نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۵؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد عارف چودھری صاحب (آف جہلم حال پٹنی۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم محمد عارف چودھری صاحب (آف جہلم حال پٹنی۔یوکے)
9؍جنوری 2025ء کو 80سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے 1982ء میں خلافت رابعہ کے دور میں بیعت کی توفیق پائی۔ بیعت کے بعد آپ کو خاندان کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا مگرآپ مستقل مزاجی سے اپنے عہد بیعت پر قائم رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، دُعا گو، غریب پرور،خوش اخلاق، نیک اور مخلص انسان تھے۔خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا شامل ہے۔ آپ کی اہلیہ حضرت مولوی محمد ابراہیم جہلمی صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرم ڈاکٹر محمد ابراہیم صاحب (دار الصدر غربی ربوہ حال بیلجیم)
2؍مارچ2023ء کو 90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا بچپن قادیان میں صحابہ کی پاکیزہ صحبت میں گزرا۔ تقسیم ہند کے بعد فیصل آباد منتقل ہو گئے۔ 1974ء کے ہنگاموں میں ان کے خاندان کی چار دکانیں جلا دی گئی تھیں جن میں ان کا کلینک بھی شامل تھا۔ آپ بہت بہادر اور نڈر انسان تھے۔ ہنگاموں کے بعد آپ نے دوبارہ فیصل آباد میں اسی جگہ پر اپنا کلینک کھولا اور حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کے ارشاد پر بچوں کی تربیت کی خاطر فیملی کو ربوہ شفٹ کردیا۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، تلاوت قرآن کریم میں باقاعدہ، دعاگو، زیرک، صائب الرائے، ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ غریب اور نادار مریضوں کا مفت علاج بھی کرتے رہے۔ جماعتی چندہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والےتھے۔ جلسہ سالانہ بیلجیم کے موقع پر نظامت طبی امداد میں ڈیوٹی دیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے، تین بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ آپ حکیم محمد رفیع ناصر صاحب (ناصردواخانہ) کےچھوٹے بھائی اور مکرم فرخ راحیل صاحب (مربی سلسلہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل لندن) کے نانا تھے۔
۲۔مکرم جناب پروفیسر شہید الاسلام موڑل صاحب ابن مکرم جناب نور علی موڑل صاحب (آف سندربن۔ ڈھاکہ بنگلہ دیش)
13؍اگست 2024ء کو ڈھاکہ میں 49سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ 17 سال سندربن جماعت میں اور 10 سال ڈھاکہ مقامی جماعت کے دفتر میں بطور دفتری خادم خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، بڑے امانت دار، سادہ مزاج، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ سب کے ساتھ ہمیشہ مسکراتے ہوئے بات کرتے تھے۔ آپ کو تبلیغ کا بھی شوق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔
۳۔مکرم جناب شاہ مستفیض الرحمان صاحب ابن مکرم جناب شاہ محمد عزیز الرحمان صاحب مرحوم ( بنگلہ دیش)
17؍دسمبر2024ء کو 90 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم جماعت کے دیرینہ خادم تھے۔ جماعت کے سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم نے چند کتابیں بھی تصنیف کیں جن میں بعض تبلیغ کے لیے مفید ثابت ہوئیں۔ مرحوم علم دوست انسان تھے اور ڈھاکہ سٹی کالج کے وائس پرنسپل کے طور پر بخوبی اپنا فریضہ ادا کرتے رہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔
۴۔مکرم جناب محمد نصیر احمد صاحب ابن مکرم جناب چان میاں صاحب مرحوم (ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش)
17؍دسمبر 2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ناکھالپارہ جماعت کے ممبر تھے اور خاموشی سے جماعت کی قابل قدر خدمت کرنے والے تھے۔ اپنے ذاتی اثر و رسوخ سے بھی جماعت کی بہت مدد اور استعانت کرتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، خلافت اور نظام جماعت کے اطاعت گزار، ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ ایک Freedom-Fighter تھے جس کی وجہ سے آپ کی وفات پر حکومت کی طرف سے آپ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔
۵۔مکرم خالد محمود مظفر صاحب ابن مکرم مظفر احمد صاحب مرحوم(عمر کوٹ۔ سندھ)
18؍دسمبر2024ء کو 56 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو قائد مجلس خدام الاحمدیہ کنری کے علاوہ مجلس کے دیگر شعبہ جات میں خدمت کی توفیق ملی۔ بوقت وفات بطور ناظم اصلاح و ارشاد مجلس انصار اللہ ضلع عمر کوٹ و منتظم تعلیم مجلس دار الفضل کنری خدمت بجالا رہے تھے۔ تبلیغ کا بھی جنون کی حدتک شوق تھا۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار،خلافت کے فدائی، سلسلہ کا درد رکھنے والے، بڑے صاف گو، خوش اخلاق،نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم مولانا عبدالسلام طاہر صاحب (مربی سلسلہ ) کے بھتیجے تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭