یورپ (رپورٹس)

ہالینڈ کے مختلف شہروں میں نئے سال کے موقع پر ’New Year Receptions‘کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ہالینڈ کو سال نو کے موقع پر مختلف شہروں میں New Year Receptions منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ ان تقریبات کا بنیادی مقصد امن عالم کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنا اور مختلف مذاہب کے نمائندوں، مقامی راہنماؤں، سیاستدانوں اور میڈیا سے روابط کو مضبوط کرنا تھا۔ ان تقریبات کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

مسجد مبارک، دی ہیگ: ہالینڈ کی پہلی مسجد، مسجد مبارک، دی ہیگ میں منعقدہ تقریب میں صوبائی حکومت کے سربراہ (کنگ کمشنر) بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ ۱۳۰؍سے زائد معزز مہمانوں، بشمول سیاستدانوں، مذہبی تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مسجد مبارک

تقریب کے دوران ایک خصوصی قرآن نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں جماعت احمدیہ کی عالمی سطح پر کی جانے والی مساعی کو اجاگر کیا گیا۔ علاوہ ازیں، Voices for Peaceمہم کی وضاحت اور جماعت کی سماجی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ نیشنل سیکرٹری امور خارجہ اظہر نعیم صاحب نے جماعت احمدیہ کا پیغام امن، حکومت و کونسل کے ساتھ تعاون اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن عالم کے لیے کوششوں کا ذکر کیا۔

کنگ کمشنر جناب Wouter Kolffنے دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ مکرم Hibbatunnoer Verhagen صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مذہبی آزادی اور تبلیغ کے حق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آخر میں مہمان خصوصی کو مسجد مبارک کی تصویر والی خصوصی شیلڈ، پھول اور جماعتی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں۔

بیت المحمود

بیت المحمود، ایمسٹرڈم سینٹرم:مورخہ ۱۰؍جنوری ۲۰۲۵ء کو بیت المحمود مسجد، ایمسٹرڈم میں تقریب کا آغاز شام ساڑھے چار بجے چائے اور کافی سے ہوا جس دوران مہمانوں کو قرآن کریم، جماعتی لٹریچر اور ویب سائٹس سے متعلق سوالات کرنے کا موقع ملا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم سعید جٹ صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کے قیام اور اس کے مقاصد بیان کیے جبکہ مکرم ظفیر احمد بٹ صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ ایمسٹرڈم سینٹرم نے جماعتی سرگرمیوں اور سال ۲۰۲۴ء کی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ ان کے علاوہ چرچ کے ایک نمائندے نے بھی اظہار خیال کیا۔

بعد ازاں جماعت کی عالمی خدمات پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں بالخصوص ہیومینٹی فرسٹ کے رفاہی منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔ مہمانوں نے اس ویڈیو کو بے حد سراہا اور اسے انسانیت کی خدمت کے لیے ایک نمایاں کوشش قرار دیا۔

اختتام پر مہمانوں کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ کُل ۳۳؍مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی جبکہ ۳۵؍کارکنان نے تقریب کی تیاری میں خدمات انجام دیں۔ کئی مہمانوں نے اس موقع پر اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس پروگرام سے ان کا جماعت احمدیہ اور اسلامی تعلیمات سے مثبت تعارف ہوا۔

جماعت ارنہم:مورخہ ۱۱؍جنوری کو جماعت احمدیہ ارنہم میں مقامی افراد کو سال نو کی مبارکباد دینے، جماعت کا تعارف کروانےاور ہالینڈ میں جماعت کی سرگرمیوں سے آگاہ کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرم طاہر اوفرخور صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف اور سالانہ سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔ مکرم سفیر صدیقی صاحب مربی سلسلہ نے ‘‘اسلام کی امن بخش تعلیمات’’ پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں سوال و جواب کی ایک محفل ہوئی جس میں مہمانوں نے اسلام اور جماعت احمدیہ کے بارے میں سوالات کیے۔ ویسٹرفورٹ کونسل کے کونسلر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے جماعت کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اس تقریب میں ۴۲؍مہمان شریک ہوئے جو گذشتہ سال کی نسبت ۱۳؍زیادہ تھے۔ اس تقریب کی تشہیر مقامی سطح پر کی گئی تھی جس میں تین اخبارات (ویسٹرفورٹ پوسٹ، ڈیؤوین پوسٹ اور زیونار پوسٹ) میں اعلانات شائع کیے گئے۔ نیز سوشل میڈیا پر بھی اس کی خوب تشہیر کی گئی۔

تقریب کے بعد کئی مہمانوں نے کہا کہ وہ اسلام کو ایک امن پسند مذہب کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔ ایک ترک مہمان نے جماعت کی طرف سے پیش کردہ قرآن کریم کا ترجمہ حاصل کیا جبکہ دو بنگالی طلبہ نے بھی قرآن کے انگریزی تراجم لیے اور آئندہ جماعتی پروگرامز میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔

جماعت زوالے:مورخہ ۱۱؍جنوری بروز ہفتہ جماعت احمدیہ زوالے میں منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم حامد کریم محمود صاحب مربی سلسلہ نے جماعت احمدیہ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ پھر ایک معلوماتی ویڈیو حاضرین کو دکھائی گئی جس میں عالمی سطح پر جماعت کی فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔

اس تقریب میں چھ مہمانوں نے شرکت کی۔ آخر میں مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا جس دوران شاملین کے مابین تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رہا۔

اللہ تعالیٰ ان تقریبات کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور جماعت احمدیہ کو اسلام کی حقیقی اور پُرامن تعلیمات کو دنیا کے کناروں تک پھیلانے کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مسجد بیت الہدیٰ، جرمنی کے قیام کے ۲۰؍سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button