افریقہ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ نیوکی اور افتتاح مشن ہاؤس نیوکی ،کونگو کنشاسا

کونگو کنشاسا کے صوبہ Mai-Ndombe کا ایک شہر نیوکی ہے۔ اس شہر میں ایک طویل عرصہ سے جماعت احمدیہ قائم ہے اور مسجد کی تعمیر بھی ہو چکی ہے۔ امسال یہاں مشن ہاؤس کی تعمیر مکمل ہوئی۔ مورخہ ۱۲؍نومبر ۲۰۲۴ء کو مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت احمدیہ کانگو کنشاسا جماعتی وفد کے ہمراہ Inongoمشن سے جھیل مائی دومبے پہنچے (انوگو شہر اس کے کنارے پر واقع ہے)۔ وہاں سے Rapid Boatکے ذریعے جماعتی وفد نیوکی شہر کے لیے روانہ ہوا جو کہ تقریباً ۱۵۰کلومیٹر کی دریائی مسافت پر واقع ہے۔ تقریباً چار گھنٹے کے سفر کے بعد یہ وفد نیوکی پہنچا۔ یہاں سے تقریباً چار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے وفد جماعتی مشن ہاؤس پہنچا۔

جلسہ سالانہ نیوکی

جماعت احمدیہ نیوکی شہر کو مورخہ ۱۷؍نومبر ۲۰۲۴ء کو اپنا تیسرا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ کا آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم امیرصاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مقامی صدر صاحب جماعت نے عوامی جمہوریہ کانگو کا پرچم لہرایا۔ افتتاحی اجلاس کے شروع میں تلاوت قرآن پاک اور اس کا فرنچ ترجمہ مکرم شریف چیتنگے صاحب معلم سلسلہ نے پیش کیا حضرت مسیح پاک علیہ السلام کا عربی قصیدہ ظفر سالانہ صاحب معلم سلسلہ نےپیش کیا۔اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے جلسہ سے افتتاحی خطاب کیا جس کے بعد عمر مانوور صاحب معلم سلسلہ نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر تقریر کی۔ جبکہ دوسری تقریر مکرم عبدل وابی صاحب نے اطاعت خلافت پر کی۔ اس کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا اورنماز ظہر و عصرادا کی گئیں۔

دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود ؑکا اردو منظوم کلام مکرم شریف چیتنگے صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد معلم سلسلہ سلمان فانی صاحب نے احباب کے سامنے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تعارف پیش کیا۔ اجلاس کی پہلی تقریر مکرم محمد بولیمے صاحب نے اسلام اور امن عالم کے موضوع پر کی۔ جس کے بعد مقامی معلم سلسلہ نے مشن ہاؤس کی تعمیر کی رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیرصاحب نے خطاب کیا۔ آپ کی تقریر کے بعد معزز حاضرین میں سے کچھ نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا،جماعت کو اس جلسہ کے انعقاد پر مبارک باد دی اور اسلامی تعلیمات سے آگاہی پر شکریہ ادا کیا۔

افتتاح مشن ہاؤس و سنگ بنیاد سلائی سنٹر

مکرم امیر صاحب نے علامتی طور پر ربن کاٹ کر نئے تعمیر شدہ احمدیہ مشن ہاؤس نیوکی کا افتتاح کیا۔ اسی موقع پر آپ نے نیوکی میں Humanity First کے تعاون سے تعمیر ہونے والے احمدیہ سلائی اسکول کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور اختتامی دعا کرائی۔ اس کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

مجموعی طور پر اس جلسہ کی حاضری ۴۷۰؍رہی جس میں احمدی احباب کی تعداد ۱۸۸؍تھی جبکہ باقی مہمان تھے۔

اللہ تعالیٰ اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور شاملین جلسہ کو حضرت مسیح پاکؑ کی تمام دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مسجد مبارک باماکو، مالی میں ایک مجلس سوال و جواب کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button