لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی بارھویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی بارھویں نیشنل تعلیمی و تربیتی کلاس جماعت احمدیہ کےہیڈ کوارٹر بخشی بازار، ڈھاکہ میں مورخہ ۱۷ تا ۲۰؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز منگل تا جمعۃ المبارک منعقد ہوئی۔ الحمد للہ
اس کلاس میں مختلف مجالس سے ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات نے حصہ لیا۔ ان کے لیے رات کو مسجد میں رہائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ روزانہ باجماعت نماز تہجد کا انتظام تھا۔ اس کلاس میں قرآن، حدیث، نظم اور دعا کے مضامین پر کلاسز ہوئیں۔ علاوہ ازیں خلافت کی اہمیت، جماعت سے باہر شادی کرنے کے نقصانات اور جماعت میں شادی کرنے کے فوائد اور برکات، قیام نماز کے روحانی طریقے، حضرت مسیح موعودؑ کی نظر میں ایک حقیقی احمدی اور کتاب ’سوشل میڈیا‘ کی تدریس بھی کلاس کا حصہ تھی۔
ممبرات لجنہ اماءاللہ کے لیے ایک خصوصی parenting کلاس بھی ہوئی جس میں بچوں کی پرورش، نو مولود سے لے کر تین سال تک کے بچوں کی ذہنی پرورش نیز امور طلبہ کوئز کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
اسی طرح ناصرات کے لیے بھی ان پروگرامز کا اہتمام کیا گیا تھا: ادب کلاس برموضوع ’احمدیت کیا ہے؟‘، کیریر گائڈ لائن پروگرام اور Save the planetکوئز۔
اس کے ساتھ ساتھ تمام شاملین کے لیے کھیلوں کا بھی انتظام تھا جن میں حافظے کا امتحان اور کاؤنٹنگ گیم وغیرہ شامل تھیں۔ نیز کلاس کے دوران صحت اور ورزش کے موضوع پر بھی تدریس ہوئی۔
اس تعلیمی و تربیتی کلاس میں کُل ۱۷؍مجالس کی شمولیت رہی۔ کُل حاضری ۱۶۵؍رہی جس میں ۱۲۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۳۰؍ناصرات، ۱۰؍بچے اور ۵؍دیگر احباب شامل ہیں۔ امتحانات میں حصہ لینے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ کی تعداد۶۰؍ اور ناصرات کی تعداد ۳۰؍تھی۔ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کوحاصل کردہ نمبر کے مطابق اسناد دی گئیں۔
۲۰؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک بعد از نماز جمعہ اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، نظم، اظہارِ تشکر اور تربیتی نصائح کے بعد انعامات تقسیم ہوئے اور مکرمہ ریحانہ خیر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے اختتامی دعا کرائی جس کے ساتھ یہ کلاس اپنے اختتام کو پہنچی۔