یورپ (رپورٹس)

واقفینِ نو جرمنی کے پانچویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کو واقفین نو کا پانچواں سالانہ اجتماع ’’پابندئ عہد‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۶؍دسمبر۲۰۲۴ء کو فرینکفرٹ سے پچاس کلومیٹر دُور شہر Giessenکے Exhibition Centerمیں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس شہر میں جماعت کو مسجد بیت الصمد تعمیر کرنے کی توفیق مل چکی ہے۔

ایک روزہ اجتماع میں واقفین نو اور واقفات نو کے لیے علیحدہ علیحدہ پروگرام ترتیب دیے گئے تھے۔ البتہ تلقین عمل کے پروگرام میں پیش کی جانے والی علماء کی تقاریر خواتین کے اجتماع میں بھی نشر کی گئیں۔ امسال واقفین نو کوعمر کے اعتبار سے چار بڑے گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ جن کے آگے معیار صغیر اور معیار کبیر میں تقسیم کرکے مقابلہ جات کروائے گئے۔


تیاری اجتماع: ایک ماہ قبل اجتماع کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے متعدد اجلاس منعقد کرکے اجتماع کے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ مقام اجتماع کو تیار کرنے اور لنگر خانہ کے قیام کے لیےتین بڑے وقار عمل کیے گئے۔

افتتاحی اجلاس: اجتماع کے افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد افتتاحی تقریر مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج نے کی جس میں انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز واقفین نو سے کیا توقعات رکھتے ہیں۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرائی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد ایک مختصر فیچر پروگرام رکھا گیا جس میں وقف کے عہد کو نبھانے کی اہمیت بیان کی گئی۔ اسی طرح معیار کبیر کے واقفین نو کے لیے ’’میں وقف نو ہوں‘‘ کے موضوع کے تحت ایک نشست رکھی گئی۔

صبح کے اجلاس میں مربیان سلسلہ نے ’’قرآن زندگی کا سرچشمہ ہے‘‘ اور ’’وقف عارضی کرنے کی اہمیت‘‘ پر تقاریر کیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کہ ’’تعطیلات کے دوران دو ہفتے کے لیے وقف عارضی کرنا چاہیے‘‘، کی اہمیت سے بچوں کو آگاہ کیا گیا۔

وہ واقفین نو جو ابھی زیر تعلیم ہیں ان کو مقام اجتماع میں موجود مختلف سٹالز کا دورہ کروایا گیا تاکہ وہ جماعتی نظام میں قائم دفاتر اور سکیموں سے آگاہی حاصل کریں اور بطور واقف نو ان منصوبوں میں مدد کرنے لیے متعلقہ مربیان یا انچارج سے معلومات حاصل کریں۔ نیز ایسے واقفین نو جو تعلیم مکمل کرکے عملی میدان میں داخل ہوچکے ہیں ان کے ساتھ ہونے والی نشست میں ’’رشتہ نکاح کا تقدس‘‘ کے موضوع پر مکرم بہزاد چودھری صاحب مربی سلسلہ اور مکرم عمیر ظفر صاحب ایڈیشنل مہتمم تربیت نے گفتگو کی۔ مکرم احیاءالدین صاحب مربی سلسلہ، مکرم سعید عارف صاحب مربی سلسلہ اور مکرم نادر سندھو صاحب مربی سلسلہ نے نوجوانوں کو راہنمائی فراہم کی کہ تعلیم مکمل کرنے اور عملی زندگی شروع کرنے کے بعد جب واقفین نو کو جماعت، جماعت سے باہر کام کرنے کی اجازت دے دیتی ہے توبحیثیت وقف نو ان کے فرائض کیا ہیں اور ان کی خدمت کا میدان ان سے کیا توقع رکھتا ہے۔

اجتماع کے دوران مکرم وجیہ رانا صاحب پرنسپل مسرور احمدیہ سکول لائبیریا اور مکرم صادق بٹ صاحب مربی سلسلہ ترکی نے بھی تقاریر کیں۔ وہ واقفین نو جو جماعت میں خدمت سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے اپنے اپنے تجربات بیان کیے تاکہ عملی زندگی میں قدم رکھنے والے واقفین نو کو راہنمائی میسر ہو۔ نیز جماعت کی ضروریات اور واقفین کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ وقف کی روح، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی واقفین نو سے توقعات، اپنی علمی استعداد کو بڑھانے کی ضرورت، ان تمام موضوعات پر اجتماع کے دوران نوجوانوں کو سمجھانے کی کوشش کی گئی۔

کھانے اور نماز ظہروعصر کی ادائیگی کے بعد تلقین عمل کا پروگرام مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مربی سلسلہ کی صدارت میں ہوا جس میں مکرم سعادت احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جو فوری شائع کرکے اجتماع میں شامل ہر شخص کو مہیا کر دیا گیا۔ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب نے نماز کی اہمیت اور خدا تعالیٰ سے پختہ تعلق پیدا کرنے کے عنوان پر تقریر کی۔

اختتامی اجلاس: اختتامی اجلاس بھی مکرم نیشنل امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد مکرم انصر افضل صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے واقفین نو کو جرمنی میں اسلام پر ہونے والی بحث اور حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے واقفین نو کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ شام ساڑھے پانچ بجے واقفین نو کا یہ پانچواں اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

اجتماع میں واقفین نو بچوں اور مہمانوں کی کُل تعداد چھ ہزار ۱۰۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: شعبہ تربیت کے تحت فن لینڈ کی بعض جماعتوں کا دورہ

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button