یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بیلجیم کی ماہ جنوری میں بعض تبلیغی مساعی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بیلجیم نے نئے سال کے موقع پر ’’Voices for Peace‘‘کے عنوان سے مختلف جماعتوں میں New Year Receptionکے نام پر تبلیغی نشستوں کا انعقاد کیا۔ ان تقریبات میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ ایک مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

جماعت انٹورپن و میرکسم:مورخہ ۱۸؍جنوری بروز ہفتہ جماعت انٹورپن اور میرکسم کو New Year Receptionکے نام سے تبلیغی نشست منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کی صدارت مکرم توصیف احمد صاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ بیلجیم نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔

مبلغ انچارج صاحب نے ’’Voices for Peace‘‘ کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں مہمانوں کو امن کے قیام کے حقیقی اصولوں سے آگاہ کیا۔ بعدازاں مکرم عمران بشیر صاحب نے جماعت کی خدمت خلق کی سرگرمیوں پر ایک پریزنٹیشن پیش کی نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی عالمی امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

پروگرام کے آخر میں شہر کے میئر، صوبائی و مقامی سیاستدانوں اور دیگر معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کے ماٹو ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘کو دنیا میں امن کے قیام کے لیے بنیادی اصول قرار دیا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔

پروگرام کے اختتام پر مجالس انٹورپن و میرکسم کے اطفال کے ایک گروپ نے بیلجیم کا قومی ترانہ پیش کیا جسے مہمانوں نے بے حد پسند کیا۔ اس پروگرام کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ تھا اور اس میں ۲۰۳؍مہمان شریک ہوئے۔ تمام مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ الحمدللہ

جماعت لیئر:مورخہ ۲۵؍جنوری بروز ہفتہ جماعت احمدیہ لیئر میں منعقدہ تقریب میں ۱۶۷؍سے زائد غیر احمدی معزز مہمان شریک ہوئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے قیام امن کے پیغام کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ’’Voices for Peace‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ پروگرام کے اختتام پر لیئر شہر کے میئر کی کونسل کے ممبر اور چرچ کے پادری نے جماعت کی خدمات کو سراہتے ہوئے اظہار خیال کیا۔ اطفال کے گروپ نے بیلجیم کا قومی ترانہ پیش کیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔

جماعت لیئج و اوپن:مورخہ ۱۸؍جنوری کو جماعت احمدیہ لیئج اور ۲۵؍جنوری کو جماعت احمدیہ اوپن میں منعقدہ تقریبات کا آغاز بھی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم محمد ارسلان صاحب مربی سلسلہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں عالمی امن کے قیام کے اصولوں کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں جماعت کے تعارف اور خدمت خلق کے کاموں پر پریزنٹیشن دی گئی اور ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات میں جماعت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جماعت احمدیہ حقیقی امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

جماعت ٹرن ہاؤٹ:مورخہ ۲۰؍جنوری کو جماعت احمدیہ ٹرن ہاؤٹ میں منعقدہ پروگرام میں ۸۳؍غیر احمدی مہمانوں نے شرکت کی۔ مکرم شریف احمد صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ نے جماعت کا تعارف پیش کیا جبکہ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ’’Voices for Peace‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد جماعت کی خدمات پر مبنی ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔

معزز مہمانوں میں شامل ٹرن ہاؤٹ کے سابق میئر جناب Eric Voss صاحب، موجودہ میئر کی کابینہ کے سینئر ممبر جناب Francis Stijnen صاحب اور شہر کے پادری جناب Dirk Godecharleصاحب نے جماعت کے قیام امن کے اقدامات کو سراہا۔ پادری صاحب نے اپنے تاثرات میں کہا کہ جماعت احمدیہ کے افراد جو کچھ کہتے ہیں اس پر عمل بھی کرتے ہیں اور ان کے حسن عمل سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔

جماعت دلبیک:یکم فروری کو جماعت احمدیہ دلبیک میں منعقدہ تقریب میں ۹۲؍غیر احمدی مہمانوں نے شرکت کی۔

پروگرام میں جماعت کے عقائد پر مبنی ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے مہمانوں کو جماعت کا بہتر تعارف حاصل ہوا۔ مکرم انور حسین صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے صدارت کی جبکہ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ’’Voices for Peace‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم آصف بن اویس صاحب مبلغ سلسلہ و صدر خدام الاحمدیہ بیلجیم نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں عالمی امن کے قیام کے عملی طریقوں پر روشنی ڈالی۔

مہمانوں نے جماعت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ اپنے خلیفہ کی قیادت میں عالمی امن کے لیے بے لوث خدمات انجام دے رہی ہے جو قابل ستائش ہیں۔

اللہ تعالیٰ ان کاوشوں کو قبول فرماتے ہوئے ہمیں دنیا کے کناروں تک اسلام احمدیت کی پُرامن تعلیمات کو مزید پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: یونان میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button