یورپ (رپورٹس)

مسجد بیت الہدیٰ، جرمنی کے قیام کے ۲۰؍سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے نواح میں پہاڑی ٹیلوں پر پھیلی آبادی جو مختلف چھوٹے چھوٹے خوبصورت گاؤں پر مشتمل ہے Taunusکے نام سے پکاری جاتی ہے۔ اس علاقے کے ہر گاؤں میں کوئی نہ کوئی احمدی گھر ضرور موجود ہے۔ متعدد جگہوں پر جماعتوں کا قیام ایک لمبے عرصے سے موجود ہے۔ شہر Usingen میں جو سطح سمندر سے ۶۳۰؍میٹر بلندی پر واقع ہے ۱۹۸۷ء میں Neu Anspach کے نام سے جماعت کا قیام عمل میں آیا تھا۔ پھر ۲۰۰۲ء میں مجلس عاملہ کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے اس جماعت کا نام Usingen رکھا۔ خدا کے فضل سے ۲۰۰۴ء میں جماعت کو یہاں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق عطا ہوئی جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’بیت الہدیٰ‘ عطا فرمایا۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد مکرم امیر صاحب نے مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۰۴ء کو رکھا تھا۔ آپ نے بنیاد میں جو اینٹ نصب کی تھی اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خصوصی دعا فرما کر اسے جرمنی بھجوایا تھا۔ تعمیر کے بعد مسجد کا افتتاح ۷؍ ستمبر ۲۰۰۴ء کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے دست مبارک سے عمل میں آیا تھا۔ سنگ بنیاد اور افتتاح کی خبریں ۹؍اپریل اور ۱۸؍اکتوبر ۲۰۰۴ء کے الفضل انٹرنیشنل میں شائع ہو چکی ہیں۔

اب تعمیر پر ۲۰؍سال مکمل ہونے پر ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۴ء کو ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں تعمیر میں حصہ لینے والے ایسے احباب جو اب یہاں سے دوسرے شہروں کو منتقل ہو چکے ہیں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا اصل مقصد نئی نسل کے سامنے ان مالی اور جسمانی قربانیوں کا ذکر کرنا مقصود تھا جو اس طویل جدوجہد کے دوران احباب جماعت کی طرف سے پیش کی گئیں۔

اس خصوصی تقریب کی صدارت مکرم امیر صاحب جرمنی نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم محمد طارق انور صاحب صدر جماعت احمدیہ Usingenنے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مسجد کے لیے زمین کے حصول ، تعمیر کی اجازت سے مکمل ہونے اور افتتاحی تقریب تک کا احوال درج ذیل دوستوں نے پیش کیا۔مقامی جماعت کی ابتدائی تاریخ اور جگہ کے حصول کی کوشش پر مکرم بشارت احمد انیس صاحب سابق ریجنل امیر جماعت حال صدر مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ نے اظہار خیال کیا۔ سنگ بنیاد کا احوال مکرم عطاء اللہ خان صاحب سابق صدر نے، وقار عمل کی رپورٹ مکرم منصور احمد صاحب سابق قائد مجلس خدام الاحمدیہ، افتتاحی تقریب کی تفصیل مکرم عبدالکبیر صاحب سابق ریجنل امیر اور بیس سال میں جماعتی سرگرمیوں کی رپورٹ کا جائزہ مکرم مبارک جمیل صاحب زعیم مجلس نے پیش کیا۔

یاد رہے کہ مسجد بیت الہدیٰ کے افتتاح کے بعد تیسرے ماہ کے دوران مخالفین نے اسے رات گئے آگ لگا دی تھی جس سے مسجد کا کافی نقصان ہو گیا تھا۔ لکڑی کا بنا ہوا خوبصورت محراب جل گیا تھا۔ کھڑکیوں کے شیشے گرمی سے پھٹ گئے تھے۔ مسجد کا اندرونی حصہ اور چھت سیاہ ہو گئی تھی۔ اس تقریب میں مسجد کو آگ لگنے کے واقعے کی تفصیل مکرم بشارت احمد وڑائچ صاحب اور مسجد کی تعمیر نو کی رپورٹ مکرم رانا محمد اکبر صاحب نے پیش کی۔ آخر میں مولانا صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج نے باجماعت نماز کی اہمیت پر ایک مؤثر تقریر کی۔ دعا سے قبل امیر صاحب جرمنی نے مساجد کو آباد رکھنے کے لیے نوجوانوں کو خصوصی توجہ دلائی۔ بعد ازاں سب حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

(رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: یونان میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button