لیسوتھو میں دوسرے قرآن سیمینار اور دو خدام کی تقریب آمین کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے جماعت احمدیہ لیسوتھو کو ۳؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز جمعة المبارک دوسرا قرآن سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سیمینار کی صدارت خاکسار (مبلغ سلسلہ لیسوتھو) نے کی۔
پروگرام کا آغاز شام چاربجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں خاکسار نے تلاوت قرآن کریم کی اہمیت و برکات اور اس کی تلاوت کے فضائل پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات کی روشنی میں تقریر کی۔ تقریر کا سیسوتھو زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا۔

اس سیمینار کے بعد دو خدام کی آمین کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ دونوں خدام نے تقریباً ایک سال کے عرصہ میں پہلی دفعہ قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کیا۔ الحمد للہ۔ قرآن پڑھنے کے لیے ایک خادم روزانہ تقریباً پچیس کلو میٹر کا سفر طے کر کے مشن ہاوٴس تشریف لاتے اور قرآن کریم کے ساتھ ساتھ چالیس احادیث،سورۃ البقرہ کی ابتدائی سترہ آیات اور آخری بیس سورتیں اور روز مرہ کی دعائیں بھی یاد کیں۔ اس طرح ان دونوں خدام نے بڑی محنت اور لگن سے یہ سب سیکھا۔ ان میں سے ایک خادم نے ایک سال پہلے ہی اپنی نانی اماں کے ساتھ بیعت کی تھی۔ تقریب آمین میں ان کی والدہ صاحبہ نے بھی شرکت کی، وہ ابھی جماعت میں شامل نہیں لیکن وہ اپنے بیٹے کے قرآن پڑھنے پر بہت خوش تھیں اور انہوں نے جماعت احمدیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اللہ تعا لیٰ سے دعا ہے کہ وہ قرآن کریم کی برکات سے ان کے گھر والوں کو بھی اسلام احمدیت قبول کرنے کی توفیق بخشے۔آمین
اس تقریب میں کُل ۴۰؍افراد شامل ہوئے جن میں ۵؍غیر از جماعت افراد بھی شامل تھے۔ پروگرام کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ لیسو تھو کے کاموں میں برکت عطا فرمائے اور احسن رنگ میں جماعت احمدیہ کی تعلیمات لوگوں تک پہنچا نے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ:محمد احسان نور۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لیسوتھو میں جلسہ سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد