افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا میں جماعتی ہیڈکوارٹر بانجل/کومبو میں ایک مسجداور مشن ہاؤس کے سنگ بنیادکی تقریب

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو جماعت کے ہیڈ کوارٹر بانجل/کومبو میں موجود جماعتی زمین نیو یوندم (New Yundum) پر مسجد اور مشن ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مورخہ ۲۰؍نومبر۲۰۲۴ء بروز بدھ سنگ بنیاد کی تقریب مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں جماعت احمدیہ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی جن میں مبلغ انچارج مکرم محمود احمد طاہرصاحب،بانجل/کومبو کے ایریا مشنری، نیشنل عاملہ کے ممبران، مینیجر پریس و سٹاف، ڈاکٹر صاحبان، مبلغین ومعلمین ،مقامی جماعت کے ممبران و ذیلی تنظیموں کے اراکین شامل تھے۔ اسی طرح علاقے کے غیر از جماعت احباب نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں اسلام میں مساجد کے مرکزی کردار پر روشنی ڈالی جو امن و ہم آہنگی کے مینار کے طور پر کام کرتی ہیں۔ آپ نے مزید بتایا کہ مسجد کی پہلی اینٹ امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت بطور تبرک یوکے سےارسال فرمائی ہے۔ نیز امیر صاحب نے بتایا کہ جس زمین پر مسجد تعمیر کی جا رہی ہے وہ جماعت کو ایک خاتون نے عطیہ کی تھی جو گیمبیا کی سابقہ صدر لجنہ اماء اللہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے بھجوائی گئی اینٹ بنیاد میں رکھی۔ اس کے بعد جماعتی عہدیداران نے باری باری اینٹیں رکھیں۔ اس موقع پر فضا ربنا تقبل منا اور اللّٰہُ اکبرکی صداؤں سے معطر ہوگئی۔

اس موقع پر جماعت احمدیہ کے علاوہ ملک کے نامور میڈیا ہاؤسز بھی موجود تھے جنہوں نے اس تقریب کی کوریج کی اور آخر پر امیر صاحب کا ایک انٹرویو بھی لیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ مسجد اپنی مقررہ مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچے اور اپنے تمام مقاصد کو پورا کرنے والی ہو۔آمین

(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: گیمبیا کی جماعت یاللباہ (Yallal Ba) میں احمدیہ مسجداور مشن ہاؤس کے سنگ بنیادکی تقریب

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button