یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں اہل عرب و بنگلہ افراد کے ساتھ تبلیغی نشستوں کا اہتمام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ تبلیغ جرمنی کو ملک کے طول و عرض میں مقیم مختلف اقوام کے افراد کے ساتھ بھی تبلیغی نشستوں کا اہتمام کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔

جماعت احمدیہ Mülheim an der Ruhr میں موجود بعض عرب احمدیوں کی وساطت سے مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو اہل عرب کے ساتھ مسجد مریم میں ایک تبلیغی نشست منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مکرم حفیظ اللہ بھروانہ صاحب استاد جامعہ احمدیہ جرمنی و انچارج عربک ڈیسک جرمنی، مکرم انیق احمد صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ، مکرم ماذن عقلہ صاحب، مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ اورخاکسار (آفس انچارج شعبہ تبلیغ) کو شامل ہونے کی توفیق ملی۔

اس پروگرام میں چھ غیر احمدی عرب مہمانوں کے علاوہ ۹؍عرب احمدی احباب بھی شامل ہوئے۔اس طرح کل ۲۰؍سے زائد عرب و مقامی احمدی احباب شامل تھے۔

تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم ماذن عقلہصاحب جو کہ ہمارے پرانے عرب احمدی بھائی ہیں نے اس میٹنگ کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے سٹیج پر موجود مربیان سلسلہ کا تعارف کروایا نیز جماعت احمدیہ کا بھی تعارف پیش کیا۔ بعدازاں مکرم حفیظ اللہ بھروانہ صاحب نے جماعت احمدیہ کے عقائد اور حضرت مسیح موعودؑ کے دعاوی اور آپؑ کی طرف سے اسلام کے ليے کی جانے والی خدمات کا تذکرہ کیا جسے مہمانوں نے کمال سنجیدگی سے سنا۔

اس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس میں وفات مسیح، دجال اور حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کے متعلق سوالات کے جواب دیے گئے۔ مہمانوں کی اکثریت کو جماعت کا پہلی دفعہ تعارف ہوا تھا۔ اس کے بعد مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ کھانے کے دوران اور کھانے کے بعد بھی انفرادی بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔ جماعت کے متعلق مہمانوں کی کافی دلچسپی نظر آئی، آخر میں انہیں جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔ یہ میٹنگ تقریباً چار گھنٹے جاری رہی۔

اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی صدر صاحب کی درخواست پر نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے مقامی سیکرٹری تبلیغ اور ان کی ٹیم کے ساتھ میٹنگ کی جس میں تبلیغ کے جدید ذرائع اور حالات کے مطابق تبلیغی سرگرمیوں سے کما حقہ نتائج اخذ کرنے کے متعلق راہنمائی دی۔

بنگلہ تبلیغ میٹنگ:اسی روز مورخہ ۱۶؍فروری کو جرمنی کی جماعت کولون کی مسجد نصر میں بنگالی زیرتبلیغ افراد کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ مکرم چودھری عزیز احمد صاحب انچارج بنگلہ ڈیسک جرمنی کی زیر صدارت اس میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و بنگالی ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ مکرم محمود احمد ناصر صاحب اسسٹنٹ نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے انگریزی میں جماعت احمدیہ کا مفصل تعارف کروایا۔ اس کے بعد مکرم محمود احمد ملہی صاحب مربی سلسلہ نے مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے جس کا رواں بنگالی ترجمہ مکرم محمد یعقوب صاحب نے کیا۔ یہ میٹنگ تقریباً تین گھنٹے جاری رہی جس کے اختتام پر مہمانوں کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔

اس میٹنگ میں ۸؍غیرازجماعت بنگالی دوست شامل ہوئے۔ یہ سارے مہمان اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بعض ڈاکٹریٹ بھی تھے۔ ۱۰؍احمدی بنگالی اور ۹؍دیگر احمدی احباب شامل ہوئے۔ ہمارے ۴؍بنگالی بھائی بیلجیم سے بطور خاص اس میٹنگ میں شرکت کے ليے تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطافرمائے۔ آمین

مہمانوں نے اپنے تاثرات میں بیان کیا کہ جماعت احمدیہ کی یہ تصویر تو آج تک ہم سے پوشیدہ تھی اور یہ آیات اور احادیث کسی مولوی نے ہمیں نہیں بتائیں۔

اللہ تعالیٰ ہر دو میٹنگز کے مثبت نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پھیلانے کی توفیق بخشتا جائے۔ آمین

(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: شعبہ تربیت کے تحت فن لینڈ کی بعض جماعتوں کا دورہ

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button