یورپ (رپورٹس)

ماہ نومبر و دسمبر۲۰۲۴ء میں مجلس انصاراللہ جرمنی کی بعض مساعی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ جرمنی ایک فعال تنظیم ہے جو مستقل مزاجی سے اپنے پروگراموں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ماہانہ اجلاسات اور انصار کے دینی معیاروں کو بڑھانے کے جو پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں ان کے علاوہ بھی جرمن باشندوں کو اسلام کی اصل تعلیم سے متعارف کروانے اور معاشرے کے افراد کی مدد اور پبلک ریلیشنز کے ليے جو اقدامات اٹھائے جاتے ہیں ان کا دو ماہ کا مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔

نومبر۲۰۲۴ء

شجر کاری مہم:مورخہ ۳؍نومبر کو Nidderau شہر، ۱۴؍نومبرکو Augsburg اور Leipzig شہر میں پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر شہروں کے میئر صاحبان Mr. Reiner Erben, Mr. Rainer Volger, Mr. Jürgen Enningerبھی موجود تھے۔ انہوں نے مجلس انصاراللہ کی اس کارروائی کو اپنی تقاریر میں سراہا جس کو اخبارات میں بھی شائع کیا گیا۔

احمدیہ لنگر خانہ:۱۰؍نومبر کو مجلس Munich کے ایک مصروف علاقہ Münchener Freiheit میں بے گھر اور غریب افراد کے ليے موبائل لنگر کا اہتمام کیاگیا۔ یہ لنگر سارا دن جاری رہا۔ دس انصار نے اس کار خیر میں حصہ لیا جس دوران ۳۱۰؍افراد کو کھانا مہیا کیا گیا۔ مجلس Neuss بھی روزانہ تیس افراد کو کھانا مہیا کرتی ہے۔ ۹؍نومبر کو ۱۰۰؍سے زائد افراد کو کھانا مہیا کیاگیا۔ شہر ویزبادن کی پانچوں مجالس نے دوران ماہ دو مرتبہ ۳۰۰؍افراد کو کھانا مہیا کیا۔ ۱۸؍انصار نے خدمت کرنے کی توفیق پائی۔

تبلیغی سرگرمیاں:مجلس Augsburgنے تبلیغی میٹنگ منعقد کی جس میں مکرم شیخ لقمان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ایک روحانی سلسلہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ تقریب میں ۱۰؍غیر مسلم مہمان بھی شریک ہوئے۔ تقاریر کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔ Rüsselsheimکی دو مجالس جنوبی اور مشرقی اور ساتھ مجلس وٹلش نے تبلیغی پوسٹر کے ساتھ پروگرام ترتیب دیے۔

فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر امن مشن کے تحت جنگ کے خلاف اور امن کی ضرورت پر مبنی بڑے پوسٹر ہاتھوں میں پکڑ کر انصار نے مسافروں سے گفتگو کی۔

قرآن سیمینار:قرآن کریم کو پڑھنے اور ترجمہ سیکھنے کی ترغیب دینے کے ليے قرآن سیمینارز منعقد کروائے جاتے ہیں۔ ماہ نومبر میں Bayern North , Westfalen, Hessen South ,West,East میں قرآن سیمینار منعقد ہوئے جن میں مبلغین سلسلہ نے قرآن کریم کے فضائل بیان کر نے کے علاوہ تلاوت قرآن کریم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ حاضری ۵۰۰؍افراد سے زیادہ رہی۔ الحمدللہ

علاقائی سپورٹس ریلیز اور مقابلہ جات: ۱۳؍اکتوبر کو علاقہ Hessen Taunus اور ۲۷؍اکتوبر کو Westfalen میں سپورٹس ریلی کا انعقاد ہوا۔ جبکہ ماہ نومبر میں Baden-Württemberg اور Hessen Mitteکی مجالس نے سپورٹس ریلی کا انعقاد کیا۔ دسمبر میں Nord Baden اور Nordrhein میں سپورٹس ریلی منعقد ہوئیں۔ ان میں فٹ بال، والی بال، کرکٹ اور بیڈمنٹن کے مقابلے کروائے جاتے ہیں۔ درمیان میں نمازوں کی ادائیگی کے بعد تلقین عمل کے پروگرام بھی ہوئے۔ موسم سرد ہونے سے قبل ماہ اکتوبر میں ۴۶؍مجالس کو کھیلوں کے مقابلے کروانے کی توفیق ملی جن میں ۴۵۱؍کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ماہ نومبر میں ۳۸؍مجالس کے کھیلوں کے مقابلہ جات میں ۴۴۹؍کھلاڑی شامل ہوئے۔ ۸؍دسمبر کو Neuwied میں ایک ملٹی نیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ کروانے کی توفیق ملی جس میں جرمنی کے علاوہ ترکی اور رومانیہ سے انصار ٹیمیں بھی شامل ہوئیں۔ فائنل مقابلہ رومانیہ کی ٹیم نے جیتا۔

ماہ دسمبر۲۰۲۴ء

مورخہ ۱۸؍دسمبر کو Schwetzingen میں ۲۰؍مہمانوں کی موجودگی میں شہر میں پودا لگایا گیا۔ مہمانوں میں شہر کے میئر Mr. Pascal Seidelبھی موجود تھے۔ احمدیہ موبائل لنگر خانہ کے تحت مجلس انصار اللہ نے ۱۰؍دسمبر کو Dortmund, Bielefeld, Bochumاور ۱۴؍دسمبر کو Mühlheim an der Ruhr , Gelsenkirchen, Recklinghausen میں غرباء میں کھانا تقسیم کیا۔ ۱۸؍و۲۳؍دسمبر کو مجلس Essen نے ایک فلاحی ادارے Tafel کے ساتھ مل کر کھانا تقسیم کیا۔ کُل ایک ہزار ۱۵۰؍افراد کو کھانا مہیا کیا گیا۔ ۱۹؍دسمبر کو مجلس Wiesbaden West اور مسجد مبارک کے علاقہ کے انصار نے فلاحی ادارے Diakonie کے تعاون سے ۲۰۰؍افراد کو کھانا مہیا کیا۔ لنگر کی تقسیم کے نیک کام میں ۶۰؍انصار نے حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ موبائل لنگر کی وساطت سے مجلس انصار اللہ جرمنی سارا سال بے گھر افراد کو کھانا مہیا کرنے کی خدمت پر مامور رہتی ہے جس کے ساتھ جماعت کا تعارف کرانے کا نادر موقع بھی میسر آجاتا ہے۔

سترھویں سالانہ علمی مقابلہ جات

یہ مقابلہ جات مورخہ ۱۵؍دسمبر بروز اتوار مسجد مبارک ویزبادن میں منعقد ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے افتتاحی تقریر کی جس کے بعد علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ دیگر علمی مقابلہ جات کے علاوہ پیغام رسانی اور کوئز کے پروگرام بھی ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد تقسیم انعامات کے ليے اختتامی اجلاس ہوا جس میں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار کو انعامات سے نوازا گیا۔

تبلیغی میٹنگ:۱۴؍دسمبر کو مجلس انصاراللہ Olpe نے یوکرائن کے ۱۵؍احباب و خواتین کے ساتھ تبلیغی نشست کااہتمام کیا جس میں اسلام کی دوسرے مذاہب پر برتری کے حوالے سے حقائق بیان کیے گئے۔ مہمانوں کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ مہمانوں کو رشین اور یوکرائن کی مقامی زبان میں ۲۴۵؍کتب و پمفلٹس تحفہ میں دیے گئے اور مہمانوں کی خاطر تواضع بھی کی گئی۔

اللہ تعالیٰ مجلس کی تمام مساعی کو قبول کرتے ہوئے مزید خدمات دینیہ کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: واقفینِ نو جرمنی کے پانچویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ءکا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button