لجنہ اماء اللہ لٹویا کا پہلا جلسہ سیرة النبى ﷺ
مکرمہ مناہل انعم صاحبہ سیکرٹری تبلیغ و اشاعت لجنہ اماءاللہ لٹویا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماءاللہ لٹویا کو اپنا پہلا جلسہ سیرةالنبىﷺ مورخہ ۸؍فروری ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مکرمہ خالدہ بشارت صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ لٹویا کی صدارت میں جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’حضرت محمدﷺ-عورتوں کے حقوق کے محافظ اور آپؐ کا حسن معاشرت‘‘ از مکرمہ غانیہ شاہ صاحبہ، ’’صحابیاتؓ کا آنحضورؐ کی صحبت اورقوت قدسیہ سے فیض پانے کے واقعات‘‘ از مکرمہ نرمین مریم صاحبہ سیکرٹری خدمت خلق و امور طالبات، ایک نظم کے بعد ’’آنحضورﷺ-انسانیت کے لیے ایک راہنما‘‘ از مکرمہ شافعہ شاہد صاحبہ جنرل سیکرٹری و سیکرٹری مال اور ’’رَحۡمَۃ لِّلۡعٰلَمِیۡنَ-بیٹیوں کے لیے رحمت‘‘ از خاکسار (سیکرٹری تبلیغ و اشاعت)۔
جلسہ کےاختتام پر مکرمہ صدر صاحبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےتمام ممبرات کو اس جلسے کی تقاریر سے بھر پور فائدہ اُٹھانے کی طرف متوجہ کیا اور اپنی زندگیوں کو اُسوہ رسولﷺ کے مطابق گزارنے کی تلقین کی۔ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے تمام حاضرین جلسہ کابھی شکریہ ادا کیا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ یہ بابرکت اور تاریخی جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس کے بعد نمازِ مغرب ادا کی گئی اور تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
یادرہے کہ لٹویا میں ۱۲؍مئی ۲۰۲۲ء کو لجنہ اماء اللہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس وقت لجنہ اماء اللہ کی کُل تعداد چھ ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس جلسے میں سب ممبرات لجنہ اماءاللہ شامل تھیں۔ ان کے علاوہ دو بچے بھی شامل تھے۔
اللہ تعالیٰ لجنہ اماءاللہ لٹویا کوبےحساب ترقیات عطا فرمائے، تمام ممبرات کے ایمان و ایقان میں اضافہ فرمائے اور انہیں اسلام احمدیت کی حقیقی سفیر بنائے۔ آمین
(رپورٹ:بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ڈنمارک میں نیشنل وقف نو سیمینار کا انعقاد