افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ نائیجر کے سترھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

٭… نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں اور دروس کا اہتمام ٭… دینی و روحانی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر
٭…شاملین کے فائدہ کے لیے سوال و جواب کی محفلوں کا انعقاد ٭… ایک ہزار ۶۶۳؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو مورخہ ۲۷تا ۲۹؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو اپنے سترھویں جلسہ سالانہ کا کامیابی سے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ امسال جلسہ سالانہ پر نائیجر جماعت کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ جلسہ سالانہ قادیان پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے انگلستان سے ارشاد فرمودہ اختتامی خطاب میں براہ راست آن لائن شرکت کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم ممن بیلو صاحب کی منظوری بطور افسر جلسہ سالانہ، صدر خدام الاحمدیہ مکرم عبد الرحمٰن صاحب کی بطور افسر خدمت خلق اور مکرم اعزاز احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی بطور افسر جلسہ گاہ منظوری عطا فرمائی۔

تمام شعبہ جات کی تیاریوں کے مکمل ہونے پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے جلسہ گاہ میں تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں ہدایات دیں۔

مورخہ ۲۶؍دسمبر بروز جمعرات سے ہی قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا اورنائیجر کی مغربی حدود پر واقع تلہ بیری ریجن اور نیامے ریجن سے سب سے لمبی مسافت طے کر کے قافلے محمدآباد پہنچے۔ چنانچہ نمازِ مغرب تک دُور سے آنے والے تمام قافلے جلسہ گاہ تک پہنچ گئے۔ دیگر جماعتوں سے قافلے جمعہ کی صبح سویرے محمدآباد پہنچ گئے اور قافلوں کی آمد پر حسبِ روایت نعروں سے سب کا استقبال کیا گیا۔

پہلا دن

مورخہ ۲۷؍دسمبر بروز جمعۃالمبارک نمازِ تہجد سے دن کا آغاز ہوا۔ نائیجر جماعت کے پہلے حافظ عزیزم حافظ عبدالرشید نے نمازِ تہجد کی امامت کی۔ بعد ازاں نمازِ فجر ادا کی گئی جس کے بعد مکرم عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر نے حقوق العباد کے موضوع پر درس دیا۔

مکرم امیر صاحب نائیجر نے نمازِ جمعہ پڑھائی اور خطبہ جمعہ میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ایک خطبہ کا خلاصہ جلسہ کی اہمیت و برکات کے حوالے سے پڑھ کر سنایا۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین جلسہ نے حضورِا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ بذریعہ ایم ٹی اے براہِ راست ملاحظہ کیا۔ جس کے بعد ظہرانہ تناول کیا گیا۔

نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے افسر صاحب جلسہ سالانہ کے ہمراہ لوائے احمدیت اور قومی پرچم فضا میں لہرایا اور دعا کرائی۔ بعد ازاں جلسہ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب ہوا۔

نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب کے بعد تمام مہمانوں نے لنگر خانہ کا رخ کیا۔ نماز عشاء کے بعد سوال و جواب کی محفل کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں اکثر مہمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اختلافی و فقہی مسائل کے حوالے سے سوالات کیے جاتے رہے۔

دوسرا دن

مورخہ ۲۸؍ دسمبر بروز ہفتہ دن کا آغاز بھی نمازِ تہجد کی باجماعت ادائیگی سے کیا گیا۔ نمازِ فجر کے بعد مکرم لاولی شعیبو صاحب معلم سلسلہ نےباہم جماعت میں رشتہ و شادیوں کے حوالہ سے درس دیا۔ بعدازاں جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کی کارروائی کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے سے کردیا گیا۔ اِس اجلاس کی صدارت مکرم جیبو چیماگو صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے کی۔ دورانِ اجلاس علاقہ کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور جلسہ کے سٹیج سے ہونے والی تقاریر کو بغور سنا۔

نمازِ ظہر سے قبل اجلاس کا اختتام ہوا اور پھرطعام اور کچھ آرام کے بعد نمازِ عصر کی ادائیگی کے معاً بعد جلسہ کے تیسرے اجلاس کا آغاز کیا گیا جس کی صدارت مکرم صالح موسیٰ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم اور حضرت مسیحِ موعودؑ کے پاکیزہ منظوم کلام نے ایک روحانی سماں باندھ دیا۔ اس کے بعد تقاریر کا سلسلہ جاری رہا۔ ان میں سے اکثر احباب جلسہ کی تمام کارروائی سنتے رہے ہیں اور ہر وقت جلسہ گاہ بھرا ہوا ہوتا تھا۔ نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ رات کو نماز و طعام سے فراغت کے بعد شاملین جلسہ ایک دفعہ پھر محفلِ سوال و جواب میں شامل ہوئے۔ سوال و جواب کی یہ محفل نومبائعین کے لیے سب سے زیادہ مفید ثابت ہوئی اور اپنے ہر طرح کے شکوک و شبہات کی دوری کے لیے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر سوالات کیے اور معلمین سلسلہ و مربیان نے اُن کے جواب دیے۔

تیسرا دن

مورخہ ۲۹؍دسمبر بروز اتوار حسبِ روایت جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری روز کا آغاز بھی باجماعت نمازِ تہجد سے ہو ا، نمازِ فجر کے بعد مکرم لامین عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ نے تربیتِ اولاد کے موضوع پر درس دیا۔ ناشتہ و تیاری سے فارغ ہونے کے بعد صبح نو بجے جلسہ کے اختتامی اجلاس کا آغاز کردیا گیا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوتِ قرآنِ کریم اور منظوم کلام کے بعد دیگر تقاریر کے علاوہ علاقہ کی اتھارٹیز اور دیگر صاحبِ حیثیت احباب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جلسہ سالانہ نائیجر کا اختتامی اجلاس غیر معمولی برکات کا حامل تھا۔ اس اختتامی اجلاس میں جماعت احمدیہ نائیجر کو پہلی بار یہ سعادت حاصل ہوئی کہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قادیان کے جلسہ سالانہ سے ہونے والے اختتامی خطاب کی ٹرانسمیشن میں دیگر افریقی ممالک کے ساتھ ساتھ نائیجر بھی ٹرانسمیشن کا حصہ بنا اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب اور دعا کے ساتھ ہی نائیجر کے جلسہ سالانہ کا بھی اختتام ہوا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت نائیجر کے خدام کو ترانہ پڑھنے کی اجازت بھی عنایت فرمائی جس میں مکرم عبد الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر، مکرم حسن جیبو صاحب معلم سلسلہ، مکرم حسینی جیبو صاحب معلم سلسلہ اور مکرم احمدو بخاری صاحب معلم سلسلہ نے مل کر ترانۂ خلافت اردو زبان میں پڑھا اور اس کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ انتہائی روحانی اور جذباتی ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس کے بعد تمام قافلوں نے واپسی کے لیے تیاری کا آغاز کر دیا۔ بوقتِ رخصت بہت سے احباب نے جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ قافلوں کی واپسی کے وقت کا منظر بھی عجیب تھا جیسا کہ حضرت مسیح موعودؑ نے جلسہ کے مقاصد میں سے ایک مقصد یہ بھی بیان فرمایا تھا کہ دورانِ سال نئے شامل ہونے والے احمدیوں سے تعارف حاصل ہو اور ایک دوسرے سے ایک تعلق پیدا ہو۔ چنانچہ قافلوں کی واپسی پر ایک اداسی بھی تھی کہ روحانی ماحول کو چھوڑ کر ایک بار پھر دنیا کے کاموں کی طرف مشغول ہو جانا تھا اور پھر جن بھائیوں سے محبت کا تعلق بن گیا تھا اُن سے جدائی کا وقت بھی آن پہنچا تھا۔ لیکن دعا اور اس امید سے کہ ان شاء اللہ آنے والے سال پھر اِس ماحول کا حصہ بنیں گے اور اپنے دینی بھائیوں سے ملیں گے، تمام قافلے اپنی اپنی منزلِ مقصود کو روانہ ہوئے۔

میڈیا کوریج: جلسہ کی کوریج ORTN جو کہ نیشنل حکومتی ٹی وی چینل ہے نے کی۔ اتوارکے دن دو منٹ کی رپورٹ پرائم ٹائم میں پیش کی گئی۔ علاوہ ازیںAnfani اور Sarounia نے بھی جلسہ سالانہ کو بھرپور انداز میں کورکیا۔ اس کے علاوہ ان تینوں چینلز کے ریڈیوز نے اور Guidan Roumdji شہر کے ریڈیو نے جلسہ کی تفصیلی میڈیا کوریج کی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے میڈیا کوریج کے نتیجہ میں جلسہ کے بعد کئی غیر از جماعت لوگوں نے جماعت سے رابطے کیے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ میں ۱۶۶۳؍ احباب نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

موضوعات تقاریر و اسماءمقررین

۱۔ افتتاحی تقریر (تعلق باللہ) از مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج

۲۔ ضرورت امام از حافظ عامر لطیف صاحب مبلغ سلسلہ

۳۔انفاق فی سبیل اللہ از یوسف ایرو صاحب معلم سلسلہ

۴۔صحابہ آنحضورﷺ اور صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کے صبرو استقامت کے واقعات از محمد جمال صاحب مبلغ سلسلہ

۵۔حب الوطن من الایمان از ممن بیلو صاحب افسر جلسہ سالانہ

۶۔سچائی کی اہمیت از خالد محمود صاحب مبلغ سلسلہ

۷۔خلافت حبل اللہ از ممن سلیمان صاحب معلم سلسلہ

۸۔ حضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسولﷺ از سعید عدیل صاحب مبلغ سلسلہ

۹۔آنحضورﷺ کا عشقِ الٰہی از اعزاز احمدصاحب مبلغ سلسلہ

۱۰۔میں احمدی کیوں ہوں؟ از محمد بالا صاحب معلم سلسلہ

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سینیگال کے بارھویں(۱۲)جلسہ سالانہ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button