حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… چوراسی ملین سے زائد آبادی پر مشتمل یورپی ملک جرمنی میں اتوار ۲۳؍فروری کو پارلیمانی انتخاب ۲۰۲۵ء کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوا اور شام چھ بجے اختتام پذیر ہو گیا۔ اس بار اپنا حق رائےدہی استعمال کرنے والے شہریوں کی تعداد 59.2 بتائی جا رہی ہے۔ ان میں 30.6 ملین خواتین اور 28.6 ملین مرد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال سولہ دسمبر کو سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے راہنما اور جرمن چانسلر اولاف شولس وفاقی پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے، جس کے بعد ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ءکو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ رائےعامہ کے تازہ ترین جائزوں کے مطابق جرمنی کی انتہائی قدامت پسند جماعت سی ڈی یو سب سے آگے ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی نظر آ رہی ہے۔

٭… لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ اور سیکرٹری جنرل ہاشم صفی الدین کی بیروت میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کے تاریخی جنازے میں شرکت کے لیے لبنان اور دنیا بھر سے لاکھوں افراد بیروت پہنچے ہیں۔ بیروت میں امن و امان قائم رکھنے کےلیے فوج اور داخلی سیکیورٹی فورسز کے یونٹس تعینات کیے گئے، جبکہ جنازے کی رسومات کےلیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ حسن نصراللہ اور سیکرٹری جنرل ہاشم صفی الدین کے جسد خاکی اسٹیڈیم میں پہنچا دیے گئے، بیروت کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں نماز جنازہ کا اجتماع ہوا۔ واضح رہے کہ حسن نصراللہ ۲۷؍ستمبر ۲۰۲۴ء کو اسرائیل کے جنوبی بیروت پر فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے، جس میں اسرائیلی جیٹ طیاروں نے ۸۵ ٹن دھماکہ خیز مواد سے ضاحیہ میں ۶ رہائشی عمارتیں تباہ کر دی تھیں۔ جبکہ سید ہاشم صفی الدین ۳؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔یاد رہے کہ حزب اللہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دونوں راہنماؤں کے جنازے کو مؤخر کر دیا تھا۔

٭… کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔پوپ فرانسس کی صحت سے متعلق ویٹیکن نے اپنے بیان میں کہا کہ پوپ فرانسس کی طبیعت گذشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ خراب ہوگئی ہے۔ویٹیکن کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، پلیٹ لیٹس کم ہونے پر انہیں خون بھی لگایا گیا ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق ۸۸ سالہ پوپ فرانسس کو ڈبل نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی، پوپ فرانسس ۱۴؍فروری سے ہسپتال میں داخل ہیں۔

٭… سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ہادی مطر کو امریکی عدالت نے قتل کی کوشش کے جرم میں مجرم قرار دے دیا۔ رواں ماہ کے آغاز میں ہادی مطر کے خلاف نیویارک کی عدالت میں مقدمہ شروع ہوا تھا۔لبنانی نژاد امریکی حملہ آور نے مقدمے کی کارروائی کے دوران امریکی عدالت میں اعترافِ جرم کیا، جس پر اسے ۲۳؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو سزا سنائی جائے گی۔ ممکنہ طور پر اسے ۲۵ سال تک قید کا سامنا کرنا پڑے گا۔۲۷ سالہ ہادی مطر پر الزام تھا کہ اس نے ۲۰۲۲ء میں رشدی کو درجنوں بار چاقو مارا، جس کے نتیجے میں رشدی کی بینائی متاثر ہوئی۔

٭… بھارتی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی کے لیے ۵۰؍سالہ ریکھا گپتا کا دہلی کی چوتھی خاتون وزیرِاعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے دو ہفتوں بعد گذشتہ روز ریکھا گپتا کو دہلی کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔ ان سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس سے خواتین اس عہدے پر فائز رہ چکی ہیں۔ ریکھا گپتا نے ۵؍فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی امیدوار کو ۲۹؍ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button