عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… فرانسیسی صدر نے قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب میں روس کو فرانس اور یورپ کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ ہم ایک نئے دَور میں داخل ہو رہے ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران یوکرین سمیت یورپی ممالک کو جوہری صلاحیت فراہم کرنے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ اس کے لیے ایک معاہدے کی ضرورت ہے، جس کے تحت یورپ کے مستقبل کا فیصلہ امریکہ اور روس میں نہیں ہو گا۔ یوکرین اور نیٹو سے متعلق امریکی پالیسی میں تبدیلی ہمارے لیے فکر کی وجہ ہے۔ ایمانوئل میکرون نے اگلے ہفتے یورپی ممالک کی افواج کے سربراہان کا اجلاس بلانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ ہمیں اپنے اخراجات میں اضافہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ نیز کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ امریکہ ہمارے ساتھ رہے لیکن ہمیں خود کو اس کے برعکس صورتِ حال کے لیے بھی خود کو تیار کرنا ہو گا۔

٭… روسی حکام اور قانون سازوں نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو خبردار کیا ہے کہ میکرون کی روس کے حوالے سے کی گئی گفتگو مغربی ممالک کو تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھا سکتی ہے۔کریملن اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک غلط قدم تیسری عالمی جنگ کی وجہ بن سکتا ہے۔

٭… فلسطینیوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اے آئی سے بنائی گئی متنازع ویڈیو ’ٹرمپ غزہ‘ کا جواب ’غزہ ہمارا ہے‘سے دے دیا۔یاد رہے کہ حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘پر ’ٹرمپ غزہ‘ کے عنوان سے مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی متنازع ویڈیو شیئر کی تھی، جس کے بعد فلسطینیوں میں شدید غم و غصہ دیکھا گیا۔صدر ٹرمپ کی ویڈیو میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والے غزہ میں ہر طرف سبزہ، فلک بوس عمارتیں اور بازار دکھائے گئے، اس کے علاوہ نائٹ کلبز، بیچ پارٹی اور ٹرمپ کا ایک دیو قامت سنہرا مجسمہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

٭… برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کے راہنماؤں کے سربراہی اجلاس کا مقصد دفاعی اخراجات میں اضافہ اور یوکرین کی حمایت کا وعدہ کرنے کے لیے جرات مندانہ اقدامات کی توثیق کرنا ہے۔ برسلز میں بدھ کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ یورپی یونین کے ۲۷؍ممالک کے راہنما شامل ہوں گے۔ حالانکہ ہنگری نے کییف کی حمایت میں بیان کی توثیق کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس سے ان راہنماؤں کے اظہار یکجہتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یہ میٹنگ دفاعی پالیسی کے فیصلے کے ایک ڈرامائی پس منظر میں ہو رہی ہے۔ یورپ کو خدشہ ہے کہ یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑنے والا روس یورپی یونین کے کسی دوسرے ملک پر اگلا حملہ کر سکتا ہے اور موجودہ سیاسی حالات میں یورپ امریکہ پر بھروسہ نہیں کر سکتا۔

٭… امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ جان ریٹ کلف نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے یوکرین کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کو روک دیا ہے۔یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے درمیان وائٹ ہاوس میں اس ملاقات کے بعد اٹھایا گیا ہے، جو ناخوشگوار تکرار میں تبدیل ہو گئی تھی۔ امریکی راہنماؤں نے زیلنسکی سے کہا تھا کہ وہ امریکی حمایت کے بدلے میں نا شکری کا رویہ اپنا رہے ہیں۔ تاہم امریکہ کی طرف سے یوکرین کے ساتھ ملٹری اور انٹیلی جینس کا روکنا عارضی طور پر کیا گیا اقدام ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں امریکہ اور یوکرین ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے۔

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button