یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں سو مساجد سکیم کی پہلی مسجدکی تعمیر کے ۲۵؍سال مکمل ہونے پر ایک پُروقار تقریب

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی نے ملک بھر میں سو مساجد بنانے کا عہد کیا ہوا ہے۔ اس سکیم کے تحت سب سے پہلی مسجد Wittlich میں مسجد حمد بنانے کی توفیق سنہ ۲۰۰۰ء میں اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی۔ امسال ۹؍جنوری کواس مسجد کوتعمیر ہوئے ۲۵؍سال مکمل ہوئے۔ اس خوشی کے موقع پر وٹلش کی جماعت نے ۹؍جنوری کو جرمن مہمانوں کو مسجد میں مدعو کیا جن میں مختلف مکاتب فکر، سیاستدان،شہر کے میئرز، جرمن قومی اسمبلی کے ممبران، پولیس کے افسران اورسکول کے ہیڈ ماسٹر شامل تھے۔ تقریب میں مکرم عبداللہ واگس ہاوٴزر صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ جرمنی نے بھی شرکت کی۔

مہمانوں کے استقبال کے بعد پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد جرمن زبان میں جماعت احمدیہ جرمنی کی سالانہ کارکردگی پر ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ اس کے بعد جماعت احمدیہ وٹلش کی ۲۵؍سالہ کارگزاری کی ایک جھلک مہمانوں کے سامنے پیش کی گئی۔ پھر معزز مہمانوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔

سب سے پہلے شہر کے میئر جناب Joachim Rodenkirchنے حاضرین کو جماعت کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بتاتے ہوئے جماعت کے کاموں کو سراہا اور آئندہ بھی جماعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ جرمن قومی اسمبلی کی ممبرمحترمہ Lena Wernerنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی خدمتِ انسانیت کی کوششوں کو سراہا اور جماعت کے افراد کو معاشرے کا ایک مفید وجود قرار دیا۔ پھر قومی اسمبلی کے ایک اَور ممبر جناب Patrick Schniederنے سٹیج پر آکر جرمنی نیز دیگر ممالک میں جماعتی سرگرمیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کے ماٹو کی تعریف کی۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے اللہ تعالیٰ کی ہستی پر روشنی ڈالتے ہوئے دنیا میں موجودہ جنگوں کی وجہ انصاف کے فقدان کو قرار دیا۔ آخر میں مکرم طاہر احمد ظفر صاحب صدر جماعت احمدیہ وٹلش نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مسجد نے ہمیں محبت الٰہی کے طریقے سکھائےہیں اور اس مسجدکے قیام کے ذریعہ بہت سے لوگ ہمارے دوست بنے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی جس دوران جماعت کے تعارف پر مبنی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ اس تقریب میں کُل ۵۱؍مہمانان نے شرکت کی۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ جرمنی کو مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ:جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ وٹلش، جرمنی)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ مالٹا کی خدمت خلق سے متعلق مساعی

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button