مجلس صحت جرمنی کی سالانہ تقریب ۲۰۲۴ء کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس صحت جرمنی کے سال ۲۰۲۴ء کی سالانہ تقریب مورخہ ۱۱؍جنوری ۲۰۲۵ء کو بعد نماز عشاء بیت السبوح، فرینکفرٹ میں منعقد ہوئی جس کے لیے ڈائننگ ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اجلاس کی صدارت مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اورنظم کے بعد مجلس صحت کے صدر ملک ابرار الحق صاحب نے مہمانوں کے لیے خوش مقدمی کلمات کہے اور دوران سال بھر پور تعاون پر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ ہر کھیل کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نے اپنے اپنے شعبہ کی رپورٹ پیش کی۔ ان سربراہان کے نام یہ ہیں:بیڈمنٹن:مظفر احمد صاحب۔ باسکٹ بال:میر شہزاد احمدصاحب۔ ہائی کنگ:عمر عزیزصاحب۔ کرکٹ:نوید احمدصاحب۔ فٹ بال:عزیز گھمن صاحب۔ غذا سے صحت:عمران بشارت صاحب۔ بائسکل ٹوور: انصر بلال صاحب۔ ٹینس: آصف خان صاحب۔ ٹیبل ٹینس:ملک حمود الرحمان صاحب۔ والی بال:رشید احمد چیمہ صاحب۔

سب صدران نے دوران سال مکمل کیے جانے والے اقدامات ، سپورٹس کیمپ اور ٹورنامنٹ کی تفاصیل بیان کیں جس سے حاضرین کو علم ہوا کہ مجلس صحت کے پروگراموں میں احباب کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور مجلس کا قدم ترقی کی جانب جاری ہے۔ خصوصاً ہائیکنگ کے چھ پروگرام ہوئے جن میں مجموعی طور پر ۲۴۰؍افراد شامل ہوئے۔ اس میں چار ہزار ۵۵۵؍میڑ پہاڑ کی چڑھائی بھی شامل تھی۔ تمام کھیلوں کے نگران کی طرف سے رپورٹس پیش کیے جانے کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر سی تقریر میں مجلس صحت کی کارکردگی کو سراہا، بہترین کارکردگی دکھانے اور بھر پور تعاون کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور آخر پر دعا کرائی۔ اس کے بعد تمام حاضرین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔
تقریب میں ۱۶۰؍مہمانوں نے شرکت کی جن میں بڑی تعداد کھلاڑیوں اور مجلس صحت کے کارکنان کی تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک