جماعت احمدیہ سینیگال کے بارھویں(۱۲)جلسہ سالانہ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد
٭… ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘کے مرکزی موضوع پر منعقدہ تاریخی جلسہ سالانہ
٭…جلسہ سالانہ قادیان سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اختتامی خطاب اور دعا میں شرکت
٭… ملک کے ۱۴؍ریجنز کی نمائندگی کرتے ہوئے چار ہزار ۲۳۹؍احباب جماعت کی شمولیت
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جماعت احمدیہ سینیگال کا جلسہ سالانہ بعنوان ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ مورخہ ۲۷ تا ۲۹؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو دارالحکومت ڈاکار(Dakar) میں جماعت کے نیشنل ہیڈکوارٹر میں اپنی تمام تر برکتوں کے ساتھ منعقد ہوا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت شاملین جلسہ سالانہ سینیگال کے ليے دوسری مرتبہ ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ سالانہ قادیان میں آن لائن شرکت کی اجازت عطا فرمائی۔ نیز امسال دوسری مرتبہ سینیگال کے دو ریجنز کے گورنرز نے جلسہ سالانہ سینیگال میں شرکت کی اور سامعین جلسہ سے مخلصانہ جذبات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مہمانوں کی آمد:امسال مورخہ ۲۶؍دسمبر بروز جمعرات ہی ملک کے دُور دراز کے ریجنز سے شاملین جلسہ قافلہ در قافلہ آنا شروع ہوگئے تھے اور ان میں ایسے احباب بھی شامل تھے جو ۷۰۰؍کلومیٹر سے زائد فاصلے کا سفر طے کر کے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔ قافلوں کی آمد کا یہ سلسلہ جمعرات کی شام سے شروع ہو کر اگلے دن صبح دس بجے تک جاری رہا۔
پہلا دن
تقریب پرچم کشائی: مورخہ ۲۷؍دسمبر بروز جمعۃالمبارک دوپہر ساڑھے بارہ بجے تمام احباب تقریب پرچم کشائی کے لیے جلسہ گاہ میں جمع ہو چکے تھے۔ مکرم ظفر اقبال ساہی صاحب امیر جماعت احمدیہ سینیگال نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم مالک گئیی صاحب نائب امیر جماعت سینیگال نے قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب سینیگال نے دعا کرائی۔ ایک بجے تک تمام شاملین جلسہ نے جلسہ گاہ آکر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ اس کے بعد مقامی خطبہ جمعہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے نماز جمعہ کی امامت کرائی۔

جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس شام پانچ بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ اس اجلاس میں مہمانان کرام کو دعوت کلام دی گئی جنہوں نے باری باری اظہار خیال کیا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے اجلاس کے آخر میں شاملین جلسہ کو خلافت سے مخلصانہ تعلق جوڑنے اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ذاتی رابطہ قائم کرنے اور باقاعدہ خطوط لکھنے کی تاکید کی اور دعا کرائی۔
حسب معمول بعد از نماز مغرب و عشاء مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت مقامی زبانوں میں مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی۔
دوسرا دن
مورخہ ۲۸؍دسمبر بروز ہفتہ جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کاآغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ بعد ازاں تمام شاملین جلسہ کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔
دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز صبح ۱۰ بجے زیر صدارت مکرم سونکارو بوجاں صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ سینیگال تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم ابو باہ نے خلافت کی ضرورت کے موضوع پر کی، دوسری تقریر صدر مجلس خدام الاحمدیہ سینیگال مکرم محمدو سیک صاحب نے مسیح موعود کی آمد اور خلافت کی نشأۃ ثانیہ کے موضوع پر کی، جبکہ اجلاس کی تیسری تقریر حافظ ذیشان احمد صاحب نے خلافت کے سایہ تلے جماعت احمدیہ کی حفاظت کے موضوع پر کی۔ اجلاس کے آخر میں معزز مہمانوں کو اظہار خیال کا موقع بھی دیا گیا۔ ان میں ریجن چئیس اور ریجن سیجو کے گورنرز بھی شامل تھے جنہوں نے جماعت احمدیہ سے متعلق اپنے مخلصانہ جذبات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب آج صبح مستورات کی جلسہ گاہ میں مستورات کا علیحدہ اجلاس زیر صدارت صدر لجنہ اماء اللہ سینیگال محترمہ حوا فوفانہ صاحبہ منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد خلافت سے متعلقہ موضوعات پر متعدد تقاریر ہوئیں۔ اس اجلاس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب سینیگال نے تقریر کی جس میں آپ نے خلافت سے تعلق کی نسبت ممبرات لجنہ اماءاللہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
بعد از نماز ظہر و عصر جلسہ سالانہ کا تیسرا اجلاس زیر صدارت مکرم احمد گئیی صاحب تلاوت قرآن کریم و نظم سے شروع ہوا جس میں حسب پروگرام متعدد موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ اس اجلاس میں مکرم یاسر قمر صاحب کی تقریر بعنوان ’’دجال کیا ہے اور اس سے مقابلہ کا طریقہ‘‘ کے بعد چند مہمانان کرام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دعا کے ساتھ یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
بعد از نماز مغرب وعشاء مقامی زبانوں(وولف، پولار، سیرر، جولا) میں اجلاسات بھی منعقد ہوئے۔
تیسرا دن
مورخہ ۲۹؍دسمبر بروز اتوار جلسہ سالانہ کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ بعد ازاں احباب جماعت جلسہ گاہ میں ہی تشریف فرما رہے۔ دوران سال قاعدہ یسرناالقرآن اور قرآن کریم مکمل کرنے والوں اور تعلیمی میدان میں اعلیٰ اعزاز حاصل کرنے والے طلبہ میں مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ اس کے بعد ۹؍بجے تمام شاملین جلسہ کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔
جلسہ سالانہ قادیان سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب سننے کے لیے تمام احباب جماعت دس بجے کے قریب جلسہ گاہ تشریف لائے۔ تمام احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب فرنچ ترجمہ کے ساتھ سنا اور ساتھ ساتھ نعروں کے بھی پُرجوش جواب دیے۔
جماعت احمدیہ سینیگال کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایسا ہوا کہ جلسہ سالانہ قادیان کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے جلسوں کی طرح جلسہ سالانہ سینیگال کے بھی مناظر ایم ٹی اے پر دکھائے جاتے رہے۔
خطاب کے اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت کچھ دیر توقف فرما کر دیگر شریک ممالک کی طرح سینیگال کے خدام کا ترانہ بھی سماعت فرمایا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اختتامی دعا کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ سینیگال ۲۰۲۴ء بھی اپنی تمام برکات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
حاضری:امسال سینیگال کے ۱۴؍ریجنز کے ۳۰۰؍سے زائد دیہات کے چار ہزار ۲۳۹؍مرد و خواتین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ممالک مالی، موریطانیہ اور گیمبیا سے بھی وفود نے شرکت کی۔ نیز یوکے سے دو مخلص احمدی احباب نے بھی اس جلسہ میں شمولیت کی۔ اسی طرح ۲۵۰؍سے زائدغیر از جماعت افراد شامل ہوئے جن میں اکثر چیف آف ولیج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہو رہے تھے۔
میڈیا کوریج:جلسہ سالانہ سینیگال میں متعدد ریڈیو سٹیشنزکے نمائندگان کے علاوہ دیگر صحافی حضرات بھی شامل ہوئے اور جماعت احمدیہ کے پیغام کو نشر کرنے کا موجب ہوئے۔ ایک ریجنل ٹیلی وژن کےنمائندہ تینوں روز جلسہ پر حاضر ہوئے اور تمام تر اجلاسات و انتظامات کو اپنے چینل پر ایک رپورٹ بنانے کے لیے محفوظ کیا۔
ایک نیشنل ٹی وی نے اپنے نیوز بلیٹن میں جلسہ کی رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی جلسہ کی خبر دی۔ جلسہ سے دس روز قبل سے ہی تمام ریجنز میں ریڈیو سٹیشنز پر جلسہ سالانہ کی آگاہی کے لیے اعلانات کیے جاتے رہے۔ نیز بعد از جلسہ بھی جلسہ کے پروگرامز ریجنز کے ریڈیو سٹیشنز پر نشر ہوتے رہے۔
اعلیٰ عہدیداران کی شرکت:متعدد ریجنز سے میئرز، کمشنرز اور ان کے نمائندگان بھی خصوصی طور پرجلسہ میں شامل ہوئے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں جلسہ گاہ میں آکر احباب کے سامنے اپنے نیک خیالات کے اظہار میں سینیگال میں جماعتی خدمات کا تذکرہ کیا۔
جلسہ گاہ مستورات:مستورات اپنے جلسہ گاہ کو خود سجاتی ہیں۔ امسال جلسہ سالانہ پر مستورات کی تعداد ایک ہزار ۳۵۰؍سے کچھ زیادہ تھی۔ اس کے پیش نظر مستورات کے لیے رہائش گاہوں کی تعداد بھی بڑھائی گئی۔
نمائش:حسب معمول جلسہ سالانہ پر کتب و تصاویر کی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں تراجم قرآن کریم و دیگر جماعتی لٹریچر مختلف زبانوں میں آویزاں کیا جا تا ہے۔ نیز خلفائےکرام کی تصاویر اور جماعت کی تاریخ میں سے چنیدہ تصاویر بھی نمائش کا اہم حصہ رہی ہیں۔ امسال بھی شاملین جلسہ نے جلسہ کے تینوں ایام میں بھر پور طریق پر نمائش سے فائدہ اٹھایا۔
خصوصی سجاوٹ: چونکہ جماعت احمدیہ سینیگال کا مشن ہاؤس عین نیشنل ہائی وے پر واقع ہے اس ليےجلسہ سالانہ کے موقع پر نیشنل مشن ہاؤس کو اندر باہر سے خوبصورتی سے سجایا گیا جس کی وجہ سے یہ منظر ہر آنے جانے والے کی نظر کو کھینچتا تھا اور لوگ پوچھتے رہے کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔ اس طرح یہ سجاوٹ بھی لوگوں کی توجہ کو کھینچنے کا باعث بنی۔
پرچموں کی بہار:جلسہ سالانہ سینیگال پر لوائے احمدیت کے علاوہ ۱۰۰؍سے زائد ممالک کے پرچم لہرائے گئے جو کہ جلسہ کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔ ریجن چئیس کے گورنر جب جلسہ سالانہ پر آئے تو ترتیب میں لگے متعدد ممالک کے پرچم دیکھ کر کہنے لگے کہ نہ صرف یہ خوبصورتی کا موجب بن رہے ہیں بلکہ عالمی طور پر جماعت احمدیہ کی پیدا کردہ اخوت و محبت کی عکاسی بھی کر رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائے، خلافت سے مضبوط اور مستحکم تعلق جوڑنے والا بنائے، اس جلسہ کے مقاصد کو سارا سال اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے رکھیں اور جلسہ سے حاصل ہونے والی برکات کو دوسروں تک پہنچانے والے ہوں۔ آمین
(رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ سینیگال کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد