بنگلہ دیش میں مسجد بیت الکریم اور مسجد بیت المجید کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو گذشتہ سال کے آخرمیں مسجد بیت الکریم اور مسجد بیت المجید کے افتتاح کی توفیق ملی ہے۔

مورخہ ۲۲؍نومبر۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ دھانی کھولا میں مسجد بیت الکریم کی تعمیر نو کے بعد افتتاح ہوا۔ مکرم عبدالاوّل خان چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش نے نماز جمعہ کے ساتھ ہی اس مسجد کا افتتاح کیا۔ جمعہ کی نماز کے بعد مسجد کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں قرب وجوار کی جماعتوں اور جماعت کے معززین شامل ہوئے اور بعض نے تقاریر کیں۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں مسجد کی تعمیر اور اسے آباد کرنے کے متعلق حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی طرف احباب جماعت کو توجہ دلائی۔ مکرم تفضل حسین صاحب صدر دھانی کھولا جماعت، مکرم انجینئر حفیظ الرحمٰن صاحب میمن سنگ جماعت، مکرم ربیع الاسلام صاحب مبلغ سلسلہ میمن سنگ ریجن، مکرم ہزاری احمد المنعم صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرمہ شفالی بیگم صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ دھانی کھولا (پردہ کی رعایت سے) وغیرہم نے اپنی تقاریر میں اس مسجد پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کیا۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

دھانی کھولا جماعت سن ۱۹۶۴ء /۱۹۶۵ء میں قائم ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مسجد کی عمارت تعمیر نو کے بعد اب پختہ ہوگئی ہے۔ نو تعمیر شدہ مسجد کا رقبہ ایک ہزار ۲۴؍مربع فٹ ہے۔
٭…٭…٭
مورخہ ۲۹؍نومبر۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ میرگانگ کے ’دکھن حلقہ‘ میں مسجد بیت المجید کا افتتاح ہوا۔

مکرم امیر صاحب نے نماز عصر کی امامت کے ساتھ اس مسجد کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں احباب جماعت اور مقامی انتظامیہ کے افراد نے بھی شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد ان معززین نے تقاریر کیں:مکرمہ قریشہ مجید صاحبہ(اہلیہ عبدالمجید صاحب شہید)، مکرم جی ایم سوجن احمد صاحب صدر میر گانگ جماعت، مکرم عبدالرزاق صاحب امیر جماعت کھُلنا، مکرم جی ایم شبیر احمد صاحب امیر جماعت سندر بان، مکرم قدرت الرحمٰن بھوئیاں صاحب نیشنل سیکرٹری جائداد، مکرم میر محبوب مصطفیٰ صاحب نائب نیشنل امیر بنگلہ دیش اور مکرم انار الاسلام لوکل یونین کونسل کے ممبر۔ دعا کے ساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس تقریب میں ۳۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

جماعت احمدیہ سندربان بنگلہ دیش کے بالکل جنوب مغرب میں واقع ہے۔ اس کے حلقہ میر گانگ میں ۲۰۱۴ء میں الگ جماعت بنی۔
۸؍اکتوبر ۱۹۹۹ء بروز جمعۃالمبارک بنگلہ دیش کی جماعت کھُلنا میں بم دھماکہ سے سات احمدی شہید ہوئے تھے۔ ان میں ایک مکرم عبدالمجید صاحب بھی تھے۔ انہی کی یاد میں اس مسجد کا نام بیت المجید رکھا گیا ہے۔
اللہ تعالیٰ ان ہر دو مساجد کو اسلام احمدیت کی اشاعت کا ذریعہ بنائے اور احباب جماعت کو انہیں آباد کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین
٭…٭…٭