حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے سعودی عرب میں ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے تاریخ یا مقام کی وضاحت نہیں کی لیکن کہا کہ یہ مستقبل قریب میں ہوگا اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی اس میں شریک ہوں گے۔ ٹرمپ کا یہ بیان پوتن اور یوکرینی صدر زیلینسکی سے علیحدہ فون کالز کے بعد سامنے آیا۔ روسی ترجمان نے کہا کہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں میں وقت لگے گا لیکن ریاض ایک مناسب مقام ہو سکتا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اس مجوزہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ روس/یوکرین بحران کے حل کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔

٭…نئی دہلی ریلوے سٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے ۱۸؍افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے، جن میں ۹؍خواتین، ۵؍بچے اور ۴؍مرد شامل ہیں۔ حادثہ ہفتہ کی رات پلیٹ فارم ۱۳؍اور ۱۴؍پر مہاکمبھ کے لیے ٹرینوں میں تاخیر کے باعث پیش آیا۔ رش بڑھنے پر مسافر ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پر جانے لگے تو بھگدڑ مچ گئی۔ ریلوے حکام نے انکوائری کا حکم دے دیا، جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کیا۔ گذشتہ ماہ مہا کمبھ میلے میں بھی بھگدڑ سے کئی یاتری ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔

٭…مالی میں غیر قانونی سونے کی کان بیٹھنے سے کم از کم ۴۸؍افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بعض متاثرین پانی میں جا گرے، جن میں ایک خاتون اور اس کا بچہ بھی شامل تھے۔ مالی سونے کی پیداوار میں اہم ملک ہے، لیکن غیرمنظم کان کنی خطرناک حادثات کا باعث بنتی ہے۔ مقامی حکام اور کان کنوں کی ایسوسی ایشن نے واقعے کی تصدیق کی، جبکہ مزید متاثرین کی تلاش جاری ہے۔ حکومت غیر قانونی کان کنی پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے، اور حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

٭…یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کو روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کا تحفظ کرنا چاہیے۔ انہوں نے قیدیوں کی انسانی بنیادوں پر رہائی کا مطالبہ کیا اور ٹرمپ کے پوتن سے ٹیلیفونک رابطے کو نیک شگون قرار نہیں دیا۔زیلینسکی نے کہا کہ پوٹن امریکہ سے دو طرفہ مذاکرات چاہتے ہیں، لیکن یوکرین کو شامل کیے بغیر کوئی معاہدہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے ترکی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جلد دورے کا اعلان کیا، مگر تاریخ نہیں بتائی۔

٭… پاناما کے صدر ہوزے رول مولینو نے اعلان کیا کہ امریکہ سے بے دخل کیے گئے ۱۱۹؍غیرقانونی تارکین وطن کی پہلی پرواز پاناما پہنچ گئی ہے، جہاں سے انہیں ان کے اصل ممالک بھیجا جائے گا۔ امریکہ غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے پاناما کو ایک ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ان افراد کا تعلق چین، ازبکستان، پاکستان، افغانستان سمیت دیگر ممالک سے ہے۔ طے شدہ تین پروازوں میں تقریباً ۳۶۰؍افراد پاناما آئیں گے، جنہیں اپنے ممالک بھیجنے سے پہلے ڈیرئین گیپ کے کیمپوں میں رکھا جائے گا۔

٭…حماس نے تین اسرائیلی یرغمالیوں کے نام جاری کیے ہیں، جنہیں ہفتے کے روز فلسطینی قیدیوں کے بدلے میں رہا کیا جائے گا۔ اس سے قبل رہا ہونے والے ایک یرغمال، کیتھ سیگل نے اسیری کے دوران بدسلوکی، تشدد اور بھوکا رکھنے کا الزام لگایا۔ یرغمالیوں کی کمزور حالت پر اسرائیل اور بین الاقوامی سطح پر غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ ریڈ کراس نے یرغمالیوں کی حالت پر تشویش ظاہر کی ہے۔ سیگل نے کہا کہ انہیں ۴۸۴؍دنوں تک ناقابل تصور حالات میں رکھا گیا، اور روزانہ زندگی کا خوف محسوس ہوتا تھا۔

٭…معروف سائنسدان آئزک نیوٹن کا ۱۷۰۴ء میں لکھا گیا ایک خط ۳۲۱؍سال بعد منظر عام پر آیا ہے، جس میں انہوں نے ریاضیاتی حسابات کی بنیاد پر پیشگوئی کی کہ دنیا ۲۰۶۰ء میں ختم ہو جائے گی۔ نیوٹن، جو عیسائی پروٹیسٹنٹ عقیدے کے پیروکار تھے، نے انجیل میں بیان کردہ تاریخوں کا حساب لگا کر یہ نتیجہ اخذ کیا۔ دنیا کے خاتمے سے متعلق پہلے بھی کئی پیشگوئیاں سامنے آتی رہی ہیں، جن میں بابا وانگا کی پیشگوئیاں بھی شامل ہیں۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button