خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کےحوالے سے منصوبہ سازگار ہے، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کروں گا۔ میں صرف منصوبے کی سفارش کرسکتا ہوں، غزہ کے لوگوں کو آزادی اظہار کا موقع دیا جائے تو وہ دوسری جگہ کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی انتہائی بہترین محل وقوع کی حامل ہے، ماضی میں اسرائیل کا غزہ کی پٹی سے دستبردار ہونا قابل غور بات ہے۔چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ غزہ پر ایک ایسے طویل مدتی قبضے کی سوچ رکھتے ہیں جس کی قیادت امریکہ کرے گا۔
٭…غزہ میں پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا، پولیو کیس غزہ کے علاقے دیرالبلح میں رپورٹ ہوا۔غزہ وزارت صحت کے مطابق پولیو سے متاثرہ 10 ماہ کے بچے نے پولیو کی کوئی ویکسین نہیں لی۔ غزہ میں پولیو کا کیس 25 سال بعد سامنے آیا ہے۔یونیسیف خان یونس اور دیرالبلح سے حاصل نمونوں میں پولیو وائرس رپورٹ کر چکا تھا۔اقوام متحدہ نے غزہ میں پولیو ویکسینیشن کے لیے 7 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ میں پولیو کیس کی تصدیق، غزہ اور پڑوسی ممالک کے لیے ایک اور خطرہ ہے۔حماس نے یو این ایجنسیوں کے انسداد پولیو مہم کے لیے 7 روزہ جنگ بندی کے مطالبے کا خیرمقدم کیا ہے۔
٭… غزہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔جو 4 روز تک جاری رہے گی۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق جنگ سے متاثرہ علاقے میں بچوں میں قوت مدافعت کم ہو جانے کی وجہ سے علاقے میں پولیو کے پھیلنے کا واضح امکان ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق گذشتہ سال اگست کے آخری دنوں میں غزہ کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا تھا جس کی وجہ سے ایک کیس بھی سامنے آیا تھا۔ گذشتہ سال اکتوبر میں جنگ کے دوران بھی 90 فیصد بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین دی گئی تھی، تاہم غزہ کے محاصرے کی وجہ سے بہت سے بچے اس ویکسین سے محروم رہ گئے تھے۔
٭…امریکی خصوصی ایلچی جنرل (ریٹائرڈ) کیتھ کیلوگ نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں حکومت کو پیغام دیا ہے کہ اگر یوکرین نے اپنے نایاب معدنیات تک امریکہ کو رسائی نہ دی تو اسٹار لنک کی انٹرنیٹ سروس بند کردی جائے گی۔ یوکرین کا اب تک دنیا سے اپنا انٹرنیٹ رابطہ بحال رکھنے میں امریکی کمپنی اسٹار لنک کا کلیدی کردار ہے جو صدر کے مشیر اور ٹیک جائنٹ ایلون مسک کی ملکیت ہے۔ یہ انٹرنیٹ سہولتیں یوکرین کی جنگی صلاحیتوں بالخصوص جنگ میں ڈرونز کارروائیوں کے لیے بہت اہم ہے اور اس کی بندش یوکرین کے لیے ایک بڑا جھٹکا ضرور ہوسکتی ہے۔ اس سے قبل یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے حوالے سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ کی 500 بلین ڈالر کی معدنی وسائل کے حوالے سے ڈیل کو مسترد کردیا تھا۔
٭… ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ جس میں انہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی اور جنگی جرائم کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری جارحیت پر عالمی برادری سے سنجیدہ اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ہالینڈ کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے اپنے ملک کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے اصولوں کی روشنی میں عالمی قوانین پر عمل کرنے پر زور دیتے رہیں گے۔ ہالینڈ ایران سمیت دوسرے ممالک کی داخلی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔
٭… جرمنی کے تقریباً 5کروڑ 90لاکھ ووٹر اپنے نئے چانسلر اور نئے حکومتی اتحاد کے لیے ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ جرمنی میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس الیکشن میں 30.6 ملین خواتین جبکہ 28.6 ملین مرد ووٹر ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔جرمنی کے انتخابات عام طور پر توقع کے مطابق ہوتے ہیں لیکن اس بار انتخابات قدرے دلچسپ ہونے کا امکان ہے کیونکہ گذشتہ سال نومبر میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (SPD) کے چانسلر اولاف شولز نے غیر رسمی طور پر اپنے وزیر خزانہ کو برطرف کر دیا تھا۔ اس کے بعد اولاف شولز اعتماد کا ووٹ ہار گئےتھے۔ جرمنی کے انتخابات کو جرمنی کے اندرونی معاملات کے ساتھ روس اور یوکرین جنگ اور توانائی بحران میں خصوصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
٭…سعودی عرب، عمان اور متحدہ عرب امارات سمیت 6 مختلف ملکوں سے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 48 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا۔امیگریشن ذرائع کے مطابق بے دخل ہونے والے پاکستانیوں میں پانچ کو مختلف ڈسٹرکٹ کی پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب سے بلیک لسٹ، بغیر پاسپورٹ، سزا پوری کرنے، زائد المیعاد کام، کفیل کے بغیر کام اور کام سے مفرور ہونے پر اکتیس افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے جبکہ عمان سے بلیک لسٹ، ویزا ختم ہونے اور غیر قانونی طور پر عمان میں داخل ہونے پر بارہ پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔ اس کے علاوہ عراق، یونان، آذربائیجان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور فلپائن کے وزٹ ویزوں کے تیرہ مسافروں جبکہ بحرین اور سعودیہ کے ورک ویزوں کے سات مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔