نائیجر کے برنی کونی کے علاقہ میں تبلیغی نشستوں کا انعقاد
مکرم ادریس احمد چیمہ صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ ۱۳؍جنوری ۲۰۲۵ء بعد نماز مغرب برنی کونی،نائیجر کے مشن میں ایک تبلیغی نشست منعقد کی گئی جس کی صدارت مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ نائیجر نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے قصیدہ ’’يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانِ‘‘سے ہوا۔ مکرم سلیمان مہمن صاحب معلم سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور صداقت حضرت مسیح موعودؑ کے چند دلائل بیان کیے جس کے بعد موصوف نے مہمانان کے سوالات کے جواب دیے۔ آخر پر مکرم جیبو چیماگو صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے مہمانان اورمرکزی جماعتی وفد کا شکریہ ادا کیا اور دعا کرائی جس کے ساتھ یہ نشست برخاست ہوئی۔ پروگرام کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد رہا۔

پروگرام میں کُل ۱۰۳؍افراد شامل ہوئے۔ اس پروگرام کے نتیجہ میں کچھ عرصہ سے زیرِ تبلیغ چھ خاندانوں کے افراد نےبیعت کر کے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
اسی طرح دوسری تبلیغی نشست ۱۴؍جنوری ۲۰۲۵ء کو صبح گیارہ بجے برنی کونی سے مشرق کی جانب واقع ملبزا شہر میں منعقد کی گئی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے جماعت احمدیہ کا تعارف اور دلائل صداقت حضرت مسیح موعودؓ پیش کیے نیز بیعت کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اِس کے بعد مکرم امیر صاحب نائیجر نے زیر رابطہ افراد سے جماعتی عقائد کے بارے میں سوالات کے رنگ میں دہرائی کروائی۔ بعدہٗ مہمانان کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ پروگرام کا دورانیہ دو گھنٹے سے زائد رہا۔ اس تبلیغی نشست میں ۵۲؍افراد شامل ہوئے جن میں سے چند نے بیعت کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔
اللہ تعالیٰ جملہ افراد کا سینہ احمدیت کے لیے کشادہ کرے اور انہیں ایمان وایقان میں بڑھائے۔ آمین
(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گوئٹے مالا کے بتیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد