حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

سفر میں روزہ بالکل نہیں رکھنا چاہئے

حکم یہ ہے کہ تم مریض ہو یا سفر میں ہو، قطع نظر اس کے کہ سفر کتناہے، جو سفر تم سفر کی نیت سے کررہے ہو وہ سفر ہے اور اس میں روزہ نہیں رکھناچاہئے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایاہے کہ دو تین کوس کا سفر بھی سفر ہے اگر سفر کی نیت سے ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہم میں برداشت ہے، ہم برداشت کرسکتے ہیں تو ایسے لوگوں کویہ بات یاد رکھنی چاہئے۔

… پھر ایک اوربڑی واضح حدیث ہے۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ سے ایک شخص نے رمضان کے مہینہ میں سفر کی حالت میں روزہ اور نمازکے بارہ میں دریافت کیا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا:’’رمضان میں سفر کی حالت میں روزہ نہ رکھو‘‘۔ اس پر ایک شخص نے کہا یا رسول اللہ ! مَیں روزہ رکھنے کی طاقت رکھتاہوں۔ نبیﷺ نے اسے کہا کہ ’’اَنْتَ اَقْوَی اَمِ اللّٰہُ ؟‘‘ کہ تو زیادہ طاقتورہے یااللہ تعالیٰ؟ یقیناً اللہ تعالیٰ نے میری اُمّت کے مریضوں اور مسافروں کے لئے رمضان میں سفر کی حالت میں روزہ نہ رکھنے کو بطور صدقہ ایک رعایت قرار دیاہے۔ کیا تم میں سے کوئی یہ پسند کرتاہے کہ وہ تم میں سے کسی کوکوئی چیز صدقہ دے پھر وہ اس چیز کو صدقہ دینے والے کو لوٹا دے۔ (المصنف للحافظ الکبیرابوبکر عبدالرزاق بن ھمام۔ الصیام فی السفر)

تو اس سے مزید واضح ہوگیاکہ سفر میں روزہ بالکل نہیں رکھنا چاہئے۔ لیکن بعض دفعہ بعض لوگ دوسری طرف بہت زیادہ جھک جاتے ہیں۔ بعض اس سہولت سے کہ مریض کوسہولت ہے خود ہی فیصلہ کرلیتے ہیں کہ مَیں بیمارہوں اس لئے روزہ نہیں رکھ سکتا۔ اور پوچھو تو کیا بیماری ہے ؟ تم تو جوان آدمی ہو، صحت مند ہو، چلتے پھر رہے ہو، بازاروں میں پھررہے ہو، بیماری ہے تو ڈاکٹر سے چیک اپ کرواؤ تو جواب ہوتاہے کہ نہیں ایسی بیماری نہیں بس افطاری تک تھکاوٹ ہو جاتی ہے، کمزور ی ہوجاتی ہے۔ تویہ بھی وہی بات ہے کہ تقویٰ سے کام نہیں لیتے۔ نفس کے بہانوں میں نہ آؤ۔ فرمایا یہ ہے کہ نفس کے بہانوں میں نہ آؤ۔ ہمیشہ یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے دل کا حال جانتاہے۔ خوف کا مقام ہے۔ یہی نہ ہو کہ ان بہانوں سے کہیں ان حکموں کو ٹال کر حقیقت میں کہیں بیمار ہی بن جاؤ۔

(خطبہ جمعہ ۲۴؍ اکتوبر ۲۰۰۳ء، مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۱۹؍ دسمبر ۲۰۰۳ء)

مزید پڑھیں: مقبول روزوں اور دعا ؤں کی توفیق کے لیے دعا کی تحریک

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button