ربوہ کا موسم(۷تا۱۳؍فروری۲۰۲۵ء)
۷؍فروری جمعۃ المبارک کو صبح کے وقت حسب سابق خنکی تھی اور ہلکی ہوا رواں دواں تھی ۔آسمان صاف ہونے کی وجہ سے خوب دھوپ نکلی ہوئی تھی ، ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے دھوپ میں بیٹھنا سہل ہوگیا۔ہفتہ کو صبح کے وقت ہلکے بادلوں کی تہ آسمان پر موجود تھی، دوپہر تک بادلوں کی مقدار کم ہوگئی۔ سورج کبھی بادلوں میں چھُپتا کبھی نکلتا رہا۔ اتوار کو بھی آسمان پر جزوی طور پر بادل موجود تھے۔ تیز ہوا بھی چل رہی تھی۔ سوموار کو صبح کے وقت مشرق کی طرف گہرے بادل دیکھے گئے، جو گیارہ بجے تک بکھر گئے۔ آسمان صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ چمکتی رہی ، تپش میں اضافہ ہوگیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۵؍اور کم سے کم گیارہ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ یاد رہے کہ موسم تاحال خشک ہی چل رہا ہے۔ پاکستان میں موسم سرما میں خشک سالی سے غذائی پیدا وار میں چالیس فیصد کمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ اگر آئندہ دنوں میں بارشیں نہ ہوئیں تو آنے والے وقت کے لیے مزید خطرات کا بھی اندیشہ ہے۔سوموار اور منگل کی درمیانی شب آندھی کی طرح تیز ہوا چلنا شروع ہوگئی اور رات کے کسی پہر بوندا باندی بھی ہوئی جو فجر سے پہلے بند ہوگئی۔ منگل کے دن آسمان صاف تھا اور موسم میں قدرے خنکی موجود تھی۔ بدھ کو صبح کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی ، آسمان صاف تھا تاہم دوپہر کے وقت آسمان پر ہلکے بادل چھا گئے، جنہوں نے اپنے پیچھے سورج کو چھُپا لیااور دھوپ میں کمی واقع ہوگئی۔ جمعرات کو بھی موسم قدرے ایسا ہی تھا ۔ دن بھر دھوپ نکلی رہی ۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۴؍اور کم سے کم ۸؍درجہ سینٹی گریڈتھا۔(ابو سدید)
مزید پڑھیں: دار التبلیغ ایران کا قیام ۱۹۲۴ء اورایران میں خدمات بجالانے والےبعض مبلغینِ کرام کا مختصر تعارف