افریقہ (رپورٹس)

کونگو کنشاسا کے ریجن Bandundu میں مسجد کا افتتاح

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

کونگو کنشاسا کے صوبہ Kwiluکی ایک Territoryجس کا نام Bagataہے اس کا ایک بڑا گاؤںMaku-Maku ہے۔ یہاں پر جماعت احمدیہ نے ایک چھوٹی مسجد تعمیر کی تھی لیکن شدید بارشوں کی وجہ سے وہ منہدم ہو گئی۔ اس پر جماعت نے یہاںپر جامع مسجد کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔ یہ گاؤں باندوندو(Bandundu)شہر سے دریائی اور موٹرسائیکل کے راستے پر تقریباً ۵۵؍کلومیٹر پر واقع ہے۔ تعمیراتی سامان کا یہاں تک پہنچانا ایک بہت ہی مشکل کام تھا۔ مقامی افراد جماعت نےمسجد کی تعمیر میں انتھک محنت کی اور ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت احمدیہ کانگو کنشاسا کے ہمراہ جماعتی وفد مورخہ ۲۰؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو Maku-Makuکے لیے روانہ ہوا۔ پہلے دریائی راستہ اور پھر موٹر سائیکلز کے ذریعہ زمینی راستہ عبور کر کے دن کے تقریباً دس بجے وہاں پہنچے۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ سلمان فانی صاحب معلم سلسلہ نے احباب اور مہمانان کے سامنے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ بعدہٗ مکرم محمد بولیمے صاحب نے ’’اسلام اور امن عالم‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد مکرم احمد ملانگی صاحب صدر جماعت احمدیہ Maku-Makuنے مسجد کی تعمیر کی رپورٹ پیش کی۔ دو بڑے چیفس نے مکرم امیر صاحب کی آمد پر ان کو خوش آمدید کہا اور اس مسجد کی تعمیر پر مبارک باد دی۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں احباب جماعت کو نماز باجماعت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مسجد کو آباد رکھنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد آپ نے فیتہ کاٹ کر علامتی طور پر اس مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کرائی۔ اس تقریب میں ۸۰۰؍کے قریب افراد شامل ہوئے۔

اس تقریب کے بعد امیر صاحب نے جمعہ پڑھایا جس کے بعد تمام افراد جماعت اور مہمانان کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کو مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button