اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
نوید الرحمٰن صاحب، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ ڈاکٹر پروفیسر میر مبشر علی صاحب ابن مکرم میر حبیب علی صاحب مرحوم مورخہ ۸؍ فروری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ بقضائے الٰہی ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں وفات پا گئے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون
بوقت وفات مرحوم کی عمر ۸۴؍ سال تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ موصی تھے۔ نماز جنازہ اسی روز بعد نمازعصر بنگلہ دیش جماعت کے ہیڈکوارٹر، بکشی بازار، ڈھاکہ میں مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش نے پڑھائی جبکہ تدفین بنانی، ڈھاکہ میں عمل میں آئی۔
مرحوم ۲؍ جنوری ۱۹۴۲ء کو چٹاگانگ، بنگلہ دیش میں پیدا ہوئے۔ آپ جماعت احمدیہ متحدہ بنگال کے دوسرے امیر، پروفیسر عبد اللطیف صاحب کے نواسے تھے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں مرحوم Bangladesh University of Engineering and Technology کے Department of Architecture میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے اور بعد ازاں اسی شعبہ کے سربراہ بھی رہے۔ آپ بنگلہ دیش میں فنِ تعمیر (Architecture) کی تدریس کے بانیوں میں شمار ہوتے تھے اور اپنے پیشہ میں نہایت دیانت دار اور باوفا شخصیت کے طور پر معروف تھے۔
مرحوم جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے دیرینہ خادم تھے۔ آپ امیر جماعت احمدیہ ڈھاکہ کے طور پر خدمات بجا لاتے رہے۔ بعد ازاں نائب نیشنل امیر کے طور پر تا دم آخر خدمات انجام دیتے رہے۔ علاوہ ازیں آپ بنگلہ ترجمۃ القرآن کمیٹی کے چیئرمین، مختلف جماعتی کمیٹیوں کے سربراہ، افسر جلسہ سالانہ بنگلہ دیش اور جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش کی گورننگ باڈی کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات بجا لاتے رہے۔
آپ انتہائی ملنسار، ہنس مکھ اور مالی قربانی میں پیش پیش رہنے والے شخص تھے۔ جماعتی خدمات ہمیشہ جوش و جذبہ اور اخلاص سے سرانجام دیتے۔ مرحوم کو بنگلہ دیش کے نامور دانشوروں میں شمار کیا جاتا تھا اور مختلف ممالک کے سفارت خانوں، حکومتی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران سے تعلقات استوار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ خاص طور پر گذشتہ چند دہائیوں میں جب بھی بنگلہ دیش میں جماعت احمدیہ کی مخالفت ہوئی، مرحوم نے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، ان کے ساتھ مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭