یورپ (رپورٹس)

آسٹریا میں نئے سال کے حوالہ سے ایک تبلیغی پروگرام کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آسٹریا کو باقاعدگی سے تبلیغی پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملتی رہتی ہے۔ اسی ضمن میں مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء کوGerasdorf bei Wien کے ایک چرچ میں نئے سال کے حوالہ سے چرچ انتظامیہ کے ساتھ ایک پروگرام تشکیل دیا گیا۔ اس پروگرام کے دعوت نامے چرچ انتظامیہ نے ہی تقسیم کیے۔ اس پروگرام میں گیرازڈورف کے پادری Mr. Angelo اور جماعت کے دیرینہ دوست یورپی پارلیمنٹ کے نمائندہ Mr. Lukas Mandl نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر پادری صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ کےساتھ مختلف پروگرامز منعقد کرنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ ہم جماعت احمدیہ کے ساتھ کام کرکے خوشی محسوس کرتے ہیں اور ان پروگرامز کی تصاویر مختلف پلیٹ فارمز پر آسٹریا میں اور آسٹریا سے باہر بھی شیئر کرتے ہیں جس پر لوگوں کے بہت اچھے تاثرات ملتے ہیں۔

مکرم لوکاس مانڈل آسٹرین نمائندہ برائے یورپی پارلیمنٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا، جماعت کی امن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں جماعت احمدیہ کی مزید حوصلہ افزائی کی جانی چاہيے تاکہ اسلام سے متعلق امن بھرا پیغام لوگوں تک پہنچے۔ مذہب کے نام پر جو لوگ بھی کوئی جرم کرتے ہیں یا تشدد کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو وہ اپنے مذہب کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔

مکرم مصور احمد صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ جماعت احمدیہ آسٹریا نے بھی حاضرین کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سب کو مل کر امن کےليے کوشش کرنی چاہيے۔ نیز بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسلام سے متعلق اور موجودہ حالات کے تناظر میں مختلف امور پر بات ہوتی رہی۔ جماعت احمدیہ کی طرف سے بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مہمانوں کو پنسلز تحفۃً پیش کی گئیں۔

مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج ونیشنل صدر احمدیہ مسلم جماعت آسٹریا نے دعا کروائی۔ پادری نے اپنی دعا کروائی۔

اس پروگرام میں ۱۹؍غیر مسلم مہمانوں نے شرکت کی۔ الحمدللہ، یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ آخر پر تمام مہمانوں کےليے پاکستانی کھانوں اور آسٹرین کیکس اور ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

(رپورٹ:مبارک احمد فرخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ لٹویا کا پہلا جلسہ سیرة النبى ﷺ

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button