سِگولدا (Sigulda)، لٹویا کے ایک ہسپتال میں مریضوں کی عیادت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کے افراد نے مورخہ ۲۳؍دسمبر۲۰۲۴ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) کے قریب واقع ایک شہر سِگولدا (Sigulda) کے ایک ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی اور اُن کو نئے سال کی آمدپر تحائف پیش کیے۔ اِس سے قبل افرادِجماعت نے ایک مقامی مارکیٹ جاکرتحائف خریدے اور پھر مشن ہاؤس لاکراُن کے مختلف بیگ تیارکیے تھے۔

پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق تقریباً ۵۰؍کلومیٹرکا سفر کرکے ہسپتال پہنچے۔ وہاں ڈیوٹی پر موجودنرس استریدہ بالتوکا (Astrida Baltuka) صاحبہ نے ہسپتال کےدروازے پر آکر ہمیں خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد ہم نے ہر ایک مریض کے پاس جاکراُن کا حال پوچھا اور اُن کو جماعت کی طرف سے تحائف پیش کیے۔ کئی ایک مریض بڑے جذباتی ہوگئے۔ ہمارے ساتھ تعاون کرنے والی لگیتا شتینا (Ligita Steina) صاحبہ ہر ایک مریض کے پاس جاکر لٹوین زبان میں اُن کو بتاتیں کہ یہ جماعت احمدیہ لٹویا کے افراد دارالحکومت ریگا سے آپ کے ليے تحائف لے کر آئے ہیں۔ مریض بہت خوشی ومسرت کےجذبات کا اظہار کرتے۔
موصوفہ نرس نےہمیں بتایا کہ صرف آپ لوگ ہی ہیں جو ہر سال مریضوں کو دیکھنے اور تحائف دینےآتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۴۰؍کے قریب مریضوں، عملہ اور ڈاکٹرز کو تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ہالینڈ کے مختلف شہروں میں نئے سال کے موقع پر ’New Year Receptions‘کا انعقاد