مجلس خدام الاحمدیہ یونان کے نویں (۹) سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ یونان کا نواں(۹)سالانہ اجتماع بعنوان ’’ہر اک نیکی کی جڑ یہ اتقا ہے‘‘ مورخہ ۲۹؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز اتوار ایتھنز مشن ہاؤس میں منعقد ہوا۔

دن کا آغاز انفرادی نماز تہجد، نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ناشتہ کا وقت صبح ساڑھے نو بجے سے لے کر ساڑھے دس بجے تک کا تھا۔
پہلا اجلاس:صبح ساڑھے دس بجے اجتماع کا پہلا اجلاس مکرم اسرار احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے شروع ہوا۔ مکرم صدر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب برموقع سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ ۲۰۰۶ء سے چند اقتباسات پیش کیے اور دعا کرائی۔
گیارہ بج کر پانچ منٹ پر علمی و ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور اذان جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی اور Push up کے مقابلے شامل تھے۔
ساڑھے بارہ بجے دوپہر دوسرا اجلاس: اجتماع کا پروگرام اس ترتیب سے رکھا گیا تھا کہ حاضرین امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس یدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ قادیان سے اختتامی خطاب براہ راست سن اور دیکھ سکیں۔اس کا انتظام پروجیکٹر کے ذریعہ بڑی سکرین پر کیا گیا تھا جو سب حاضرین نے بہت ذوق و شوق سے دیکھا ، سنا اور پیارے آقا کے ساتھ اختتامی اجتماعی دعا میں بھی شامل ہوئے۔
دو بج کر پندرہ منٹ پر نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔
تیسرا و آخری اجلاس: تین بج کر بیس منٹ پر تیسرے اجلاس کا آغاز مہمان خصوصی مکرم عطاءالنصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدر جماعت احمدیہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ اجتماع کی رپورٹ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے پیش کی اور ناظمین، قائدین اور اجتماع میں کسی بھی حوالے سے خدمت کرنے والوں اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مربی صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے اور اجتماع کے مرکزی موضوع پر اختتامی تقریر کی۔ اپنی تقریر کے انگریزی خلاصہ کے بعد آپ نے اختتامی دعا کرائی۔
اجتماع میں شامل ہونے کے لیے مسجد میں آٹھ خدام اور آٹھ انصار تشریف لائے جبکہ آن لائن شامل ہونے والے خدام کی تعداد چار تھی۔ اس طرح اس اجتماع کی کُل حاضری ۲۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)