد افراد سٹال پر آکر جماعت کے بارے میں سوالات کرتے رہے۔

مورخہ ۷؍اکتوبر کو The Åland Islands Peace Instituteکی چیئرپرسن سے ملاقات ہوئی جس دوران جماعت احمدیہ کا تعارف، خلافت کی قیام امن کے لیے کوششوں پر گفتگو اور مستقبل میں مشترکہ سیمینارز کے انعقاد پر بات چیت کی گئی۔
مورخہ ۸؍ اکتوبر کو صبح ساڑھے سات بجے مقامی ریڈیو نے پرائم ٹائم میں انٹرویو نشر کیا جسے بعد ازاں تصویر کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کیا گیا۔ اسی روز ریڈ کراس(Red Cross) کے چیئرمین اور ان کی ٹیم سے ملاقات ہوئی جبکہ جزیرے کے سب سے بڑے شہر اور ایک ملحقہ شہر کے چیف پادری صاحبان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کروایا گیا قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بطور تحفہ پیش کی گئی جسے سب نے خوشی سے قبول کیا۔
جزیرے کے اخبارات اور ریڈیو کو پہلے ہی پریس ریلیز کے ذریعہ مطلع کیا گیا تھا۔ ایک اخبار اور ریڈیو کے ساتھ انٹرویو طے پایا جبکہ دوسرے اخبار نے رابطہ نہیں کیا۔ تاہم مورخہ ۸؍ اکتوبر کو سٹال پر واپسی کے بعد ایک صحافی ازخود آکر ملا اور انٹرویو بھی لیا۔
مورخہ ۹؍ اکتوبر کو جزیرے کی پارلیمنٹ کے سپیکر Jörgen Pettersson صاحب سے ملاقات ہوئی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کے بعد انہوں نے اپنے دفتر میں کافی پیش کی اور کہا کہ ہماری آمد کی خبر اخبارات اور ریڈیو کے ذریعے پورے جزیرے میں پھیل چکی ہے۔ ایک گھنٹے سے زائد کی ملاقات میں جماعت احمدیہ اور خلافت کی قیام امن کے لیے کوششوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے اختتام پر جب انہیں قرآن کریم کا تحفہ دیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ وہ قرآن کو ہاتھ میں لے رہے ہیں۔
دورے کے دوران جزیرے کی مرکزی لائبریری میں بھی سویڈش ترجمہ قرآن بطور تحفہ پیش کیا گیا جو انہوں نے خوشی سے قبول کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑی تعداد میں افراد سٹال پر آئے، کچھ نے کتب تحفۃً لیں، جبکہ بعض افراد نے اگلے روز آکر مزید سوالات کیے۔ علاقے کے دس فیس بک گروپس میں بھی دورے کی خبر نشر کی گئی جہاں سوالات کے جواب دیے جاتے رہے۔ اس سلسلہ میں مکرم شازل احمد افضل صاحب نے بھی معاونت کی۔ جماعتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی سرگرمیوں کی اشاعت کی گئی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام احمدیت کی پُر امن اور خوبصورت تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بیلجیم کی ماہ جنوری میں بعض تبلیغی مساعی