کونگو کنشاسا کے شہر موشی میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ کا انعقاد اور معلم ہاؤس کا افتتاح
کونگو کنشاسا کے مغرب میں صوبہ Kwilu کا صدر مقام باندوندو (Bandundu) ہے۔ دارالحکومت کنشاسا سے باندوندو بذریعہ ہوائی جہاز جانا پڑتا ہے۔ زمینی راستہ بھی ہے لیکن وہ کچھ عرصہ سے نسلی فسادات کی وجہ سے سخت غیر محفوظ ہے۔ موشی شہر باندوندو سے ۶۵؍کلومیٹر دُوردریا کے بہاؤ کے رخ پر واقع ہے۔ یہاں جماعت احمدیہ کی ایک خوبصورت مسجد ہے۔ امسال جماعت نے یہاں معلم ہاؤس تعمیر کیاہے۔ مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر جماعت احمدیہ کونگوکنشاسا کی قیادت میں جماعتی وفد جو کہ دس افراد پر مشتمل تھا بذریعہ کشتی مورخہ ۲۴؍دسمبر۲۰۲۴ء بوقت صبح باندوندو شہر سے موشی کے ليے روانہ ہوا۔ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد یہ وفد منزل مقصود پر پہنچا۔

جلسہ سیرۃالنبیﷺ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ سے ہوا۔ مکرم جمعہ بومبا صاحب صدر جماعت موشی نے جماعت احمدیہ کا تعارف حاضرین کی خدمت میں پیش کیا۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بائبل میں موجود پیشگوئیاں‘‘ از مکرم معلم احمد ایوینی صاحب، ’’محمدی سلسلہ تمام دنیا کے ليے ہادی کامل ہے‘‘ از مکرم محمد بولیمے صاحب اور ’’سیرۃالنبی صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ از مکرم امیر صاحب۔
حاضرین میں سے بعض کے اظہار خیال کے بعد مکرم شریف چتنگے صاحب نے معلم ہاؤس کی تعمیر کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد امیر صاحب نے علامتی طور پر فیتہ کاٹ کر معلم ہاؤس کا افتتاح کیا اور دعا کرائی۔ تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس پروگرام میں کُل حاضری ۲۷۸؍رہی۔
مقامی ریڈیو اور ٹی وی چینلز کے علاوہ سرکاری ٹی وی چینلز نے ان پروگرامز کی خبریں نشر کیں۔ نیز ملک کے تین بڑے اخبارات ,Le Potentiel, Le Courrier de Kinshasa اور Africa News RDCنے اور متعدد ویب سائٹس نے اس پروگرام کی خبریں شائع کیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام احمدیت کا پیغام مزید لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: کینیا کے کسومو ریجن کی جماعت ہولو(Holo) میں مسجد بیت الرؤوف کا افتتاح