خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کو غیر مقبول ترین شخص قرار دے دیا۔ فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کی مقبولیت چار فیصد سے بھی کم ہے۔ یوکرین میں الیکشن روس کا مطالبہ نہیں، انتخابات نہ ہونے پر بعض ممالک کو تشویش ہے۔دوسری جانب زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ سے متعلق روس کے کسی بھی الٹی میٹم کو نہیں مانے گا۔ کیف اپنی شمولیت کے بغیر جنگ بندی سے متعلق کسی بھی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دے گا۔
٭… برطانوی وزیراعظم اورجرمن چانسلر یوکرین کے صدر کی حمایت میں ڈٹ گئے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدر جمہوری طریقے سے شفاف انتخابات کے بعد منتخب ہوئے تھے، ان کو یوکرین میں جاری جنگ کی وجہ سے انتخابات کو التوا میں ڈالنا پڑا، ایسا برطانیہ میں جنگ عظیم دوم کے وقت بھی ہوا تھا۔اسی طرح جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ جنگ کے درمیان میں باقاعدہ نئے الیکشن نہیں کرائے جاسکتے تھے، جو کچھ ہوا وہ یوکرین کے دستور کے مطابق تھا۔یاد رہے کہ موجودہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی صدارتی مدت مئی ۲۰۲۴ء میں ختم ہوگئی تھی۔
٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حکومتی افسران کو برطرف کرنے کے اختیارات کا پہلا بڑا قانونی امتحان سامنے آ گیا اور ٹرمپ انتظامیہ وفاقی جج کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئی۔ٹرمپ انتظامیہ نے ہیمپٹن ڈیلنگر کو ۷؍فروری کو بذریعہ ای میل بغیر کسی وجہ کے فوری طور پر برطرف کر دیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ وفاقی جج کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے جو انہوں نے ہیمپٹن ڈیلنگر کو دوبارہ ان کے عہدے پر بحال کرنے کے حق میں دیا ہے۔خیال رہے کہ ہیمپٹن ڈیلنگر وفاقی ایجنسی آفس آف اسپیشل کونسل (او ایس سی) کے سربراہ ہیں، وہ ایک آزاد ادارے کی قیادت کرتے ہیں جو حکومتی بدعنوانیوں، اخلاقیات کی خلاف ورزیوں اور سرکاری ملازمین کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے، یہ عہدہ محکمۂ انصاف کے خصوصی مشیر سے الگ ہے۔
٭… فرانس کے صدر میکرون اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ گفتگو میں دونوں عالمی راہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔بات چیت میں تازہ عالمی صورتِ حال اور امن و استحکام کی کوششیں بھی زیرِ بحث آئیں۔فرانسیسی صدر اور سعودی ولی عہد نے بات چیت کے دوران مشترکہ تعاون کے شعبوں کے فروغ کا جائزہ بھی لیا۔
٭… لبنان نے ایران کی پروازوں پر پابندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر دی، اس کے مقابل ایران نے بھی لبنان کی پروازوں کے ایران آنے پر پابندی لگا دی۔ ایران سے لبنان آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی میں توسیع کر دی ہے۔پابندی کی مدت نہیں بتائی گئی، لبنان نے اسرائیلی الزام کے بعد ایرانی پروازوں پر گذشتہ ہفتے پابندی عائد کی تھی۔اسرائیل نے الزام لگایا تھا کہ ایران مسافر طیاروں کے ذریعے حزب کے لیے رقوم اسمگل کر رہا ہے۔
٭… ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی مسترد کردی۔اپنے بیان میں انہوں نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے امریکی اور اسرائیلی منصوبے کو بے وقوفانہ قرار دیا ہے۔تہران میں فلسطینی اسلامی جہاد کے سربراہ سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین سے متعلق احمقانہ منصوبے پورے نہیں ہوسکتے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی تھی کہ مصر اور اردن کو فلسطینیوں کو اپنے ملک میں آباد کرنا چاہیے۔
٭… کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی صحت سے متعلق ویٹیکن نے بتایا کہ ان میں ڈبل نمونیا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق ان کی حالت بدستور پیچیدہ ہے۔ پوپ فرانسس ہوش میں ہیں ۔ ۸۸؍سالہ پوپ فرانسس سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر جمعہ ۱۴؍فروری سے روم کے جیمیلی اسپتال میں داخل ہیں۔
مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن